نئی دہلی ،پریس ریلیز،ہمارا سماج:برکاتیہ مسجد شیووہار وکاس نگر میں نماز تراویح میں قرآن شریف مسجد ہذا کے خطیب و امام مولانا محمد انصارالحق کے ذریعہ مکمل ہوااور حافظ امیر حمزہ نے سماعت کیا۔کمیٹی کی جانب سے دونوں حفاظ کوسیاسی و سماجی شخصیت مولاناسید قمرالدین کے ہاتھوں اعزاز و اکرام سے نوازا گیا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب کی نظامت قاری عبدالرشید گیاوی نے کی۔اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا سید قمرالدین نے کہا کہ ہم لوگ رمضان شریف کے روزے رکھ رہے اور تراویح بھی پڑھ رہے ہیں اور اسی تراویح میں آج قرآن کریم مکمل ہوا جو کہ ہم سب کہ مشترکہ خوش نصیبی ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کی چار مشہور کتابیں ہیں مگر یہ صرف قرآن کریم کو ہی اعزاز حاصل ہے کہ مسلمان کا بچہ بچہ اپنے سینے میں محفوظ کرلیتا ہے ۔انہو ںنے کہا کہ آج ہمارے سماج کا نوجوان بے راہ روہی کا شکار ہے ۔والدین کا ادب و احترام نہیں کرتا ، اعزا و اقربا اور یتم و مسکین کے ساتھ بھی بھلائی کا معاملہ نہیں رکھ رہا ہے حالانکہ قرآن و احادیث میں اس کی کافی تاکید آئی ہے ۔ہم نوجوانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے والدین کی عزت کریں اور ان کا خیال رکھیں اور یہی عمل دونوں جہان میں کامیابی کا ذریعہ بنے گا۔مولانا انصارالحق نے کہا کہ مساجد کی رونق نمازیوں سے ہے اس لئے آپ لوگ نماز کا اہتمام یوںہی کرتے رہیں کیوں کہ آج قرآن شریف مکمل ہوا ہے ۔تراویح مکمل نہیں ہوئی ہے ،کچھ لوگ سمجھ لیتے ہیں کہ قرآن شریف مکمل ہونے کے ساتھ ہی نماز تراویح بھی مکمل ہوگئی ہے۔تقریب صلوٰۃ وسلام اور دعا پر اختتا پذیر ہوئی ۔کامیابی سے ہمکنا کرنے میںرفیع الدین خان(صدر)،جمشید (سیکریٹری)وارث علی (خزانچی) نظیر احمد خان، لعل محمد خان، مظہر علی،عبدالغفار، علی حسین منشی جی،غیاث الدین اورشبیر حسن نے اہم کردار ادا کیا۔نوجوانوں کی جانب سے مہمانان و مصلیان کے لئے عشائیہ کا اہتمام ہوا۔