نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ ٹیم سے جڑنے کے لیے روانہ ہوئے رشبھ پنت
بنگلورو، (یو این آئی) فٹنس کے حوالے سے کئی ہفتوں کی غیر یقینی صورت حال کے بعد ہندوستانی وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت جمعرات کی صبح نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہو گئے۔ وہ جمعہ کو ویلنگٹن میں ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم سے جڑیں گے۔ سیریز کا آغاز 19 نومبر سے ہوگا۔ پنت سائیڈ اسٹرین کی چوٹ سے صحت یاب ہو رہے تھے اور بی سی سی آئی کے میڈیکل اسٹاف نے انہیں فٹنس کی منظوری دے دی ہے۔
پنت کو یکم سے 4 اکتوبر کے درمیان سری نگر میں ایرانی کپ کے دوران یہ چوٹ لگی تھی، جہاں وہ ریسٹ آف انڈیا ٹیم کے کپتان تھے۔ اس کے بعد 23 اکتوبر سے وہ بنگلورو میں بی سی سی آئی کے سینٹر آف ایکسی لینس (سی او ای) میں بحالی کے عمل سے گزر رہے تھے۔
انہیں نیوزی لینڈ دورے کے لیے ہندوستان کی ٹیسٹ ٹیم اور ٹیسٹ سیریز سے قبل نیوزی لینڈ اے کے خلاف تین چار روزہ میچوں کے لیے ہندوستان اے کی ٹیم میں بھی منتخب کیا گیا تھا، تاہم ان کی شرکت فٹنس کی منظوری سے مشروط تھی۔ پنت کو ابتدائی دو چار روزہ میچوں سے باہر رکھا گیا تھا اور تیسرے میچ کے لیے بھی وہ وقت پر نیوزی لینڈ نہیں پہنچ سکے، کیونکہ میڈیکل ٹیم نے ان کی فٹنس کا مزید جائزہ لینے کے لیے بحالی کا عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ویلنگٹن میں پنت کے ساتھ کپتان شبھمن گل، کے ایل راہل اور انشل کمبوج بھی ٹیسٹ ٹیم سے جڑیں گے۔ یہ تینوں پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز کے تیسرے مقابلے کے بعد ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لیے ون ڈے ٹیم سے الگ ہو گئے تھے۔
پنت کو امید ہے کہ وہ 19 نومبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں کھیلیں گے، تاہم ان کی تاخیر سے ٹیم میں شمولیت کے بعد پلیئنگ الیون کے انتخاب میں ٹیم انتظامیہ کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ پنت اور دھرو جریل دونوں کو موقع دیا جائے یا کسی ایک وکٹ کیپر کو شامل کرکے بی سائی سدرشن اور دیودت پڈیکل دونوں کو جگہ دی جائے۔
نیوزی لینڈ اے کے خلاف چار اننگز میں جریل نے ایک سنچری اور ایک نصف سنچری بنائی تھی، جبکہ سائی سدرشن نے پانچ اننگز میں 91 اور 88 رن بنائے۔ پڈیکل نے بھی پانچ اننگز میں 199 اور 80 رن کی نمایاں اننگز کھیلی تھیں۔
یہ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنانے کی ہندوستان کی امیدوں کے لیے انتہائی اہم ہے۔ ہندوستان فی الحال پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے مقام پر ہے، جبکہ نیوزی لینڈ سرفہرست ہے۔ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا بالترتیب دوسرے اور تیسرے مقام پر ہیں۔
