بہار نامہ

اب ویشالی سے پٹنہ کا براہِ راست رابطہ

21 نومبر کو چھ لین والا کیبل پل وزیر اعظم نریندر مودی عوام کے نام وقف کریں گے

پٹنہ،  (یو این آئی) پٹنہ میں کچھی درگاہ سے ویشالی کے قومی شاہراہ نمبر 103 پر واقع بیدوپور کے درمیان دریائے گنگا پر تعمیر کیے گئے چھ لین والے کیبل پل (نتیش سیتو) کو وزیر اعظم نریندر مودی 21 نومبر کو عوام کے نام وقف کریں گے۔ آزادی کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب گنگا کے اس پار آباد راگھوپور دیارا کا پورا علاقہ سڑک کے راستے براہِ راست راجدھانی پٹنہ سے جڑ جائے گا۔ اس اہم پل پر آمدورفت شروع ہونے سے کچھی درگاہ، راگھوپور دیارا اور ویشالی کے درمیان براہِ راست رابطہ قائم ہونے کے ساتھ ہی لوگوں کو سمستی پور اور دربھنگہ جانے میں بھی کافی آسانی ہوگی۔
محکمہ تعمیراتِ سڑک کے افسران کے مطابق، پٹنہ کی قومی شاہراہ نمبر 30 پر واقع کچھی درگاہ اور ضلع ویشالی کے تحت قومی شاہراہ نمبر 103 پر واقع بیدوپور کے درمیان دریائے گنگا پر مجموعی طور پر 19.76 کلومیٹر طویل چھ لین والے گرین فیلڈ پل منصوبے کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ اس منصوبے کے تحت 9.76 کلومیٹر طویل پل اور 10 کلومیٹر طویل رابطہ سڑک تعمیر کی گئی ہے۔
محکمہ کے افسران کے مطابق، 5,571 کروڑ 69 لاکھ روپے کی لاگت سے تیار یہ چھ لین والا پل پٹنہ کے سبّل پور کو این ایچ-103 (بیدوپور) کے ساتھ پٹنہ-بختیارپور بائی پاس (این ایچ-30) سے بھی براہِ راست جوڑتا ہے۔ اس پل منصوبے کی تکمیل سے اس علاقے کے لوگوں کو راجدھانی پٹنہ کے ساتھ بلارکاوٹ سڑک رابطے کی سہولت حاصل ہوگی۔ اس علاقے میں زراعت، صنعت اور دیگر کاروباری سرگرمیوں کو بھی تیزی سے فروغ ملے گا۔ اس کے علاوہ ہنگامی طبی ضرورت کے وقت علاج کے لیے پٹنہ پہنچنے والے لوگوں کو بھی سہولت ہوگی۔ یہ پورا منصوبہ پٹنہ اور شمالی بہار کے درمیان آمدورفت کو تیز، محفوظ اور آسان بنانے میں انتہائی مددگار ثابت ہو رہا ہے۔ اس پل کے تیار ہونے سے گاندھی سیتو پر گاڑیوں کا دباؤ بھی کم ہوگا۔