بہار نامہ

ڈاکٹر مرلی منوہر جوشی کی وزیر تعلیم سے ملاقات ، بہار کے تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے تجاویز پیش

پٹنہ، 12 نومبر (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما، سابق مرکزی وزیر اور ماہر تعلیم ڈاکٹر مرلی منوہر جوشی نے وزیر تعلیم متھلیش تیواری سے ملاقات کرکے بہار کے تعلیمی نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے کئی اہم تجاویز پیش کیں۔ڈاکٹر جوشی جمعرات کو بہار کے وزیر تعلیم متھلیش تیواری کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں مسٹر تیواری نے ان کا پرتپاک استقبال اور خیرمقدم کیا۔
ملاقات کے دوران وزیر تعلیم نے ڈاکٹر جوشی کو بہار کے تعلیمی نظام میں ہونے والی تبدیلیوں اور ریاستی حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔ اس پر ڈاکٹر جوشی نے تعلیم کے بنیادی مقاصد، طلبہ کی ہمہ جہت ترقی اور ہندوستانی علمی روایت کو مضبوط بنانے پر خصوصی زور دیا۔ انہوں نے تعلیمی نظام کو مزید مؤثر اور معیاری بنانے کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔
وزیر تعلیم مسٹر تیواری نے ڈاکٹر جوشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تجربہ اور رہنمائی ان کے لیے نہایت اہمیت رکھتی ہے۔ ان کی تجاویز بہار کے تعلیمی نظام کو نئی سمت دینے میں معاون ثابت ہوں گی۔اس موقع پر بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے سراوگی، تنظیمی سکریٹری ناگیندر ناتھ ترپاٹھی، وزیر پرمود چندرونشی، رکن پارلیمنٹ گوپال جی ٹھاکر اور قانون ساز کونسل کے رکن جیون کمار موجود تھے۔