ملک میں پھولوں،خوشبودار و ادویاتی پودوں کی پیداوار میں زبردست اضافہ
نئی دہلی، (یو این آئی) ملک میں سال 2025-26 کے دوران پھولوں، پودے لگانے والی فصلوں (پلانٹیشن کراپس)، مصالحوں اور خوشبودار و ادویاتی پودوں کی پیداوار میں زبردست اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ پھولوں کی پیداوار میں تقریباً 14.45 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رواں سال پھولوں کی پیداوار 42.65 لاکھ ٹن سے بڑھ کر 48.82 لاکھ ٹن رہنے کا امکان ہے۔مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان کی جانب سے منگل کو جاری کردہ تیسرے پیشگی تخمینے کے اعداد و شمار کے مطابق پھولوں کی کاشت کا رقبہ بھی بڑھ کر 4.10 لاکھ ہیکٹر ہو گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اس تخمینے میں پودے لگانے والی فصلوں جیسے سپاری، ناریل، کاجو، پان کے پتے اور کوکو کے رقبے اور پیداوار دونوں میں اضافہ ہوا ہے، جس سے ان کی مجموعی پیداوار 7.56 فیصد بڑھ کر 182.64 لاکھ ٹن ہونے کا تخمینہ ہے۔ اس کے علاوہ، خوشبودار اور ادویاتی پودوں کی پیداوار بھی 9.01 لاکھ ٹن سے بڑھ کر 9.28 لاکھ ٹن ہونے کا امکان ہے۔
وہیں، ڈائریکٹوریٹ آف اریکانٹ اینڈ اسپائسز ڈیولپمنٹ کے اعداد و شمار کے مطابق ہلدی، لہسن، کری پتہ اور الائچی کی بہتر پیداوار کی بدولت سال 2025-26 میں مصالحوں کا کل رقبہ 47.56 لاکھ ہیکٹر اور پیداوار 123.54 لاکھ ٹن ہونے کی توقع ہے۔ ملک میں باغبانی کی مجموعی پیداوار بڑھ کر 3869.15 لاکھ ٹن ہونے کی امید ہے۔ یہ سال 2024-25 کے 3707.38 لاکھ ٹن کے مقابلے میں 161.77 لاکھ ٹن یعنی 4.36 فیصد زیادہ ہے۔
مسٹر چوہان نے اس شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی باصلاحیت قیادت، انّ داتاؤں کی محنت اور حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کی بدولت یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
