حلقہ بندی بی جے پی کی سب سے بڑی بھول ثابت ہوگی: اکھلیش
سماج وادی پارٹی صدر نے کہا کہ بی جے پی 2027 کے اسمبلی انتخابات ہارنے جا رہی ہے اور اسی خوف سے حلقہ بندی کا بل لانا چاہتی ہے
لکھنؤ، 27 نومبر (یو این آئی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے حلقہ بندی کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سب سے بڑی بھول قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی 2027 کے اسمبلی انتخابات ہارنے جا رہی ہے اور اسی خوف سے حلقہ بندی کا بل لانا چاہتی ہے۔
مسٹر یادو نے جمعہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بی جے پی نے اب تک جتنے بھی بڑے فیصلے کیے ہیں، ان سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ دراصل بی جے پی 2027 کے انتخابات ہارنے جا رہی ہے اور خوف زدہ ہے۔ اسی لیے وہ حلقہ بندی کا بل لانا چاہتی ہے۔
نوٹ بندی کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت نے بدعنوانی ختم کرنے اور مہنگائی کم کرنے کا دعویٰ کیا تھا، لیکن اس کے برعکس بدعنوانی میں اضافہ ہوا اور مہنگائی عروج پر پہنچ گئی۔ رسوئی گیس، بجلی کے بل، ڈیزل، پٹرول، چینی سمیت تمام غذائی اشیا کی قیمتیں بڑھنے سے عوام پریشان ہیں۔
ایس پی صدر نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت کے دور میں چین مسلسل ہندوستانی سرحد میں دراندازی کر رہا ہے اور ملک کی سرحدیں سکڑ رہی ہیں۔ انہوں نے بی جے پی حکومت سے سوال کیا کہ 2014 میں ہندوستان کا رقبہ کتنا تھا اور 2026 کے بعد کتنا رہ گیا ہے؟
اکھلیش یادو نے کانگریس کے ساتھ اتحاد کے سوال پر کہا کہ دونوں پارٹیاں بیٹھ کر بات چیت کریں گی اور اتحاد ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انڈیا اتحاد بی جے پی کو شکست دے گا۔ دونوں جماعتیں مل کر جیتنے کی صلاحیت رکھنے والے امیدواروں کو جگہ دیں گی۔ ایس پی اور انڈیا اتحاد کی انتخابی تیاریاں مکمل ہیں اور پارٹی جیتنے والے امیدواروں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بھی ایسے امیدواروں کو دیکھنا چاہتے ہیں جو انتخابات جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
واضح رہے کہ مرکزی کابینہ نے جمعہ کو حلقہ بندی ترمیمی بل اور اس سے متعلق خواتین کے ریزرویشن بل کو منظوری دے دی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں سیوا تیرتھ میں منعقدہ میٹنگ میں ان تجاویز کو منظوری دی گئی۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ حکومت ان بلوں کو 30 نومبر سے شروع ہونے والے پارلیمانی اجلاس میں پیش کر سکتی ہے۔
مجوزہ حلقہ بندی بل میں تمام ریاستوں میں تناسب کی بنیاد پر لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد میں 50 فیصد اضافہ کرنے کی تجویز ہے۔ ذرائع کے مطابق لوک سبھا کی نشستوں کی بڑھی ہوئی تعداد اگلے 25 برسوں تک برقرار رکھنے کی تجویز ہے۔ اسی حلقہ بندی کی بنیاد پر لوک سبھا میں خواتین کو ایک تہائی ریزرویشن دینے کا انتظام نافذ کیا جائے گا۔
