ہبلی، (یو این آئی) رنجی ٹرافی فائنل کے تیسرے روز جموں و کشمیر کے تیز گیند باز عاقب نبی نے اپنی شاندار بالنگ سے کرناٹک کے بیٹنگ لائن اپ کو ہلا کر رکھ دیا۔ تاہم، سلامی بلے باز مینک اگروال کی ناقابلِ شکست سنچری کی بدولت کرناٹک نے میچ میں واپسی کی جدوجہد جاری رکھی ہے۔ تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک کرناٹک نے اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنا لیے ہیں، لیکن وہ اب بھی جموں و کشمیر کے پہاڑ جیسے مجموعے سے 364 رنز پیچھے ہے۔جموں و کشمیر نے آج اپنی پہلی اننگز 527 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی۔ کرناٹک کے پیسر پرسدھ کرشنا نے عمدہ بالنگ کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے نچلے نمبروں کو جلد ٹھکانے لگا دیا۔ ساحل نے 72 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 584 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔












