قومی خبریں

حکومت نے پردھان منتری وکست گرام سوراج یوجنا کو منظوری دی

نئی دہلی، 28 اکتوبر (یواین آئی) حکومت نے مقامی حکمرانی کے نظام کو مضبوط بنانے کے مقصد سے پردھان منتری وکست گرام سوراج یوجنا (پی ایم وی جی ایس وائی) کو منظوری دے دی ہے، جس پر مجموعی طور پر 7,395.55 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے بدھ کے روز پردھان منتری وکست گرام سوراج یوجنا (پی ایم وی جی ایس وائی) کو مرکزکی حمایت  والی اسکیم کے طور پر منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2026-27 سے 2030-31 تک نافذ کی جانے والی اس اسکیم کا مقصد دیہی علاقوں میں مقامی حکمرانی کے نظام کو مضبوط بنانا، گرام پنچایتوں کے ترقیاتی منصوبوں کو وسیع تر بنانا اور گاؤں میں شفاف و جواب دہ انتظامیہ کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اسکیم پر مجموعی طور پر 7,395.55 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس میں مرکزی حکومت کا حصہ 4,869.48 کروڑ روپے اور ریاستی حکومتوں کا حصہ 2,526.07 کروڑ روپے ہوگا۔ اس کے تحت ملک بھر کی 2.55 لاکھ سے زیادہ گرام پنچایتوں اور روایتی مقامی اداروں کے تقریباً 32 لاکھ منتخب عوامی نمائندوں، پنچایت عہدیداروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔اسکیم کے تحت ہر سال کم از کم 2.55 لاکھ گرام پنچایت ترقیاتی منصوبے تیار کرنے میں مدد فراہم کی جائے گی۔ ان منصوبوں میں گاؤں کی مقامی ترجیحات، مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی متعلقہ اسکیموں اور دستیاب وسائل کو یکجا کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ای-گرام سوراج پورٹل پر شراکتی اور حقائق پر مبنی منصوبہ بندی کے عمل کو فروغ دیا جائے گا، تاکہ ترقیاتی کاموں میں بہتر تال میل قائم ہو اور مقامی ضروریات کے مطابق منصوبے تیار کیے جا سکیں۔اسکیم کا ایک اہم مقصد دیہی شہریوں کو سرکاری اسکیموں اور قومی اقدامات کے بارے میں بیدار کرنا بھی ہے۔ اس کے تحت ہر مربوط بیداری مہم کے ذریعے کم از کم ایک کروڑ شہریوں تک پہنچنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے گرام سبھاؤں، پنچایتی پلیٹ فارموں، ڈیجیٹل ذرائع اور موجودہ عوامی رابطے کے نظام کا استعمال کیا جائے گا۔ اس سے دیہی عوام کو سرکاری اسکیموں کی معلومات فراہم کرنے کے ساتھ مقامی ترقی سے متعلق مسائل میں ان کی شراکت داری بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔پردھان منتری وکست گرام سوراج یوجنا کے تحت پنچایتوں کی انتظامی اور تکنیکی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا جائے گا۔ تقریباً 32 لاکھ منتخب نمائندوں اور پنچایت عہدیداروں کو ہر سال صلاحیت سازی اور ڈیجیٹل ذرائع سے تکنیکی مدد فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس سے پنچایتوں کو ترقیاتی منصوبے تیار کرنے، شہریوں کے ساتھ رابطہ بڑھانے، وسائل کا بہتر انتظام کرنے اور مقامی سطح پر پائیدار ترقی کے اہداف کی جانب پیش رفت کرنے میں مدد ملے گی۔اسکیم کے تحت پنچایتوں میں مالی شفافیت اور جواب دہی بڑھانے کے لیے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہر سال کم از کم 2.55 لاکھ آن لائن آڈٹ منصوبے تیار کرنے اور متعلقہ آڈٹ مقررہ وقت پر مکمل کرنے میں مدد فراہم کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے آڈٹ آن لائن پلیٹ فارم کا استعمال کیا جائے گا۔ بہتر حساب کتاب، عوام کے لیے مالیاتی معلومات کی دستیابی اور پنچایتوں کے اپنے محصولات کے ذرائع کو مضبوط بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی، تاکہ پنچایتیں دستیاب فنڈز کا مؤثر استعمال کر سکیں اور مالی طور پر زیادہ خود کفیل بن سکیں۔