میرٹھ،سماج نیوز سروس: ملک کی آزادی ایک عوامی تحریک تھی جس کواستحکام عطا کرنے میں ادباء و شعراء نے اہم کارنامہ انجام دیا ۔ یہ الفاظ تھے سابق صدر شعبۂ عربی وفارسی الہٰ آباد یونیوروسٹی کی پروفیسر صالحہ رشید کے جو آیو سا اور شعبۂ اردو کے زیر اہتمام منعقد ’’ملک کی آزادی اور اردو‘‘ موضوع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے اپنی تقریر کے دوران ادا کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اقبال نے اپنی نظموں کے ذریعے ہمیں غور کرنے پر مجبور کیا ملک ہندوستان کی خاک عشق سے مل کر بنی ہے۔ میر تقی میرؔؔ دہلی کی تباہی سے رنجیدہ ہوتے ہیں، 1857ء کے ظلم و ستم کو غالب اپنی دستنبو میں پیش کرتے ہیں۔ مئی کے مہینے میں جب میرٹھ سے آزادی کی آواز گنجتی ہے تو الہٰ آباد پہنچتی ہے اور الہٰ آباد میں یہ تحریک بھیلتی ہے۔ رتن ناتھ سرشار، پریم چند، منٹو اور جوالہ پرساد کی تخلیقات میں آسانی سے ملک کی آزادی کو تلاش کر سکتے ہیں۔ بہت سی تحریکوں نے آزادی کی لڑائی لڑی اور بہت سے نعروںنے ملک کی آزادی کو استحکام عطا کیا۔ 1940ء سے فلمی گیت نے بھی ملک کی آزادی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس سے قبل پرو گرام کا آغازڈاکٹر ارشاد سیانوی نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔پروگرام کی سرپرستی معروف محقق و ناقد ڈاکٹر تقی عابدی (کناڈا)اور معروف ناقد و افسانہ نگارصدر شعبۂ اردو پروفیسر اسلم جمشید پوری نے فرمائی ۔صدارت کے فرائض معروف ادیب و ناقدپروفیسر صغیر افراہیم نے انجام دیے۔ مہمان خصوصی کے بطور معروف فکشن نگار پروفیسر صالحہ رشید نے شر کت فرمائی اور مہمانان ذی وقار کے بطور پروفیسر زاہد الحق ، حیدرآباد، پروفیسر مشتاق عالم قادری ،دہلی اور ڈاکٹر کہکشاں لطیف ، حیدر آبادنے شرکت کی۔ مقرر کے بطور لکھنؤ سے ایوسا کی صدر پروفیسر ریشما پروین موجود رہیں۔ استقبالیہ کلمات محترم فرمان حسین آبادی اور نظامت کے فرائض سیدہ مریم الٰہی نے انجام دیے۔ معروف ناقد و افسانہ نگار پروفیسر اسلم جمشید پوری نے کہا کہ جنگ آزادی میں اردو نے اہم کردار ادا کیا ہے۔اردو کے رسائل ہوں یہ اردو کے نعرے ہوں ۔ انہوں نے اردو کی خدمات کے ساتھ ساتھ ملک کی آزادی میں اہم رول ادا کیا ہے۔ ہندو مسلمان، سکھ عیسائیوں کے ساتھ ساتھ ادباء اور شعرا نے ملک کی آزادی میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر مشتاق صدف نے کہا کہ شعور کی بیداری میں ہماری فکشن نگاروں ،تنقید نگاروں ،صحافیوں اور ادباء نے حب الوطنی کو فروغ دیا۔ بہت سے دانش وروں نے تحریکوں کے ذریعے ملک کی آزادی میں فروغ دیا۔ کوئی بھی تحریک اس وقت تک کامیاب نہیں ہوتی جب تک اس میں سب کا کردار شامل نہ ہوں۔












