آئی ٹی پی او انتظامیہ کے واپس لیے گئے فیصلے سے خوش نظر آئے بزرگ اور معذور
سینئر سٹیزن اور معذوربغیر ٹکٹ کے عالمی تجارتی میلہ پرگتی میدان میں نمائش کا مفت لے رہے ہیں مزہ
9873267612
نئی دہلی،17نومبر،سماج نیوز: انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر (IITF-2026) میں بزرگ شہریوں کو اہم راحت ملی ہے۔ انڈیا ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (ITPO) نے اپنے پہلے اعلان کردہ داخلے کے نظام میں ترمیم کی ہے، جو اب کاروباری دنوں میں بزرگ شہریوں کو بھی مفت داخلہ کی پیشکش کر رہا ہے۔ یہ سہولت پیر سے لاگو کی گئی تھی۔سابقہ نظام کے تحت کاروباری دنوں (14 سے 18 نومبر) میں داخلے کے لیے ٹکٹ لازمی تھے۔ کاروباری دنوں میں بزرگ شہریوں کے لیے مفت داخلہ دستیاب نہیں تھا۔ اب آئی ٹی پی او کے نئے فیصلے سے بزرگ شہری اس مدت کے دوران بھی انٹری فیس ادا کیے بغیر میلے کا دورہ کر سکیں گے۔ یہ فیصلہ ان بزرگ شہریوں کو راحت فراہم کرے گا جو تجارتی میلے میں ریاستی پویلین، روایتی دستکاری، دیسی مصنوعات اور کاروباری سرگرمیاں دیکھنے آتے ہیں۔ کاروباری دنوں میں عام طور پر عام دنوں کی نسبت تاجروں اور کاروباری نمائندوں کی زیادہ تعداد نظر آتی ہے۔ آئی ٹی پی او انتظامیہ کی جانب سے پریس کانفرنس کے دوران بتایا گیا تھا کہ بزنس ڈے میں سینئر سٹیزن اور معذوروں کے لیے بھی ٹکٹ خریدنا لازمی ہے۔ اس خبر کے بعد سے میڈیا اور دوسرے ذرائع نے آئی ٹی پی او انتظامیہ کو بتایا کہ اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا ہے اور ہمیشہ سے ہی سینئر سٹیزن اور معذوروں کو عالمی تجارتی میلے میں مفت داخلہ ملتا رہا ہے۔ اور اس مرتبہ بھی ملنا چاہئے۔ آخر کار آئی ٹی پی او انتظامیہ نے اپنا خود کا فیصلہ بدلتے ہوئے سینئر سٹیزن اور بزرگوں کو مفت داخلے کا اعلان کر دیا۔ جس سے آج بزرگوں اور معذوروں کو پرگتی میدان کے عالمی تجارتی میلے میں گھومتے ہوئے دیکھا گیا۔ نمائندے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ آئی ٹی پی او کے فیصلے سے ہمیں کافی راحت ملی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج ہم بڑی تعداد میں پرگتی میدان عالمی تجارتی میلے میں گھومنے آئے ہیں۔ حالانکہ داخلے کے لیے ایک درست سرکاری شناختی کارڈ جیسے آدھار کارڈ، ووٹر آئی ڈی یا معذوری کا سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہے۔ تاکہ اس عمر اور معذوری کا اندازہ لگایا جا سکے۔ اور انٹری کرتے ہوئے کسی طرح کی کوئی دقت نہیں آئے۔ فیصلے میں تبدیلی کی اصل وجہ یہ تھی کہ عالمی تجارتی میلے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ابتدائی بزنس ڈیز کے دوران ہر ایک لیے 500 روپے کا ٹکٹ لازمی قرار دیا ۔ تاہم عوامی احتجاج اور میڈیا رپورٹس کے بعد آئی ٹی پی او نے اپنی غلطی کو درست کیا اور سابقہ نظام کو بحال کر دیا۔ اتنا ہی نہیں آئی ٹی پی او انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ میلے کے داخلی راستوں پر تقریباً 40 وہیلز چیئر بزرگوں اور معذوروں کی سہولیت کے لیے فراہم کرائی گئی ہیں۔ غور طلب ہے کہ تجارتی میلہ 14 سے 27 نومبر تک منعقد ہو رہا ہے۔ کاروباری دن 14 سے 18 نومبر تک ہیں جبکہ میلہ 19 سے 27 نومبر تک عام لوگوں کے لیے کھلا رہے گا جہاں بزرگ شہریوں اور معذور افراد کے لیے مفت داخلہ پہلے کی طرح جاری رہے گا۔
