کھیل کھلاڑی

شین ڈیٹز پاکستان ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

لاہور،  (یو این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے منگل کے روز بتایا کہ شین ڈیٹز کو پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
حال ہی میں ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے سبکدوش ہوئے آسٹریلیائی کوچ ڈیٹز، وہاب ریاض کی جگہ لیں گے۔ گزشتہ نومبر میں محمد وسیم کے اس عہدے سے ہٹنے کے بعد سے ریاض ٹیم کے ہیڈ کوچ سمیت کئی مختلف عہدوں پر کام کر چکے ہیں۔ یہ اعلان جاری آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے دوران سامنے آیا ہے، جس میں ریاض ٹیم کے مینٹور ہیں اور پاکستان نے چار میں سے تین گروپ میچز جیتے ہیں۔
عہدہ چاہے جو بھی رہا ہو، ریاض کی زیرِ نگرانی پاکستان کرکٹ میں ٹیم کے کھلاڑیوں اور حکمت عملی میں مسلسل تبدیلیوں کا ایک جانا پہچانا رجحان دیکھا گیا، جو پچھلے کئی کوچز کے دور کی بھی خاصیت رہی ہے۔ پاکستان نے اس سال کھیلے گئے 33 میچوں میں سے 15 جیتے، جن میں سے چھ ہوم گراؤنڈ پر زمبابوے کے خلاف محدود اوورز کی سیریز میں حاصل ہوئے۔ جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دونوں دوطرفہ سیریز 2-1 سے ہارنے کے علاوہ، پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی صرف ایک فتح حاصل کر سکا۔ ورلڈ کپ سے قبل سہ ملکی سیریز میں پاکستان کوئی میچ جیتے بغیر باہر ہو گیا تھا۔ ایشیا کپ میں ٹیم سیمی فائنلسٹ رہی، جبکہ ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
ڈیٹز، جو گزشتہ چار سال میں پاکستان ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر کام کرنے والے ساتویں فرد ہیں، ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی آئندہ دوطرفہ سیریز سے قبل ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور ٹیم کے ساتھ اپنی پہلی اسائنمنٹ کے لیے کیریبین میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔