فٹ بال:نیوزی لینڈ نے پہلے میچ میں ہندوستان کو 5-0 سے شکست دے دی
آکلینڈ (یو این آئی) ہندوستانی فٹ بال ٹیم کو نیوزی لینڈ کے دورے کے پہلے دوستانہ مقابلے میں میزبان ٹیم کے ہاتھوں 0-5 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ میچ جمعرات کو گو میڈیا اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے بزائے ورگیز نے پانچویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کا کھاتہ کھولا، جبکہ جیسی رینڈل نے 34ویں اور 43ویں منٹ میں دو گول کیے۔ کرس ووڈ نے 57ویں اور لاکلان بیلس نے 74ویں منٹ میں گیند کو جال میں پہنچا کر میزبان ٹیم کی جیت 5-0 سے یقینی بنادی۔
نیوزی لینڈ میں ہندوستانی فٹ بال ٹیم کا یہ پہلا میچ تھا۔ اس مقابلے میں انیرودھ تھاپا نے 2018 کے بعد پہلی مرتبہ ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کی۔
جون 2025 کے بعد پہلی بار بین الاقوامی میچ کھیلنے والے گول کیپر وشال کیتھ نے شکست کے باوجود اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے دوسرے ہاف میں پنالٹی سمیت کئی اہم شاٹس روک کر ہندوستان کو مزید بڑے فرق سے شکست سے بچایا۔
نیوزی لینڈ نے پانچویں منٹ میں ہی برتری حاصل کرلی، جب ہندوستانی پنالٹی ایریا میں افراتفری کے دوران بزائے ورگیز کے پاس سے گیند گول میں چلی گئی۔ اس کے بعد کیتھ کو مسلسل دفاع کرنا پڑا۔ انہوں نے دور سے میٹ گاربٹ کی کوشش ناکام بنائی اور میزبان ٹیم کے دباؤ کے باوجود کئی اہم بچاؤ کیے۔
ہندوستان نے پہلے ہاف میں اپنا سب سے اچھا حملہ 19ویں منٹ میں کیا۔ ریان ولیمز نے بزائے کے ساتھ مل کر دائیں جانب سے پیش قدمی کی اور گیند منویر سنگھ کے لیے پیچھے کی جانب کٹ کی، لیکن کیلن ایلیٹ نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے ان کی کوشش روک دی۔ تقریباً آدھے گھنٹے کے کھیل کے بعد کیتھ نے رینڈل کے دو حملوں کو ناکام بنا کر ہندوستان کو مقابلے میں برقرار رکھا۔
رینڈل نے بالآخر 34ویں منٹ میں گول کیا اور نو منٹ بعد ایک اور گول کرکے پہلے ہاف کے اختتام تک نیوزی لینڈ کی برتری 3-0 کردی۔ہندوستان کے ہیڈ کوچ خالد جمیل نے وقفے کے دوران پانچ تبدیلیاں کیں۔ رکی میتئی ہاؤبام اور محمد سہیل کو اس موقع پر سینئر بین الاقوامی سطح پر پہلی بار کھیلنے کا موقع ملا۔
دوسرے ہاف کے آغاز میں لسٹن کولاکو نے فری کک کے ذریعے نیوزی لینڈ کے گول کیپر الیکس پالسن کو آزمائش میں ڈالا، تاہم میزبان ٹیم نے 57ویں منٹ میں ووڈ کے ہیڈر کی مدد سے چوتھا گول کردیا۔ بیلس نے 74ویں منٹ میں والی کے ذریعے پانچواں گول کرکے اسکور 5-0 کردیا۔
کیتھ نے 78ویں منٹ میں بل توئیلوما کی پنالٹی روک کر مزید نقصان سے ہندوستان کو بچایا اور ری باؤنڈ پر بھی گیند کو گول میں جانے نہیں دیا۔ بعد ازاں جمیل نے ڈیوڈ لالہلنسنگا اور ٹومبا سنگھ ہاؤبام کو بھی سینئر بین الاقوامی سطح پر ڈیبیو کا موقع دیا۔ اس طرح اس میچ میں ہندوستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں کی تعداد چار ہوگئی۔
