ریاستی خبریں

اسٹریٹ وینڈرز قرض اسکیم میں اڈیشہ ملک کی تین سرکردہ ریاستوں میں شامل

بھوبنیشور،  (یو این آئی) اڈیشہ نے سڑکوں پر کاروبار کرنے والے خوانچہ فروشوں کو بغیر کسی ضمانت کے کاروباری قرض فراہم کرنے اور انہیں باضابطہ قرض نظام سے جوڑنے کے سلسلے میں پیش رفت کے لیے پی ایم سواندھی سمان ایوارڈز 2026 کے تحت ‘بہترین کارکردگی۔ تیز رفتار پیش رفت’ کے زمرے میں تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔
یہ ایوارڈ یکم ستمبر 2025 سے 31 اگست 2026 تک ریاست کی کارکردگی کی بنیاد پر دیا گیا۔ نئی دہلی کے ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر میں منعقدہ تقریب میں مرکزی وزیر برائے ہاؤسنگ و شہری امور منوہر لال نے یہ ایوارڈ پیش کیا۔ ریاست کے محکمہ ہاؤسنگ و شہری ترقی کے ایڈیشنل سکریٹری سشانت سنگھ نے اڈیشہ کی جانب سے ایوارڈ حاصل کیا۔
اس جائزے میں کاروباری سرمایہ فراہم کرنے کے لیے قرضوں کی تقسیم، ڈیجیٹل لین دین کے فروغ اور خوانچہ فروشوں کے اہل خانہ کو مختلف فلاحی اسکیموں سے جوڑنے جیسے امور کو شامل کیا گیا تھا۔
یکم جون 2020 کو شروع کی گئی پی ایم سواندھی اسکیم کے تحت ملک بھر میں تقریباً 81 لاکھ خوانچہ فروشوں کو 20 ہزار کروڑ روپے کے قریب مالیت کے ایک کروڑ 21 لاکھ سے زائد قرض فراہم کیے جاچکے ہیں۔
اسکیم کی ازسرنو تشکیل کے بعد پہلے سال میں تقریباً 22 لاکھ قرض تقسیم کیے گئے، جن کی مجموعی مالیت 6,294 کروڑ روپے تھی۔ ان میں 10.6 لاکھ نئے مستفیدین کو دیے گئے قرض بھی شامل ہیں۔ اس اسکیم کے تحت اہل خوانچہ فروشوں کو یو پی آئی سے منسلک روپَے کریڈٹ کارڈ بھی فراہم کیے جاتے ہیں، جن کی قرض کی حد 30 ہزار روپے تک ہے۔
سال 2026 کے ایوارڈز میں ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں، شہری بلدیاتی اداروں، قرض فراہم کرنے والے اداروں اور شراکت دار تنظیموں کے لیے مجموعی طور پر 52 ایوارڈز اور پانچ خصوصی اعزازات شامل تھے۔