سرینگر /24جون /بلال بزاز وادی میں تیزی سے بدلتے ہوئے سیکورٹی کے منظر نامے پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جموں کشمیر میں سیکورٹی ایجنسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ’’میں پوری طرح مطمئن ہو کر دہلی واپس جا رہا ہوں کیونکہ میں نے محسوس کیا کہ فضا میں امن ہے‘‘۔ اسی دوران انہوں نے ملی ٹنٹ حامیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ’’کسی بے گناہ کو ہاتھ نہیں لگانا چاہیے جبکہ ملی ٹنتوں اور ملزمان کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہیے‘‘۔تفصیلات کے مطابق دو روزہ دورے جموں کشمیر کے دوران وزیر داخلہ امیت شاہ نے سرینگر کے راج بھون میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ سطحی سیکورٹی میٹنگ میں مرکزی داخلہ سیکرٹری اجے کمار بھلا، لیفٹنٹ گورنر منوج منوج سنہا، چیف سیکرٹری اے کے مہتا، کشمیر اور جموں کے صوبائی کمشنران ، ہوم سیکرٹری جموں و کشمیر آر کے گوئل، ڈی جی این آئی اے، جموں کشمیر پولیس سربراہ ، جی او سی 15 کور، اسپیشل ڈی جی سی آئی ڈی، سی آر پی ایف، بی ایس ایف اور ایس ایس بی کے اعلیٰ حکام موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق امیت شاہ کو موجودہ سیکورٹی صورتحال اور یکم جولائی سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کے لئے بنائے جانے والے سیکورٹی پلان کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ دیگر سیکورٹی ایجنسیوں، فوج، سی آر پی ایف، بی ایس ایف اور ایس ایس بی پہلے ہی حتمی شکل دے چکے ہیں۔ یاترا کیلئے سیکورٹی پلان پر وزیر داخلہ نے یاتریوں کے فول پروف کور کو یقینی بنانے کیلئے پلان میں آخری لمحات میں کچھ تبدیلیاں کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سیکورٹی کے محاذ پر، امیت شاہ نے کشمیر میں پرامن ماحول کو یقینی بنانے اور دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد سے ملی ٹنوں کی ایک بڑی تعداد کو ختم کرنے کے لئے سیکورٹی ایجنسیوں کی تعریف کی۔”انہوں نے سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی کی بھی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ باقی ماندہ تعداد میں سرگرم ملی ٹنتوں کو کو بھی جلد ہی مار دیا جائے گا ۔ذرائع نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ نے مقامی عسکریت پسندوں کی صفر بھرتی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ کسی بے گناہ کو ہاتھ نہیں لگانا چاہیے جبکہ ملی ٹنوں اور ملزمان کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہیے۔ذرائع نے بتایا کہ شاہ نے منشیات کی دہشت گردی کے خلاف جنگ شروع کرنے پر زور دیا اور سیکورٹی کے اعلیٰ افسروں پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں منشیات کی دراندازی کو روکنے کیلئے جال کو وسیع کریں۔ ذرائع نے بتایا کہ شاہ نے سیکورٹی کے اعلیٰ افسران کو ملی ٹنوں کے حامیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیر داخلہ نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کے شہری ایکشن پروگراموں اور ایسے پروگراموں میں نوجوانوں کی بڑے پیمانے پر شرکت کی بھی ستائش کی۔ذرائع کے مطابق امیت شاہ نے اپنی تقریر میں کشمیر میں موجودہ پرامن صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ’انہوں نے کہا ’میں پوری طرح مطمئن ہو کر دہلی واپس جا رہا ہوں۔ میں ہوا میں پھیلی ہوئی امن کو محسوس کر سکتا ہوں۔ ‘‘












