ہندوستان اور جنوبی کوریا کی بحری مشق کے لیے آئی این ایس سہیادری بوسان پہنچا
نئی دہلی، 28 اکتوبر (یواین آئی) ہندوستانی بحریہ کا دیسی ساختہ اسٹیلتھ فریگیٹ آئی این ایس سہیادری جنوبی کوریا کی بندرگاہ بوسان میں واقع بحری اڈے پر پہنچ گیا ہے۔وزارت دفاع نے بدھ کے روز بتایا کہ یہ جنگی جہاز ہندوستان اور جنوبی کوریا کی بحری افواج کے درمیان ہونے والی دو طرفہ مشق میں حصہ لے گا۔ اس مشق کا مقصد بحرالکاہل اور بحرہند کے خطے میں بحری تعاون کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تال میل کو مضبوط بنانا ہے۔بندرگاہ پر دونوں ممالک کے بحری اہلکار پیشہ ورانہ تبادلۂ خیال، ایک دوسرے کے جہازوں کا دورہ، مشترکہ تربیت اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ اس کے بعد آئی این ایس سہیادری اور جنوبی کوریا کی بحریہ کے جہاز سمندر میں مشترکہ سرگرمیاں انجام دیں گے۔اس سے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان آپریشنل تال میل اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
