ایکٹ ایسٹ پالیسی’ نے ہند-آسیان تعلقات کو نئی رفتار اوربلندی عطا کی: مودی
ہند-آسیان سربراہی اجلاس میں اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ ہندوستان اور آسیان کا مستقبل مسابقت کی بجائے باہمی تعاون سے طے ہونا چاہیے
منیلا، (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان اور آسیان ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔
پی ایم مودی نے منگل کے روز منیلا میں 23 ویں ہند-آسیان سربراہی اجلاس میں اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ ہندوستان اور آسیان کا مستقبل مسابقت کی بجائے باہمی تعاون سے طے ہونا چاہیے۔ دونوں مل کر اس خطے کو امن اور استحکام کی علامت بنا سکتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں دنیا نے کئی بحرانوں کا سامنا کیا ہے۔ ایسے وقت میں دنیا کو امن، استحکام اور مستقبل کے حوالے سے اعتماد کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے رواں سال کے سربراہی اجلاس کے موضوع ‘مل کر اپنے مستقبل کی راہ متعین کرنا’ کو انتہائی اہم قرار دیا۔
پی ایم مودی نے کہا کہ ہندوستان کی ‘ایکٹ ایسٹ پالیسی’ نے ہند-آسیان تعلقات کو نئی رفتار اور گہرائی عطا کی ہے۔ اب یہ شراکت داری مشترکہ ثقافت اور وراثت سے آگے بڑھ کر ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، دفاع اور خلائی سائنس جیسے شعبوں تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 سے اب تک عوامی رابطوں کو مضبوط بنانے کے لیے 100 سے زائد اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً 250 فوری اثر والے منصوبے (کوئیک امپیکٹ پروجیکٹس) شروع کیے گئے ہیں اور 10,000 سے زیادہ ہنر مندی کے فروغ (اسکل ڈیولپمنٹ) کے وظائف دیے گئے ہیں۔ بھارت اور آسیان کے نو ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں اور بڑھتی ہوئی سیاحت بھی باہمی قربت کا ثبوت ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ رواں سال آسیان ممالک کا یہ ان کا تیسرا دورہ ہے، جو ہندوستان کے لیے آسیان کی خصوصی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ ہندوستان کی ترقی اور آسیان کی خوشحالی ایک دوسرے سے گہرائی سے جڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ‘آسیان کمیونٹی کا 2045 کا وژن’ اور ‘وکست ہندوستان 2047’، دونوں کی مشترکہ امنگوں کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔مسٹر مودی نے آسیان کے اتحاد اور خطے میں اس کے مرکزی کردار کے تئیں ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ اس اجلاس سے ہندوستان اور آسیان کی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندی ملے گی اور ایک محفوظ، جامع اور خوشحال انڈو پیسیفک خطے کی تعمیر میں مدد ملے گی۔
