دبئی، یکم دسمبر (:) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ آب و ہوا کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے خود غرضانہ سوچ کے اندھیروں سے باہر آئیں اور توانائی کی منتقلی کو منصفانہ، جامع اور مساوی بنانے کے لیے دوسرے ممالک کے ساتھ ہاتھ ملائیں۔مسٹر مودی نے یہاں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی صدارت میں منعقدہ ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ (سی او پی-28)میں ایک خصوصی خطاب میں اس اپیل کے ساتھ گرین کریڈٹ انیشیٹو کا اعلان کیا اور تمام ممالک سے اس میں شامل ہونے کی اپیل بھی کی۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیریس بھی موجود تھے ۔عالمی رہنماؤں کو دو ٹوک مشورہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے پاس پچھلی صدی کی غلطیوں کو درست کرنے کے لیے زیادہ وقت نہیں ہے ۔ بنی نوع انسان کے ایک چھوٹے سے طبقے نے فطرت کا اندھا دھند استحصال کیا۔ لیکن پوری انسانیت بالخصوص گلوبل ساؤتھ کے باشندے اس کی قیمت چکا رہے ہیں۔ یہ سوچ کہ صرف میری فلاح دنیا کو اندھیروں کی طرف لے جائے گی۔ اس ہال میں بیٹھا ہر شخص، ہر سربراہ مملکت ایک بڑی ذمہ داری کے ساتھ یہاں آیا ہے ۔ ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں نبھانی ہیں۔ آج پوری دنیا ہمیں دیکھ رہی ہے ، اس زمین کا مستقبل ہمیں دیکھ رہا ہے ۔ ہمیں کامیاب ہونا چاہیے ۔’’مسٹر مودی نے کہاکہ ‘‘ہمیں فیصلہ کن انداز اپنانا ہوگا۔ ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہر ملک آب و ہوا کے اہداف کو پورا کرے گا جو وہ اپنے لیے طے کر رہا ہے اور ہمیں اتحاد سے کام کرنا ہے ۔ ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم مل کر کام کریں گے ، تعاون کریں گے اور ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے ۔ ہمیں عالمی کاربن بجٹ میں تمام ترقی پذیر ممالک کو منصفانہ حصہ دینا چاہیے ۔ ہمیں زیادہ متوازن ہونا پڑے گا۔ ہمیں موافقت، تخفیف، موسمیاتی مالیات، ٹیکنالوجی، نقصان میں توازن رکھتے ہوئے آگے بڑھنے کا عزم کرنا چاہیے ۔ ہمیں یہ طے کرنا ہوگا کہ توانائی کی منتقلی منصفانہ، جامع اور مساوی ہو۔ ہمیں اختراعی ہونا پڑے گا۔ ہمیں جدید ٹیکنالوجی کو مسلسل ترقی دینے کا عہد کرنا ہوگا۔ اپنے مفاد سے اوپر اٹھیں اور ٹیکنالوجی کو دوسرے ممالک میں منتقل کریں۔ صاف توانائی کی فراہمی کے سلسلے کو مضبوط بنائیں۔مسٹر مودی نے مزید کہاکہ انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کا مطالعہ ہے کہ اس طرح ہم 2030تک کاربن کے اخراج کو سالانہ 2 بلین ٹن تک کم کر سکتے ہیں۔ آج میں اس فورم سے ایک اور ماحول دوست، مؤثر اور مثبت اقدام کا مطالبہ کر رہا ہوں۔ یہ گرین کریڈٹ انیشیٹو ہے ۔ یہ کاربن کریڈٹس کی تجارتی ذہنیت سے آگے بڑھنے اور عوامی شرکت کے ساتھ کاربن سنک بنانے کی مہم ہے ۔ مجھے امید ہے کہ آپ سب اس میں ضرور شامل ہوں گے ۔