دہلی شہر

انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر قوم و ملت کا ایک قیمتی اثاثہ:انجینئر محمد اسلم علیگ

نئی دہلی (یو این آئی) ملک کے قومی اثاثوں کی حفاظت پر زور دیتے ہوئے کانگریس کے لیڈر اور آسام کانگریس کے انچارچ (اقلیتی سیل) انجینئر محمد اسلم علیگ نے کہا کہ انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر صرف ایک ادارہ نہیں بلکہ قوم و ملت کی علمی، تہذیبی اور سماجی شناخت کا ایک اہم مرکز ہے۔ اس کی ترقی، فلاح و بہبود اور مضبوطی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر اپنے قیام کے ابتدا سے ہی ملک و ملت کے مسائل کوحل کرنے میں پیش پیش رہا ہے اور اسلامی تہذیب کی حفاظت اور اس سے نئی نسل کو روبرو کرانے کے لئے مختلف طرح کے پروگرام منعقد کرتا رہتا ہے اور اس میں مزید بہتر کرنے کی گنجائش ہے اور بہتر کرنے کی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ 19 نومبر کو منعقد ہونے والی سالانہ میٹنگ (اے جی ایم) ہمارے لیے ایک اہم موقع ہے کہ ہم مل بیٹھ کر سینٹر کی بہتری، نئے منصوبوں، تعمیری تجاویز اور ایسے اقدامات پر غور کریں جن سے قوم و ملت کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ سینٹر کو علم، اتحاد، ترقی اور سماجی خدمت کا ایک مثالی مرکز بنایا جائے، جہاں سے نہ صرف قوم و ملت کی مضبوطی بلکہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔
مسٹر اسلم نے کہا کہ آئیے! مثبت سوچ، تعمیری تجاویز اور اجتماعی تعاون کے ساتھ انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھیں۔
قوم و ملت کی ترقی، ملک کی تعمیر و ترقی کے ساتھ!