نئی دہلی، (یو این آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے جمعرات کے روز مرکزی حکومت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دور حکومت میں پرامن احتجاج سب سے بڑا جرم بن گیا ہے۔ مسٹر راہل گاندھی نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کو اس سمت میں دھکیلا جا رہا ہے جہاں اختلاف رائے کو غداری سمجھا جاتا ہے اور سوال پوچھنے کو سازش بتایا جاتا ہے۔ مسٹر راہل گاندھی نے سوشل میڈیا کے ذریعے کہا کہ اگر کوئی شہری آئینی طریقے سے حکومت کے خلاف آواز اٹھاتا ہے تو اسے لاٹھی چارج، مقدمہ اور قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مختلف مظاہروں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپر لیک سے پریشان نوجوانوں کے مظاہروں پر لاٹھی چارج کیا گیا۔ خواتین ریسلرز کی تحریک کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سنگین الزامات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرنے والی کھلاڑیوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کی گئی اور ان کی تحریک کو کچل دیا گیا۔ اسی طرح عصمت دری کی متاثرہ کی حمایت میں انڈیا گیٹ پر پرامن احتجاج کو بھی ہٹا دیا گیا۔ امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے کے خلاف یوتھ کانگریس کے احتجاج کا ذکر کرتے ہوئے، کانگریس لیڈر نے الزام لگایا کہ پرامن مظاہرین کو گرفتار کیا گیا اور انہیں دشمن” قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ زہریلی ہوا کے خلاف آواز اٹھانے والوں اور کسانوں کی تحریک کو بھی جبر کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ جب قبائلی برادریاں پانی، جنگلات اور زمین پر اپنے حقوق کا مطالبہ کرتی ہیں تو انہیں بھی شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے جہاں وزیراعظم سوالوں سے ڈرتے ہیں۔












