بولنا تو پڑیگا : شہرت کا ڈھول، امریکی ایجنسی اور دو کروڑ ماہانہ کا سوال!
9968778671
شہرت کی گٹھری کا بوجھ جب کندھوں پر ضرورت سے زیادہ بڑھ جائے اور عوام سے کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزیوں کا سیلاب اقتدار کی شاہراہ کو تو پھوڑ کر دلدل میں تبدیل کر دے تو بڑے سے بڑے نامدار شخص کے قدم بھی زمین میں دھنسنے لگتے ہیں۔ پھر نہ اس کی مقبولیت کا شور کام آتا ہے اور نہ اس کے قصیدے پڑھنے والوں کی فوج کوئی راستہ نکال پاتی ہے۔ آج کچھ ایسی ہی صورت حال سے نریندر مودی کو گزرنا پڑ رہا ہے۔ جن کی شہرت کے قصے سناتے ہوئے ان کے حامیوں کا دعویٰ رہا ہے کہ ان کا نام دنیا کے ہر گوشے میں گونجتا ہے، لیکن اب اسی عالمی شہرت کے پیچھے امریکی لابنگ کمپنیوں کی خدمات اور کروڑوں روپے کے اخراجات کی کہانی سامنے آ رہی ہے۔بات صرف اتنی نہیں کہ ہندوستانی سفارت خانہ امریکہ میں لابنگ کمپنیوں کی خدمات حاصل کر رہا ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ آخر اس لابنگ کے ذریعے حاصل کیا کیا جا رہا ہے اور ہندوستانی ٹیکس دہندگان کی رقم کس مقصد کے لیے خرچ ہو رہی ہے؟امریکی قانون کے تحت غیر ملکی حکومتوں کے لیے کام کرنے والی لابنگ کمپنیوں کو اپنی سرگرمیوں، معاہدوں اور وصول کی جانے والی رقم کی تفصیلات ظاہر کرنا ہوتی ہیں۔ اسی قانون کے تحت سامنے آنے والی دستاویزات نے ایک دلچسپ کہانی بیان کی ہے۔ ہندوستانی سفارت خانے نے دو امریکی کمپنیوں کی خدمات حاصل کیں۔ مرکری پبلک افیئرز کو ماہانہ 75 ہزار ڈالر اور جیسن ملر کی کمپنی SHW Partners کو ماہانہ ڈیڑھ لاکھ ڈالر دیے جانے کا معاہدہ ہوا۔ یعنی دونوں کمپنیوں پر مجموعی ماہانہ خرچ تقریباً دو کروڑ روپے سے زیادہ تھا۔اس انکشاف کا سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ مرکری پبلک افیئرز نے اپنی رپورٹ میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی اس سوشل میڈیا پوسٹ کو بھی اپنی انجام دی گئی سرگرمیوں میں شمار کیا جس میں انہوں نے نریندر مودی کو ہندوستان کے سب سے طویل عرصے تک مسلسل وزیر اعظم رہنے پر مبارکباد دی تھی۔ گویا جس پیغام کو ہندوستان میں مودی کی عالمی مقبولیت اور ٹرمپ سے ان کی غیر معمولی دوستی کی علامت بنا کر پیش کیا گیا، اس کی تشہیر بھی ایک معاوضہ لینے والی امریکی کمپنی کے کاموں میں شامل تھی۔یہاں ایک وضاحت ضروری ہے۔ دستاویزات سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ ٹرمپ کو مبارکباد دینے کے لیے براہ راست رقم ادا کی گئی تھی۔ وزارت خارجہ نے بھی وضاحت کی ہے کہ کمپنی نے ٹرمپ کی پوسٹ کو صرف پھیلانے کا کام کیا تھا، اسے لکھوانے یا ٹرمپ کو اس کے لیے پیسے دینے کا نہیں۔ لیکن سوال اپنی جگہ برقرار ہے کہ آخر ہندوستانی حکومت کو اپنے وزیر اعظم کی تعریف اور تشہیر کے لیے اتنے مہنگے انتظامات کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے؟اس معاملے کا دوسرا پہلو بھی کم اہم نہیں۔ آپریشن سیندور کے دوران جب ہندوستان اور امریکہ کے درمیان سفارتی رابطوں کی ضرورت محسوس ہوئی تو جیسن ملر کی کمپنی نے وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ عہدیداروں اور ہندوستانی حکام کے درمیان آٹھ فون کالز کا انتظام کیا۔ اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ حکومت نے امریکی انتظامیہ تک اپنی رسائی بڑھانے کے لیے بھاری معاوضے پر لابنگ کمپنیوں کی خدمات حاصل کی تھیں، لیکن ان رابطوں کے نتیجے میں کیا حاصل ہوا، اس کی تفصیلات ابھی واضح نہیں ہیں۔حکومت کی وزارت خارجہ نے اس انکشاف کے بعد دفاع میں کہا ہے کہ امریکہ میں سفارت خانوں کے ذریعے لابنگ کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنا کوئی نئی بات نہیں، ہندوستانی سفارت خانہ 1948 سے ایسا کرتا آ رہا ہے۔ یہ دلیل اپنی جگہ درست ہو سکتی ہے، لیکن اس سے موجودہ معاہدوں پر اٹھنے والے سوالات ختم نہیں ہو جاتے۔ اگر یہ معمول کی سفارتی سرگرمی ہے تو پھر اس کی کامیابی اور افادیت کا حساب دینے میں کیا حرج ہے؟اصل سوال یہ ہے کہ جس ملک کا وزیر اعظم خود کو عالمی رہنما، عالمی سیاست کا اہم ترین کردار اور دنیا بھر میں غیر معمولی مقبولیت کا حامل بتاتا ہو، اسے اپنی شخصیت کی تشہیر کے لیے امریکی کمپنیوں کی خدمات کیوں درکار ہیں؟ کیا ہندوستان کی سفارتی طاقت اتنی کمزور ہو گئی ہے کہ اسے واشنگٹن میں اپنی بات منوانے کے لیے ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں کی کمپنیوں کو کروڑوں روپے ادا کرنے پڑ رہے ہیں؟ یا پھر مسئلہ سفارتی تعلقات سے زیادہ ایک شخص کی سیاسی شبیہ کا ہے؟یہاں ایک بنیادی فرق سمجھنے کی ضرورت ہے۔ کسی ملک کی حکومت کا اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے دوسرے ملک میں لابنگ کرنا سفارت کاری کا حصہ ہو سکتا ہے۔ تجارت، دفاع، سرمایہ کاری، ویزا اور بین الاقوامی معاملات میں اپنے موقف کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے پیشہ ورانہ خدمات حاصل کرنا کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ لیکن جب انہی سرگرمیوں کی فہرست میں وزیر اعظم کی شخصی تشہیر اور ان کے حق میں امریکی صدر کی سوشل میڈیا پوسٹ کی تشہیر بھی شامل ہو جائے تو معاملہ محض سفارت کاری کا نہیں رہتا۔ پھر یہ سوال اٹھنا فطری ہے کہ قومی خزانے کی رقم ملک کی ساکھ بنانے پر خرچ ہو رہی ہے یا کسی فرد کی سیاسی ساکھ چمکانے پر؟مودی حکومت کے حامیوں نے برسوں سے ایک ایسا سیاسی ماحول بنا رکھا ہے جس میں وزیر اعظم کی ہر بیرونی ملاقات کو عالمی کامیابی، ہر غیر ملکی رہنما کی مسکراہٹ کو ذاتی دوستی اور ہر تعریفی جملے کو عالمی سطح پر ان کی مقبولیت کا ثبوت بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔ ہندوستانی میڈیا کا ایک بڑا حصہ بھی اس مہم میں پیش پیش رہا ہے۔ کبھی مودی کو عالمی گرو بتایا جاتا ہے، کبھی ان کی شخصیت کو دنیا کی سب سے بڑی سیاسی طاقت قرار دیا جاتا ہے اور کبھی ان کی مقبولیت کے قصے اس انداز میں بیان کیے جاتے ہیں جیسے دنیا کے تمام سربراہان ان کے سامنے سر تسلیم خم کیے بیٹھے ہوں۔لیکن اب امریکی دستاویزات نے یہ سوال کھڑا کر دیا ہے کہ اس عالمی شہرت کے پس منظر میں کہیں تشہیر کا ایک منظم کاروبار تو نہیں چل رہا؟ اگر کسی رہنما کی مقبولیت واقعی عوامی اعتماد، سیاسی کارکردگی اور عالمی سطح پر اس کے ملک کے بڑھتے ہوئے وقار کی بنیاد پر قائم ہو تو اسے مصنوعی تشہیر کے سہارے کی ضرورت کیوں پیش آئے؟اور پھر یہ بھی تو دیکھیے کہ ملک کے اندر عوام کو مہنگائی، بے روزگاری، کسانوں کی پریشانیوں، نوجوانوں کے مستقبل اور بنیادی سہولتوں کی کمی جیسے سوالات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ ایسے میں اگر کروڑوں روپے ماہانہ امریکی کمپنیوں کی خدمات پر خرچ کیے جا رہے ہیں تو عوام کو یہ جاننے کا پورا حق ہے کہ اس خرچ سے ہندوستان کو کیا فائدہ پہنچا؟ کتنے تجارتی معاہدے ہوئے؟ کتنے قومی مفادات محفوظ ہوئے؟ اور کتنی ایسی سفارتی کامیابیاں حاصل ہوئیں جن کا براہ راست فائدہ ملک کے عام شہری کو ملا؟حیرت تو اس بات پر ہے کہ جو حکومت اپنے ہر مخالف کو پروپیگنڈہ کرنے والا قرار دیتی ہے، اسے اپنی تشہیر کے لیے بیرون ملک پیشہ ورانہ پروپیگنڈہ مشینری کی ضرورت کیوں محسوس ہو رہی ہے؟ اپوزیشن اگر اس پر سوال اٹھاتی ہے تو اسے ملک دشمنی یا وزیر اعظم کی مخالفت قرار دینے کے بجائے حکومت کو ان سوالات کے جواب دینے چاہئیں۔شہرت کا اصل پیمانہ کسی امریکی صدر کی سوشل میڈیا پوسٹ نہیں، بلکہ اپنے ملک کے عوام کا اعتماد ہوتا ہے۔ عالمی مقبولیت کا ثبوت مہنگے لابنگ معاہدے نہیں، بلکہ عالمی سطح پر ملک کی عزت، اس کی معیشت کی مضبوطی اور اس کے شہریوں کی خوش حالی ہوتی ہے۔ اگر کسی وزیر اعظم کو اپنی شہرت کے ڈھول میں آواز پیدا کرنے کے لیے بیرون ملک سے سازندے بلانے پڑیں تو پھر اس ڈھول کی گونج پر شک ہونا لازمی ہے۔نریندر مودی کے لیے سب سے بڑا مسئلہ اب یہ نہیں کہ ان کی تعریف میں ٹرمپ نے کیا لکھا، بلکہ یہ ہے کہ ہندوستانی عوام یہ پوچھنے لگے ہیں کہ اس تعریف کی تشہیر کے لیے ان کے خزانے سے کتنی رقم خرچ کی گئی؟ اور اس سے بھی بڑا سوال یہ ہے کہ جس شہرت کو برسوں تک عوامی مقبولیت کا نام دے کر بیچا جاتا رہا، اس کے پیچھے کہیں تشہیر کا کوئی ایسا بازار تو نہیں جس کا بل بالآخر ہندوستانی عوام کو ادا کرنا پڑ رہا ہے؟شہرت اگر خریدی جا سکتی ہے تو پھر مقبولیت کا دعویٰ کیسا؟ اور اگر مقبولیت واقعی عوام کے دلوں میں ہے تو پھر امریکی کمپنیوں کے سہارے کی ضرورت ہی کیا ہے؟
