اتر پردیش

احادیثِ رسول ؐ کے بغیر قرآنِ کریم کی صحیح تفہیم ناممکن

مولانا محمد سلمان بجنوری،تلاوتِ قرآن کی دل نشیں صداؤں سے رات دو بجے تک معمور رہیں فضائیں، ہزاروں عاشقانِ قرآن کا روح پرور اجتماع

کانپور، پریس ریلیز،ہماراسماج: سابق قاضیِ شہر کانپور حضرت مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمیؒ کی شروع کردہ تاریخی ’’مظاہرۂ حسنِ قرأت و عظمتِ قرآن کانفرنس‘‘ ان کے جانشین مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی صدر انجمن ترتیل القرآن کانپور و جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء اترپردیش کی صدارت میں پوری شان و شوکت کے ساتھ لیاقت دادا چوراہا طلاق محل کانپور میں منعقد ہوئی۔ آل انڈیا انجمن ترتیل القرآن اور تنظیم اہلِ سنت والجماعت کانپور کے زیرِ اہتمام سجنے والی اس روح پرور محفل میں ملک کے معروف قراء عظام قاری آفتاب عالم قاسمی استاذ شعبۂ تجوید و قرأت دارالعلوم دیوبند، قاری شفیق الرحمن قاسمی استاذ شعبۂ تجوید و قرأت دارالعلوم دیوبند، قاری ریاض احمد مظاہری استاذ شعبۂ تجوید و قرأت دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ، قاری طیب جمال ناظم مدرسہ معہد القرأت ابی بن کعب سہارنپور، قاری جابر احمد استاذ شعبۂ تجوید و قرأت جامعہ اشاعت العلوم اکل کوا گجرات، قاری ہدایت اللہ فرقانی جے پور اور قاری ارشد امین سری نگر کشمیر نیز مقامی قراء قاری مجیب اللہ عرفانی، قاری انعام الحق فریدی نے مختلف قرأتوں اور دلکش لہجوں میں قرآنِ کریم کی تلاوت کر کے مجمع کو مسحور کر دیا۔دارالعلوم دیوبند سے تشریف لائے مقررِ خصوصی، استاذِ حدیث دارالعلوم دیوبند و نائب صدر جمعیۃ علماء ہند حضرت مولانا محمد سلمان صاحب بجنوری نے اجلاس سے بصیرت افروز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں تمام تر ذرائع استعمال کر کے مسلمانوں کے بنیادی عقائد اور ایمانیات کے تعلق سے شکوک و شبہات پیدا کرنے کی ایک منظم مہم چلائی جا رہی ہے۔ دشمنانِ اسلام پرانے اعتراضات کو عصرِ حاضر کی نفسیات کے مطابق ڈھال کر پیش کر رہے ہیں، جس کا شکار وہ عام مسلمان ہو رہے ہیں جنہیں گہرا دینی علم یا اہلِ اللہ اور علما کی صحبت میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے وجود کو نہ دیکھنے کی بنیاد پر شک پیدا کرنا محض فریب ہے، کیونکہ انسان خود اپنی عقل سمیت دنیا کی بے شمار چیزوں کو دیکھے بغیر مانتا ہے۔ مولانا بجنوری نے وحیِ الٰہی کی عقلی ضرورت واضح کرتے ہوئے فرمایا کہ جب خالقِ کائنات کا وجود تسلیم کر لیا گیا تو عقل کا تقاضا ہے کہ وہی خالق انسان کو زندگی کا مقصد بتائے، اور سچے انبیائے کرام کے ہاتھوں پر ظاہر ہونے والے معجزات اسی وحی کی سچائی کی قطعی دلیل ہیں۔مولانا محمد سلمان بجنوری نے وحی کی دونوں قسموں یعنی وحیِ متلو قرآن اور وحیِ غیر متلو حدیث پر روشنی ڈالتے ہوئے منکرینِ حدیث کے فتنے کا بھرپور رد کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو طبقہ صرف قرآن کو ماننے اور حدیث کے انکار کا دعویٰ کرتا ہے، وہ یا تو جھوٹا ہے یا سخت گمراہ، کیونکہ خود قرآن کا نزول اور اس کا تعارف ہمیں حدیث ہی کے ذریعے ملا ہے۔ انہوں نے قرآنِ کریم کی الٰہی حفاظت کا ذکر کرتے ہوئے حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ کا امریکہ کے ایک بین المذاہب مکالمے کا واقعہ سنایا جہاں ایک یہودی صدر نے اعتراف کیا کہ دنیا میں صرف مسلمان ہی یہ دعویٰ کر سکتے ہیں کہ ان کے پاس اللہ کا کلام اپنی اصل شکل میں محفوظ ہے، نیز ڈاکٹر حمید اللہؒ کے حوالے سے جرمنی کی ایک یونیورسٹی کی تحقیق کا تذکرہ کیا جس میں صدیوں پر محیط ہزاروں مطبوعہ نسخوں کے تقابل کے باوجود قرآن کے الفاظ میں کوئی اختلاف نہ مل سکا۔ مولانا نے حضراتِ صحابہ کرامؓ کے مقام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دشمنانِ اسلام صحابہؓ کو نشانہ بنا کر دراصل قرآن اور حدیث کو مشکوک بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے حدیثِ مبارکہ کی روشنی میں فرمایا کہ جو شخص اللہ کو رب، اسلام کو دین اور حضرت محمد ﷺ کو رسول مان کر دل سے مطمئن ہو جائے، اسے ایمان کی حلاوت اور ذائقہ نصیب ہو جاتا ہے، اور جسے یہ ذائقہ مل جائے اسے دنیا کی کوئی طاقت دھوکہ نہیں دے سکتی۔ انہوں نے تلقین کی کہ تلاوتِ قرآن کو محض تفریح کے بجائے دلوں کی روشنی اور ایمان کی مضبوطی کی نیت سے سنا جائے۔کانفرنس کی صدارت فرما رہے مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ گزشتہ تقریباً پندرہ برسوں سے اسی مقام پر منعقد ہونے والا یہ پروگرام کوئی رسمی جلسہ نہیں بلکہ ایمان اور عقیدے کے تحفظ کا ایک عظیم مشن، فکر اور نظریہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایمان کی سلامتی کے لیے قرآن کے الفاظ کے ساتھ ساتھ اس کے ان معانی و مطالب پر ایمان لانا بھی لازم ہے جن کی تشریح جناب رسول اللہ ﷺ نے احادیثِ مبارکہ میں فرمائی ہے۔ محض عربی زبان جان لینا قرآن سمجھنے کے لیے کافی نہیں بلکہ حدیث کے بغیر قرآن کو سمجھا ہی نہیں جا سکتا، اور جس مقدس جماعت یعنی حضراتِ صحابہ کرامؓ کے ذریعے یہ دین ہم تک پہنچا ہے، ان کے ایک ایک فرد کی عظمت پر ایمان لانا ضروری ہے۔ مولانا عبداللہ قاسمی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کے الفاظ، معانی اور حسنِ قرأت کی حفاظت کا جو وعدہ فرمایا ہے، آج کے دور میں یہ حفاظت ہمارے دینی مدارس اور مکاتب کے ذریعے ہو رہی ہے جو دین کے مضبوط قلعے ہیں۔ انہوں نے سڑک پر پروگرام کے انعقاد کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے وہ دکاندار اور مصروف افراد بھی قرآن کی آواز سن کر مستفید ہو جاتے ہیں جو عام جلسوں میں شریک نہیں ہو پاتے۔ انہوں نے ٹریفک و امن و امان کے سلسلے میں مقامی پولیس انتظامیہ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور شرکاء سے اپیل کی کہ وہ ایسے دینی اجتماعات کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے مکمل سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔مظاہرۂ حسنِ قرأت میں بیرونی و مقامی قراء عظام نے حجازی، مصری اور دیگر دلکش لہجوں میں تلاوت کر کے سامعین کے ایمان کو تازگی بخشی اور پورا پنڈال سبحان اللہ اور الحمدللہ کی صداؤں سے گونجتا رہا۔ بڑی تعداد میں شریک عوام و خواص نے تجوید و مخارج کے ساتھ قرآن سیکھنے اور اپنے بچوں کو عمدہ قرآن پڑھانے کا عہد کیا۔اجلاس کا باقاعدہ آغاز قاری مجیب اللہ عرفانی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، نعتِ رسولِ مقبول کا نذرانہ مولوی مسعود نے پیش کیا جبکہ نظامت کے فرائض مولانا محمد اکرم جامعی اور مفتی سید محمد عثمان قاسمی نے مشترکہ طور پر انجام دیے۔ اس عظیم الشان پروگرام میں قاری امین جامعی، ڈاکٹر حلیم اللہ خاں، مفتی سعد نور قاسمی، مفتی سعید خان قاسمی، مفتی اظہار مکرم قاسمی، قاری انیس صابری، مولانا فرید الدین قاسمی، قاری انعام الحق فریدی، قاری غزالی خاں، مولانا طاہر قاسمی حافظ محمد سلمان جامعی، مولانا معراج الحق جامعی اور مولانا طارق قاسمی سمیت شہر و بیرونِ شہر سے آئے سیکڑوں علما، حفاظ و قراء اور ہزاروں عوام و خواص نے شرکت کی۔ آخر میں نائب صدر انجمن ترتیل القرآن مفتی سعد نور قاسمی و تنظیم اہلِ سنت والجماعت کے ذمہ داران نے تمام مہمان قراء، علما اور شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔