حیا جاوید
سرینگر،22؍ مئی،سماج نیوز سروس:پونچھ خطے میں زمین کھسک جانے کے واقعہ کے بعد کئی گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد تاریخی مغل شاہراہ پر ٹریفک کی آمد رفت بحال کر دی گئی ہے ۔ ادھر سرینگر جموں شاہراہ پر بھی قریب ایک دن تک ٹریفک بند رہنے کے بعد گاڑیوں کی آمد رفت دوبارہ بحال ہوئی ۔نمائندے نے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ شوپیان ضلع کو راجوری اور پونچھ کے جڑواں سرحدی اضلاع سے جوڑنے والی مغل شاہراہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کئی گھنٹوںتک بند رہنے کے بعد گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے دوبارہ کھول دی گئی۔ڈی ٹی آئی مغل روڈ شونے بتایا کہ منگل وار کی بعد دوپہر شاہراہ پر نزدیکی پہاڑی سے زمین کھسک جانے کے بعد شاہراہ کو ٹریفک کی آمد رفت کیلئے بند کر دیا گیا تھا جس کے بعد مشینری کا کام پر لگا کر شاہراہ کو بحال کرنے کا کام شروع کرد یا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ کافی محنت و مشقت کے بعد شاہراہ کو قابل آمد رفت بنا کر ٹریفک بحال کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ سلائیڈ سے ملبہ ہٹا دیا گیا اور متاثرہ جگہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال کر دی گئی۔ادھر جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت ایک دن کے لیے معطل رہنے کے بعد بدھ کی صبح دوبارہ شروع ہو گئی۔ایک ٹریفک پولیس اہلکار نے بتایا کہ ہائی وے پر ہلکی موٹر گاڑیوں اور نجی کاروں کو دونوں سمتوں میں سفر کرنے کی اجازت ہے۔