واشنگٹن(ہ س)۔انسانی ہمدردی کے پروگرام کے تحت قانونی طور پر امریکہ میں مقیم متعدد یوکرینی باشندوں کو اس ہفتے ایک ای میل موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ ان کی قانونی حیثیت منسوخ کر دی گئی ہے اور یہ کہ ان کے پاس ملک چھوڑنے کے لیے سات دن ہیں، بصورتِ دیگر "وفاقی حکومت آپ کو تلاش کر لے گی۔محکمہ داخلی سلامتی کے ترجمان نے جمعہ کے روز کہا کہ ای میل غلطی سے بھیجی گئی اور 2022 میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد بنایا گیا یوکرینی پیرول پروگرام ختم نہیں کیا گیا۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کتنے یوکرینی باشندوں کو ای میل موصول ہوئی۔رائٹرز نے گذشتہ ماہ اطلاع دی تھی کہ ٹرمپ انتظامیہ روس کے حملے سے فرار ہونے والے تقریباً 240,000 یوکرینیوں کی عارضی قانونی حیثیت کو منسوخ کرنے کا منصوبہ بنا رہی تھی۔ صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کے تحت یوکرینی باشندوں کا جو استقبال کیا گیا تھا، اس طرح کا اقدام اس کے برعکس ہو گا۔جمعرات کی ای میل میں لکھا گیا، "اگر آپ نے فوری طور پر امریکہ نہ چھوڑا تو آپ کو ممکنہ قانونی اقدامات کا سامنا کرنا ہو گا جس کے نتیجے میں آپ کو امریکہ سے نکال دیا جائے گا۔ محکمہ داخلی سلامتی آپ کا پیرول ختم کر رہا ہے۔ امریکہ میں رہنے کی کوشش نہ کریں۔”محکمہ داخلی سلامتی نے جمعہ کو ایک فالو اپ نوٹ میں انہیں مطلع کیا کہ یہ حکم غلطی سے بھیجا گیا تھا اور "آپ کے پیرول کی اصل جاری کردہ شرائط میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔”یوکرین کی ایک ایسی ہی خاتون نے امریکی حکومت کے خوف سے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ ای میل موصول ہونے پر "درست طور پر سانس نہیں لے سکتی تھیں اور شدت سے رو رہی تھیں۔”خاتون نے بتایا کہ انہوں نے گذشتہ اگست میں اپنے امیگریشن سٹیٹس کی تجدید کی تھی اور انہیں بتایا گیا کہ یہ مزید دو سال کے لیے کارآمد ہے۔ اور انہوں نے اپنے ذہن پر زور دینے کی کوشش کی کہ انہوں نے کیا غلط کیا تھا جو انہیں امریکہ سے نکالا جائے۔ انہیں کوئی وجہ سمجھ نہ آئی۔ انہوں نے کہا، "میرے پاس تو پارکنگ ٹکٹ جتنے پیسے نہیں ہیں۔”آئیووا کے ایک غیر منافع بخش ادارے آئی اے نائس کی صدر اور درجنوں یوکرینیوں کی کفالت کرنے والی انجیلا بوئیلینز نے کہا، وہ کم از کم دو خواتین کو جانتی ہیں جنہیں یہ خط موصول ہوا جن میں سے ایک خاتون حاملہ ہے۔بوئیلینز نے کہا،یہ ایک بہت ہی خوفناک ای میل ہے۔ میرے تمام خاندان مکمل طور پر گھبراہٹ کا شکار ہیں۔ میں لوگوں سے کہہ رہی تھی کہ انہیں منسوخی کے نوٹس کے بعد وقت ملے گا۔ لیکن یہ خط بہت مختلف ہے۔