نئی دہلی ،سماج نیوز سروس:ام آدمی پارٹی یکم مارچ کو جنتَر منتر پر ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد کرے گی۔ اس موقع پر عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال بی جے پی حکومت کے دور میں نوکری سے نکالے گئے ہزاروں ملازمین کے حقوق کی آواز بلند کریں گے۔ آپ کے دہلی پردیش صدر سوربھ بھاردواج نے بتایا کہ جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ دہلی کے لوگ بی جے پی حکومت کے عوام مخالف فیصلوں سے پریشان ہیں اور اروند کیجریوال کو یاد کر رہے ہیں۔ اروند کیجریوال پریشان حال عوام کی آواز ریکھا گپتا حکومت تک پہنچانے کا کام کریں گے۔ انہوں نے دہلی کی عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں یکم مارچ کو صبح 11 بجے جنتَر منتر پہنچ کر جلسہ عام کو کامیاب بنائیں۔سوربھ بھاردواج نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے دہلی کی عوام سے چلو جنتَر منتر کی اپیل کی اور کہا کہ نوکری سے نکالے گئے ہزاروں ملازمین کے حق میں اروند کیجریوال آواز اٹھائیں گے۔ اس لیے تمام بس مارشل، ڈی ٹی سی بس کنڈکٹر، محلہ کلینک کے ملازمین، ڈمٹس (DIMTS) کے کارکنان اور اسپتالوں میں ڈاٹا انٹری آپریٹرز اپنی اپنی وردی پہن کر لازماً جنتَر منتر پہنچیں۔سوربھ بھاردواج نے کہا کہ دہلی کی عوام نے بڑی امیدوں کے ساتھ بی جے پی کو اقتدار میں بٹھایا تھا، لیکن ایک سال کے اندر ہی دہلی کے لوگ بی جے پی حکومت سے تنگ آچکے ہیں۔ گزشتہ ایک سال میں ریکھا گپتا حکومت نے عوامی مفاد میں کوئی خاطر خواہ کام نہیں کیا، بلکہ صرف وعدہ خلافی اور دھوکہ دہی کی ہے۔ سب سے بڑی وعدہ خلافی 10 ہزار بس مارشلوں کے ساتھ کی گئی۔ بی جے پی نے حکومت بنتے ہی بس مارشلوں کو مستقل نوکری دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن آج تک وہ بے روزگار ہیں۔ اس کے علاوہ، حکومت نے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ہزاروں ملازمین کو نوکری سے نکال کر بے روزگار کر دیا ہے۔ عام آدمی پارٹی ان سب کی آواز بنے گی۔












