اداریہ ؍مضامین

ذہنی صحت ، ذمہ دارانہ صحافت اور زندگی کا تحفظ

ڈاکٹر مظفر حسین غزالی

8527796305

میڈیا محض اطلاعات کی ترسیل کا ذریعہ نہیں بلکہ رائے عامہ کی تشکیل، سماجی رویوں کی تبدیلی اور اجتماعی شعور کی بیداری کا ایک مؤثر وسیلہ ہے۔ اس کے الفاظ، سرخیاں، تصاویر اور خبروں کو پیش کرنے کا انداز لوگوں کی سوچ پر گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ذہنی صحت جیسے حساس موضوع اور خودکشی جیسے سنگین مسئلے پر میڈیا کی ذمہ داری عام خبروں کی رپورٹنگ سے کہیں زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ ایک غیر ذمہ دارانہ خبر کسی ذہنی طور پر پریشان شخص کی مایوسی میں اضافہ کر سکتی ہے، جب کہ ایک حساس، متوازن اور امید افزا رپورٹ کسی کی زندگی بچانے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ اس اعتبار سے میڈیا کا کردار صرف واقعات کی اطلاع دینا نہیں بلکہ زندگی کے تحفظ، انسانی وقار اور ذہنی صحت کے تئیں مثبت سماجی رویہ پیدا کرنا بھی ہے۔
ذہنی صحت انسانی زندگی کا بنیادی حصہ ہے۔ جس طرح جسمانی بیماری انسان کی روزمرہ زندگی، صلاحیتوں اور تعلقات کو متاثر کرتی ہے، اسی طرح ذہنی دباؤ، اضطراب، ڈپریشن اور دیگر نفسیاتی مسائل بھی انسان کی زندگی پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں ذہنی بیماریوں کو اب بھی کمزوری، ناکامی یا غیر معمولی رویے سے جوڑ کر دیکھا جاتا ہے۔ ذہنی مسائل کا شکار افراد کو ہمدردی اور تعاون فراہم کرنے کے بجائے بعض اوقات طنز، تمسخر اور سماجی امتیاز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ نتیجتاً وہ اپنی پریشانی بیان کرنے، علاج کروانے یا کسی سے مدد لینے سے گریز کرتے ہیں۔
خودکشی ایک پیچیدہ سماجی، نفسیاتی اور صحت عامہ کا مسئلہ ہے۔ اس کے اسباب متعدد ہوتے ہیں ،کسی ایک واقعے، تعلق یا ناکامی کو اس کی واحد وجہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ذہنی امراض، شدید ذہنی دباؤ، سماجی تنہائی، معاشی مشکلات، خاندانی تنازعات تعلیمی مسابقت، بے روزگاری اور دیگر حالات مختلف افراد کو مختلف انداز میں متاثر کر سکتے ہیں۔ اس لیے خودکشی کو اکثر انفرادی کمزوری یا جذباتی شکست سمجھ لیا جاتا ہے ، جبکہ یہ کئی پیچیدہ عوامل کے باہمی تعامل کا نتیجہ ہو سکتی ہے ۔ اس لیے کسی واقعے کو ایک سادہ اور یک رخی کہانی بنا کر پیش کرنا درست نہیں۔اس کا حل محض نصیحت یا اخلاقی تلقین میں نہیں ، بلکہ سماجی شعور ، بہتر ذہنی صحت کی سہولتوں ، بر وقت مدد اور ذمی دارانہ صحافت میں پوشیدہ ہے ۔
نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو 2024 کی رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں خود کشی سے ایک سال میں 1,70,746اموات ہوئیں ۔ اوسطاً روزانہ468 فی ایک لاکھ آبادی میں یہ شرح 12.2 فی صد رہی جس میں مردوں کا تناسب 73.5 اور خواتین کا تناسب 26.5 فیصد تھا ۔ یومیہ اجرت پر کام کرنے والےطبقہ کی سب سے زیادہ 52910 اموات خود کشی سے ہوئی ۔ خود کشی کی کوشش کرنے والوں کی تعداد اس سے الگ اور کہیں زیادہ ہے ۔ رپورٹ کے مطابق خاندانی مسائل ، ذہنی صحت اور نشے کی لت مل کر تقریباً 59 فیصد واقعات سے وابستہ ہیں ۔
حکومت ہند کے نیشنل مینٹل ہیلتھ سروے 2016-15 میں بتایا گیا تھا کہ بالغ آبادی کے تقریباً 10.6 فیصد افراد کسی قابل تشخیص ذہنی عارضے کا شکار تھے ۔ اس سروے کا تشویشناک پہلو یہ تھا کہ ذہنی عوارض میں مبتلا 70 سے 92 فیصد افراد مناسب علاج حاصل نہیں کر پا رہے تھے ۔اس کی وجوہات میں آگہی کی کمی ، سماجی بدنامی کا خوف اور ماہرین کی قلت شامل ہے ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ذہنی بیماری کو ہمارے معاشرے میں اب بھی جسمانی بیماری جیسی سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا ۔
اس صورت حال کو بدلنے میں میڈیا اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اگر اخبارات، ٹیلی ویژن، ریڈیو اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم ذہنی صحت کو انسانی صحت کا لازمی حصہ قرار دیتے ہوئے اس پر مستند معلومات فراہم کریں تو معاشرے میں پھیلی غلط فہمیوں کو دور کیا جا سکتا ہے۔ ذہنی بیماریوں کو کسی کردار کی کمزوری کے بجائے قابلِ فہم اور قابلِ علاج صحت کے مسائل کے طور پر پیش کرنا چاہیے۔
نفسیات میں خود کشی کے رجحان کو ورتھر اثر (Werther Effect) کہا جاتا ہے۔ یہ اصطلاح جرمن ادیب گوئٹے کے 1774 میں شائع ہونے والے ناول The Sorrows of Young Werther سے ماخوذ ہے۔ ناول کے مرکزی کردار کی خودکشی کے بعد یورپ میں ایسے واقعات سامنے آئے جن میں بعض افراد نے اس کردار کے انداز کی نقل کی۔ اس تاریخی واقعے نے اس امکان کی طرف توجہ دلائی کہ کسی خودکشی کی غیرذمہ دارانہ اور مسلسل تشہیر بعض حساس افراد میں تقلیدی رویے کا خطرہ بڑھا سکتی ہے ۔
اس کے برعکس پاپاگینو اثر (Papageno Effect) اس مثبت اثر کو بیان کرتا ہے جس میں مشکلات پر قابو پانے ، مدد حاصل کرنے اور زندگی کی طرف واپس آنے کی حقیقی کہانیاں شامل ہیں ۔ ان کے ذریعہ میڈیا لوگوں میں امید پیدا کرکے خودکشی کی روک تھام میں فعال کردار ادا کر سکتا ہے۔
ہندوستانی میڈیا کی رپورٹنگ پر نیشنل میڈیکل جنرل آف انڈیا 2023 میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں چھ بڑے انگریزی اخبارات کی خود کشی سے متعلق 117 خبروں کا لیا گیا ۔ اس کے مطابق 82.9 فیصد خبروں میں خود کشی کا طریقہ بتایا گیا تھا ۔ 58.1 فیصد میں خود کشی کی صرف ایک وجہ بیان کی گئی تھی ۔ 74.4 فیصد میں تصاویر شامل تھیں ۔ صرف 8.5 فیصد خبروں میں مدد حاصل کرنے کے لیے ہیلپ لائن کی معلومات دی گئی تھی ۔ 71.8 فیصد خبروں میں عوام کے لیے کسی مفید رہنمائی کا فقدان تھا ۔ یہ مطالعہ اگر چہ محدود مدت اور صرف انگریزی اخبارات پر مشتمل تھا، لیکن اس کے نتائج ہندوستانی صحافت کے لیے ایک اہم سوال ضرور اٹھاتے ہیں کیا میڈیا اپنی خبر رسانی کی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے انسانی زندگی کے تحفظ میں بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے ؟ یہ صورت حال اس بات کی متقاضی ہے کہ صحافتی ادارے اپنی اداراتی پالیسیوں پر نظرثانی کریں اور صحافیوں کو حساس موضوعات کی رپورٹنگ کے لیے باقاعدہ تربیت فراہم کریں۔
خودکشی کی رپورٹنگ میں احتیاط کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے عالمی ادارۂ صحت (WHO) اور انٹرنیشنل ایسوسی ایشن فار سوسائڈ پریوینشن نے صحافیوں کے لیے رہنما اصول مرتب کیے ہیں۔ ہندوستان میں پریس کونسل آف انڈیا نے بھی 13 ستمبر 2019 کو جسٹس سی کے پرساد کی سربراہی میں عالمی ادارۂ صحت کی ہدایات کی بنیاد پر خودکشی سے متعلق رپورٹنگ کے اصول جاری کیے۔
ان ہدایات کے مطابق خودکشی کی خبروں کو غیر ضروری طور پر نمایاں جگہ نہیں دینی چاہیے اور نہ ہی ایک ہی واقعے کو بار بار نشر یا شائع کرنا چاہیے۔ ایسی زبان اور سرخیوں سے گریز ضروری ہے جو خودکشی کو سنسنی خیز بنائیں یا اسے مسائل کا حل ظاہر کریں۔ خودکشی کے طریقۂ کار، مقام اور دیگر تفصیلات بیان کرنے سے بھی احتراز کرنا چاہیے۔ اسی طرح تصاویر، ویڈیوز اور سوشل میڈیا لنکس کی اشاعت میں خصوصی احتیاط برتنی چاہیے۔
ان اصولوں کا مقصد خبر کو چھپانا نہیں بلکہ اسے اس انداز میں پیش کرنا ہے کہ عوام تک ضروری معلومات بھی پہنچیں اور کسی دوسرے شخص کے متاثر ہونے کا خطرہ بھی کم سے کم ہو۔ صحافیوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ خبر کی اہمیت صرف اس کی سنسنی خیزی سے متعین نہیں ہوتی بلکہ اس کی سماجی افادیت اور انسانی اثرات بھی اتنے ہی اہم ہیں۔
بچوں اور نوعمروں سے متعلق خبروں میں یہ ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے۔ ان کی شناخت، اسکول، خاندان اور رہائشی علاقے کی تفصیلات ظاہر نہیں کرنی چاہئیں۔ ان کی نجی زندگی کا تحفظ، باخبر رضامندی اور ذہنی سکون کو ترجیح دینا ضروری ہے۔ کسی ایسے انٹرویو یا تصویر سے گریز کیا جائے جو ان کے لیے مزید ذہنی اذیت یا سماجی تضحیک کا سبب بن سکتی ہو۔

سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ نے معلومات کی ترسیل کو غیر معمولی رفتار دے دی ہے۔ اب کوئی خبر چند لمحوں میں لاکھوں لوگوں تک پہنچ سکتی ہے۔ لیکن اس سہولت کے ساتھ کئی خطرات بھی وابستہ ہیں۔ بعض ویب سائٹس اور سوشل میڈیا گروپس خودکشی کی ترغیب دینے والا مواد پھیلاتے ہیں۔ غیر مصدقہ معلومات، سنسنی خیز ویڈیوز اور اشتعال انگیز تبصرے ذہنی طور پر پریشان افراد کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔

تاہم ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے ذہنی صحت کے ماہرین کی آرا، مستند معلومات، مشاورتی خدمات اور مدد حاصل کرنے کے ذرائع وسیع پیمانے پر عوام تک پہنچائے جا سکتے ہیں۔ صحافتی اداروں کو چاہیے کہ خبروں کے ساتھ مناسب اور تصدیق شدہ امدادی معلومات بھی فراہم کریں اور سوشل میڈیا پر بھی وہی احتیاط برتیں جو روایتی صحافت میں ضروری ہے۔

خودکشی کی روک تھام صرف میڈیا کی ذمہ داری نہیں۔ اس کے لیے حکومت، تعلیمی اداروں، طبی ماہرین، سماجی تنظیموں، خاندانوں اور کمیونٹی کی مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔ صحافتی اداروں کو اپنی اداراتی پالیسیوں میں ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے اصول شامل کرنے چاہئیں۔ صحافت کے تعلیمی اداروں میں ذہنی صحت اور خودکشی سے متعلق رپورٹنگ کی باقاعدہ تربیت دی جانی چاہیے۔ ذہنی صحت کے ماہرین اور صحافیوں کے درمیان مسلسل رابطہ بھی ضروری ہے تاکہ خبروں میں طبی اور سماجی حقائق کی درست ترجمانی ہو سکے۔ذہنی صحت کے مسائل سے گزرنے والے افراد کو بھی اس مکالمے میں مساوی شراکت دار بنایا جانا چاہیے۔ ان کے تجربات کو عزت اور حساسیت کے ساتھ پیش کیا جائے، نہ کہ انہیں محض خبر کا موضوع بنا دیا جائے۔

آج ضرورت اس بات کی ہے کہ صحافت خبر کی سنسنی سے آگے بڑھ کر انسانی زندگی کے تحفظ کو اپنی ترجیح بنائے۔ ذہنی صحت کو شرمندگی نہیں بلکہ صحت کا ایک اہم مسئلہ سمجھا جائے، خودکشی کو کسی مسئلے کا حل بنا کر پیش کرنے کے بجائے اس کی روک تھام کے راستے دکھائے جائیں اور مایوسی کے بجائے امید کی کہانیاں عام کی جائیں۔یاد رکھنا چاہیے کہ صحافت کا مقصد صرف یہ بتانا نہیں کہ کیا ہوا، بلکہ یہ بھی ہے کہ اس خبر سے معاشرے پر کیا اثر پڑے گا۔ ذمہ دارانہ صحافت وہ ہے جو خبر بھی دے، شعور بھی بیدار کرے اور زندگی بچانے میں بھی اپنا کردار ادا کرے۔