محمد زاہد امینی
نوح،میوات،،سماج نیوز سروس: گذشتہ منگل کو تاریخی قصبہ گھاسیڑہ کے معروف مکتب قرآنیہ عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ زینت القرآن الکریم کا سالانہ اجلاس دستاربندی زیر صدارت مولانا شیر محمد امینی نہایت ہی تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوا۔ اجلاس میں بطور مہمان خصوصی تشریف لانے والے اتر پردیش کے مایہ ناز عالم دین حضرت مولانا محمد خالد قاسمی بانی و مہتمم جامعہ محمود المدارس مسوری ضلع غازی آباد و نائب صدر رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند مغربی اتر پردیش نے اس موقع پر اپنے کلیدی اور اہم خطاب میں دینی مدارس و مکاتب کی اہمیت وعظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ مدارس اسلامیہ ومکاتب قرآنیہ تلاوت آیات،تزکیہ اخلاق،تعلیم الفاظ قرآنی وتفہیم مطالب قرآن کریم وغیرہ مقاصد نبویہ کو پورا کرنے میں لگے ہوئے ہیں اور یہ کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک ان اہل مدارس کا مرتبہ بلند ترین ہے۔ان سے قبل علاقہ میوات کی ممتاز علمی شخصیت حضرت مولانا شیر محمد امینی بانی و مہتمم مدرسہ ابی بن کعب تحفیظ القرآن الکریم گھاسیڑہ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ بچوں کوتعلیم کے ساتھ دینی تربیت اشد ضروری ہے۔انہوں نے موجودہ معاشرتی خرابی اور نسل نو کی بے راہ روی پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے بچوں کو گھروں میں دینی ماحول مہیا کریں کیونکہ ماحول کے مثبت یا منفی اثرات لا محالہ مرتب ہوتے ہیں جو بچے کی زندگی پر نقش ہو جاتے ہیں۔علاوہ ازیں مہمانان ذی وقار کے طور پر تشریف لانے والے مولانا عبیداللہ صاحب قاسمی شیخ ثانی جامعہ محمود المدارس مسوری،مولا ذاکر قاسمی و مولانا راشد قاسمی نے بھی اپنے قیمتی نصیحتوں سے نوازا،نیز مولانا جسمال صاحب حسینی مولانا خورشید احمد امینی و مولانا محمد زاہد امینی وغیرہ نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔قبل ازیں طالب علم محمد سفیان کی تلاوت قرآن کریم و محمد ایان کے نعتیہ کلام سے جلسہ کا آغاز ہوا جس کے بعد مکتب ہذا کے درجنوں طلباء وطالبات نے اُردو وانگلش تقاریر،نعت ونظم ودلچسپ مکالمات پر مشتمل شاندار تہذیبی و ثقافتی پروگرام پیش کیا۔بعد ازاں حفظ قرآن کریم کی سعادت حاصل کرنے والے طلباء عزیز محمد زید بن حافظ محمد یونس،محمد حذیفہ بن حافظ ساجد،محمد سفیان بن محمد حنیف،محمد عادل بن حاجی اسمعیل ومحمد سفیان بن حافظ محمد حامد کو موجود علمائے کرام کے ذریعہ دستار فضیلت ونقد انعامات سے نوازا گیا۔جلسہ کی نظامت کے فرائض مفتی محمد لقمان قاسمی بانی و مہتمم مدرسہ دار ارقم تحفیظ القرآن الکریم ہرمتھلہ نے بحسن وخوبی انجام دیئے۔آخر میں مکتب ہذا کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد نور الدین قاسمی نے تمام مہمانوں کا صمیم قلب سے شکریہ ادا کیا۔مولانا محمد خالد قاسمی کی دعاء پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔اہم شرکاء میں مولانا محمد اقبال دہلی، مولانا محمد عثمان دبئی،مولانا طاہر عالوی،مولانا محمد عثمان صاحب امینی،مولانا داؤد قاسمی،مولانا لقمان غفرانی،مولانا فتح محمد امینی،مولانا محمد حمزہ کفلیتی،مولانا تعریف قاسمی،مولانا محمد عارف صاحب ندوی،قاری محمد طیب،قاری محمد آصف،مولانا مستقیم، حافظ محمد ساجد،بھائی سلیم اسد،ماسٹر سلمان ٹرینر، ماسٹر اسلم،سماجی کارکن خالد میواتی،ماسٹر رئیس احمد،بھائی شاہد،ننو نمبردار،بھائی ذاکر،بھائی شرافت،بھائی شمیم، بھائی ہدایت،بھائی یونس،بھائی نیاز محمد،قاری جمشید، قاری محمد اظہر،بھائی آس محمد،بھائی عبداللہ و بھائی عبد العزیز وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔