قومی خبریں

مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں 5000 سال ماقبل تاریخ چٹانی پینٹنگس کی دریافت

حیدرآباد (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے اسکالر کونڈاویٹی گوپی نے تلنگانہ کے ضلع میڑچل–ملکاجگیری کے منڈل شاہ میرپیٹ کے پونّال گاو ¿ں کے جنگلاتی علاقہ میں 2,500 سے 5,000 سال ماقبل تاریخ چٹانی قدیم پینٹنگس کے نایاب نمونوں کو دریافت کیا ہے۔ابتدائی تجزیوں کے مطابق، ان چٹانی پینٹنگس کا تعلق میسولیتھک، نیولیتھک، چلکولیتھک، میگالتھک اور ابتدائی تاریخی ادوار سے ہو سکتا ہے۔ تاہم ان کی صحیح تاریخ متعین کرنے کے لیے مزید تحقیقات ضروری ہیں۔
پروفیسر سلمیٰ احمد فاروقی، ڈائرکٹر ہارون خان شیروانی مرکز برائے مطالعاتِ دکن کے بموجب یہ دریافت مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد کے ریسرچ اسکالر کونڈاویٹی گوپی اور آزاد محقق محمد نصیرالدین نے مقامی گائیڈ سنگامیش کے تعاون سے کی ہے۔
یہ پینٹنگس ایک بہت بڑی گرینائٹ چٹانی ساخت کے اندر قدرتی طور پر بنی ہوئی چٹانی پناہ گاہ کے بالائی حصہ پر سرخ رنگ سے بنائی گئی ہیں۔ ان پینٹنگس میں بنیادی طور پر انسانی اشکال، شکار کے مناظر، مختلف جنگلی جانوروں، ہرن، جنگلی بھینس، بیل وغیرہ کے ساتھ ہندسی نقوش اور تجریدی ڈیزائن کی عکاسی کی گئی ہے۔ یہ پینٹنگس قبل از تاریخ انسانی برادریوں کے طرزِ زندگی، فنّی مہارتوں اور فطرت کے ساتھ ان کے تعلق کو سمجھنے کے لیے اہم شواہد فراہم کرتی ہیں۔ شکار کے مناظر سے ماقبل تاریخ انسانوں کے شکار کے طریقوں، اجتماعی زندگی اور ذریعۂ معاش کی سرگرمیوں کے بارے میں دلچسپ معلومات حاصل ہوتی ہیں۔
اس کے علاوہ، یہاں کئی ہندسی اور تجریدی نقوش بھی نمایاں ہیں، جن میں ستارے یا سورج سے مشابہ علامات، چاروں جانب حلقوں والے مربع نما نقوش، ریت کی گھڑی یا ڈمرو جیسی علامتیں اور خم دار ٹیڑھی میڑھی لکیریں شامل ہیں۔
شاہ میر پیٹ، حیدرآباد کا یہ گاﺅں مقامی لوگوں کے لیے کافی مذہبی اہمیت بھی رکھتا ہے، جو یہاں شری گنڈی چترمّا کی پوجا کرتے ہیں۔
ریسرچ اسکالر کونڈاویٹی گوپی دراصل دریائے گوداوری کے طاس کی میگالتھک تہذیب پر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے سنٹر فار دکن اسٹڈیز میں تحقیق کر رہے ہیں۔ ان محققین نے محکمۂ آثارِ قدیمہ، ریاستی محکمۂ ورثہ اور محکمۂ جنگلات سے اپیل کی ہے کہ اس مقام کا جامع سروے، ڈیجیٹل دستاویز بندی اور سائنسی مطالعہ کرتے ہوئے قدیم پینٹنگس کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
محققین کے مطابق، یہ دریافت تلنگانہ کے قبل از تاریخ آثار و تہذیبی ورثے کے مطالعے میں ایک اہم اضافہ ہے۔
واضح رہے کہ یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالر کونڈاویٹی گوپی نے اس سے قبل بھدادری کتہ گوڑم میں ماقبل تاریخ چٹانوں پر پینٹنگس کے نمونوں کی دریافت کی تھی۔