قومی خبریں

قدرتی علاج فطرت اور ہمہ گیر صحت کے درمیان گہرے تعلق کو سمجھنے کی ترغیب دیتا ہے: جادھو

ہندوستان میں قدرتی علاج کو سائنسی تحقیق، طبی جانچ اور احتیاطی صحت خدمات سے جوڑ کر ایک زیادہ منظم طریقۂ علاج کے طور پر فروغ دیا جا رہا ہے

نئی دہلی (یو این آئی) مرکزی وزیر مملکت برائے آیوش (آزادانہ چارج) اور وزیر مملکت برائے صحت و خاندانی بہبود پرتاپ راؤ جادھو نے جمعرات کو کہا کہ قدرتی علاج طرزِ زندگی، فطرت اور ہمہ گیر صحت کے درمیان گہرے تعلق کو سمجھنے کی ترغیب دیتا ہے۔

وزارت آیوش نے آج بتایا کہ ہندوستان میں قدرتی علاج کو سائنسی تحقیق، طبی جانچ اور احتیاطی صحت خدمات سے جوڑ کر ایک زیادہ منظم طریقۂ علاج کے طور پر فروغ دیا جا رہا ہے۔ طرزِ زندگی سے متعلق بیماریوں، موٹاپے اور ذہنی دباؤ جیسے مسائل کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر قدرتی علاج کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے 18 نومبر کو کرناٹک کے ناگمنگلا واقع مرکزی یوگا اور قدرتی علاج تحقیقی ادارے میں نواں قومی قدرتی علاج دن منایا جائے گا۔ اس سال کا موضوع ‘قدرتی علاج، صحت مند بھارت’ رکھا گیا ہے۔

وزارت آیوش کے مطابق، اس تقریب کا مقصد قدرتی علاج کے بارے میں بیداری بڑھانے کے ساتھ صحت کے فروغ، بیماریوں کی روک تھام اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے میں اس کے کردار کو تقویت دینا ہے۔ اس سال مناسب غذا، جسمانی سرگرمیوں، یوگا، ذہنی دباؤ کے انتظام اور شواہد پر مبنی قدرتی علاج کے طریقوں پر خصوصی زور دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی موٹاپے اور طرزِ زندگی سے متعلق بیماریوں کی روک تھام کے لیے لوگوں کو بیدار کیا جائے گا۔

مسٹر جادھو نے کہا کہ قدرتی علاج طرزِ زندگی، فطرت اور ہمہ گیر صحت کے درمیان گہرے تعلق کو سمجھنے کی ترغیب دیتا ہے۔ حکومت قابل اعتماد تحقیق، معیاری تعلیم اور روایتی طریقہ ہائے علاج کے ذمہ دارانہ انضمام کے ذریعے اس کی سائنسی بنیاد کو مضبوط بنانے پر زور دے رہی ہے۔

آیوش سکریٹری ویدیہ راجیش کوٹیچا نے کہا کہ قدرتی علاج کی ساکھ اور اس کے وسیع استعمال کے لیے سائنسی توثیق ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے مرکزی یوگا اور قدرتی علاج تحقیقی کونسل اور دیگر اداروں کے ذریعے منظم تحقیق، طبی جانچ اور باہمی تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

یواین آئی۔ ایف اے