اداریہ ؍مضامین

اسلام کا دفاع اور نئی نسل کا تحفظ

’’دینی ادارے اسلام کے دفاع اور نئی نسل کے تحفظ پر خصوصی توجہ دیں‘‘

ایک ایسے عہد میں جب ہمارا ملک ایک خاص قسم کے نظریات کی آماجگاہ بن چکا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ صدیوں کی ہماری ساجھی وراثت کو زبر دست خطرہ درپیش ہے ۔یوں تو ساری دنیا میں اسلام مخالف طاقتیں سر گرم ہوں ،اسلامی نظام تعلیم جسے مدرسہ کہا جا تا ہے کو دہشت گردی کا اڈہ قرار دیا جا رہا ہو ، مولانا سید ارشد مدنی کا یہ مختصر سا جملہ اپنے اندر عہد حاضر کے فکری، اخلاقی اور معاشرتی بحران کا گہرا پیغام سموئے ہوئے ہے۔ یہ محض مدارس کے ذمہ داروں کے لیے ایک ہدایت نہیں، بلکہ پوری ملت کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔آج دنیا جس انتشار، بے چینی اور معاشی نابرابری سے دوچار ہے، اس کی بنیادی وجوہات میں ناانصافی، اخلاقی انحطاط اور دولت کی اندھی ہوس نمایاں ہیں۔ تعلیم، جو انسان کی فکری و اخلاقی تربیت کا ذریعہ تھی، بڑی حد تک حصولِ روزگار اور دولت کمانے کا وسیلہ بن کر رہ گئی ہے۔ اصولوں کی پاسداری کو دقیانوسی سوچ سمجھا جانے لگا ہے، جب کہ کامیابی کا پیمانہ دولت اور مادی آسائشوں کو بنا لیا گیا ہے۔ ایسے ماحول میں ایک صحت مند اور متوازن معاشرے کی تشکیل کیسے ممکن ہے؟
اسلام کا معاشی اور اخلاقی نظام ان خرابیوں کا واضح متبادل پیش کرتا ہے۔ وہ سود، استحصال اور ناانصافی کی مخالفت کرتا اور عدل، دیانت اور انسانی ہمدردی کی تعلیم دیتا ہے۔ اس کے باوجود اسلام کو فرسودہ اور جدید دنیا کے لیے ناقابلِ قبول ثابت کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ان کا مؤثر جواب محض نعروں اور احتجاج سے نہیں، بلکہ اسلامی تعلیمات کو علم، دلیل اور عملی کردار کے ذریعے پیش کرنے سے دیا جاسکتا ہے۔
اسلام کا دفاع دراصل عدل، انسانی وقار اور اخلاقی اقدار کا دفاع ہے۔ اگر ہم ظلم کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں تو ضروری ہے کہ اپنے معاملات میں بھی انصاف کو مقدم رکھیں۔ اگر ہم دیانت اور خدمتِ خلق کی تعلیم دیتے ہیں تو ہمارے کردار میں بھی ان اقدار کی جھلک نظر آنی چاہیے۔ قول و عمل کا یہی اتحاد اسلام کی حقیقی ترجمانی کرسکتا ہے۔
مولانا ارشد مدنی کے بیان کا دوسرا اہم پہلو نئی نسل کا تحفظ ہے۔ آج نوجوان منشیات، مادہ پرستی، بے لگام صارفیت اور سوشل میڈیا کے منفی اثرات سمیت متعدد چیلنجوں کا سامنا کررہے ہیں۔ انہیں صرف نصیحتوں اور پابندیوں کے ذریعے ان خطرات سے محفوظ نہیں رکھا جاسکتا، بلکہ ایسی تربیت ضروری ہے جو ان میں صحیح اور غلط کی تمیز، فکری پختگی اور اخلاقی استقامت پیدا کرے۔ انہیں یہ سمجھانا ہوگا کہ زندگی کا مقصد محض دولت جمع کرنا نہیں، بلکہ اپنے علم اور صلاحیتوں کو معاشرے کی بہتری کے لیے استعمال کرنا بھی ہے۔
اس سلسلے میں دینی اداروں اور مدارس کی ذمہ داری غیر معمولی ہے۔ انہیں دینی تعلیم کے ساتھ طلبہ کی فکری و اخلاقی تربیت پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ نئی نسل کے سوالات کے مدلل جواب، عصری مسائل سے واقفیت اور خدمتِ خلق کا جذبہ پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مدارس کے طلبہ جب اسلامی تعلیمات کو شعور اور دلیل کے ساتھ سمجھیں گے تو وہ نہ صرف اسلام کے بارے میں پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں کا جواب دے سکیں گے، بلکہ معاشرے میں امن، انصاف اور اخلاقی اقدار کے فروغ کا ذریعہ بھی بنیں گے۔
اسلام کے دفاع کے نام پر نفرت اور اشتعال کو فروغ دینا بھی درست راستہ نہیں۔ اس کا حقیقی دفاع علم، کردار، رواداری اور انصاف کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ظلم کے خلاف جدوجہد کا مقصد معاشرے سے ظلم کا خاتمہ ہونا چاہیے، نہ کہ نفرت کے نئے دائرے پیدا کرنا۔آج ضرورت اس بات کی ہے کہ دینی ادارے نئی نسل کی فکری رہنمائی اور کردار سازی کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں۔ وہ نوجوانوں کو دین سے وابستگی کے ساتھ معاشرتی ذمہ داری کا احساس بھی دلائیں، تاکہ وہ ذاتی مفاد سے بلند ہوکر ملک و قوم کی بہتری کے لیے کام کرسکیں۔اسلام کا دفاع اور نئی نسل کا تحفظ دراصل ایک ہی مشن کے دو اہم پہلو ہیں۔ اگر دینی ادارے اس ذمہ داری کو سنجیدگی سے ادا کریں تو وہ نہ صرف اسلامی تعلیمات کی صحیح ترجمانی کرسکتے ہیں، بلکہ ایک ایسے معاشرے کی تشکیل میں بھی مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں جہاں دولت سے زیادہ کردار، طاقت سے زیادہ انصاف اور ذاتی مفاد سے زیادہ اجتماعی بھلائی کو اہمیت حاصل ہو –