میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی ثابت
80 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ عالمی عدالتِ انصاف نے کسی ریاست کو نسل کشی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ یہ فیصلہ صرف روہنگیا مسلمانوں کے زخموں پر مرہم نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک انتباہ بھی ہے کہ طاقت کے نشے میں انسانیت کا قتل کرنے والی ریاستیں ہمیشہ قانون کی گرفت سے باہر نہیں رہ سکتیں۔ دنیا کی تاریخ میں کچھ فیصلے ایسے ہوتے ہیں جو محض کسی مقدمے کا فیصلہ نہیں ہوتے بلکہ انسانی تہذیب، انصاف اور بین الاقوامی قانون کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کرتے ہیں۔ عالمی عدالتِ انصاف کا روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے معاملے میں سنایا گیا تازہ ترین فیصلہ بھی ایسا ہی ایک تاریخی فیصلہ ہے۔ دی ہیگ میں 19 نومبر کو سنائے گئے اس فیصلے نے میانمار کی فوجی حکومت کو روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا ذمہ دار قرار دے کر عالمی انصاف کی تاریخ میں ایک نئی مثال قائم کردی ہے۔اس سے قبل بھی عدالت نے نسل کشی کے معاملات میں فیصلے سنائے، لیکن میانمار کے خلاف اس فیصلے کی انفرادیت یہ ہے کہ عدالت نے واضح طور پر تسلیم کیا ہے کہ ریاستی اداروں اور فوجی اہلکاروں نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف نسل کشی کا ارتکاب کیا۔ عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ میانمار نسل کشی کو روکنے، اس کے ذمہ داروں کو سزا دینے اور شواہد محفوظ رکھنے کی اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا۔
یہ فیصلہ دراصل ان ہزاروں بے گناہ انسانوں کی چیخوں کی قانونی توثیق ہے جنہیں 2017 میں میانمار کی ریاست رخائن میں فوجی کارروائیوں کے دوران قتل کیا گیا، جن کی عورتوں کی عصمت دری کی گئی، جن کے بچوں کو نشانہ بنایا گیا، جن کے گھر اور بستیاں نذرِ آتش کردی گئیں اور جنہیں اپنی ہی سرزمین سے بے دخل ہوکر بنگلہ دیش کے پناہ گزین کیمپوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہونا پڑا۔ سات لاکھ سے زیادہ روہنگیا مسلمانوں کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا اور آج بھی لاکھوں افراد جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ اس پوری انسانی تباہی کے دوران عالمی برادری کا بڑا حصہ خاموش تماشائی بنا رہا۔ انسانی حقوق کے علم بردار ممالک کے بیانات تو سامنے آتے رہے، لیکن عملی اقدامات کا فقدان رہا۔ اب عالمی عدالت کے فیصلے نے اس حقیقت پر مہر ثبت کردی ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ محض فوجی کارروائی یا داخلی سلامتی کا معاملہ نہیں تھا بلکہ نسل کشی جیسا سنگین بین الاقوامی جرم تھا۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ اس مقدمے کو عالمی عدالت تک پہنچانے کا سہرا گیمبیا کے سر جاتا ہے۔ ایک چھوٹے سے افریقی ملک نے طاقت ور ریاست میانمار کے خلاف انصاف کی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا اور اسلامی تعاون تنظیم کی حمایت سے عالمی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ اس اقدام نے ثابت کردیا کہ انصاف کی آواز بلند کرنے کے لیے کسی ملک کا بڑا یا طاقت ور ہونا ضروری نہیں، بلکہ اس کے اندر اخلاقی جرأت اور انسانی ضمیر کا زندہ ہونا ضروری ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ طاقت ور حکومتیں اکثر عالمی اداروں کے فیصلوں کو نظر انداز کرتی رہی ہیں۔ حالانکہ عالمی عدالتِ انصاف کے پاس اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کرانے کے لیے کوئی مستقل فوجی یا انتظامی قوت نہیں ہے۔ اس لیے اصل امتحان اب عالمی برادری کا ہے کہ وہ میانمار کو اپنے وعدوں اور قانونی ذمہ داریوں سے فرار کا موقع دیتی ہے یا اسے فیصلے پر عمل کرنے کے لیے مجبور کرتی ہے۔عدالت نے میانمار کو نسل کشی سے متعلق خلاف ورزیاں ختم کرنے، ذمہ داروں کے خلاف تحقیقات اور قانونی کارروائی، متاثرین کے نقصانات کے ازالے، آئندہ ایسے جرائم کی روک تھام اور روہنگیا مسلمانوں کی محفوظ، رضاکارانہ اور باوقار واپسی کے اقدامات کا پابند بنایا ہے۔ اب ضروری ہے کہ ان احکامات کو عملی شکل دی جائے۔ روہنگیا مسلمانوں کو ان کی شناخت، بنیادی حقوق اور شہریت کے معاملے میں امتیازی سلوک سے نجات دلائے بغیر اس المیے کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔ اس پورے معاملے میں ہندوستان کا کردار بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے، انسانی اقدار اور عدم تشدد کی تہذیبی روایت کا دعوے دار ہے اور بین الاقوامی سطح پر گلوبل ساؤتھ کی ایک اہم آواز بھی ہے۔ ایسے میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر عالمی عدالت کے فیصلے کے بعد ہندوستان کی خاموشی یا سرد مہری کسی بھی اعتبار سے مناسب نہیں ہوگی۔ حکومتِ ہند کو اس تاریخی فیصلے کا کھل کر خیرمقدم کرنا چاہیے اور میانمار پر سفارتی دباؤ ڈالنا چاہیے کہ وہ عالمی عدالت کے احکامات پر مکمل عمل درآمد کرے۔ اس سے بھی زیادہ اہم ہندوستان کے اندر موجود روہنگیا پناہ گزینوں کا معاملہ ہے۔ اگر عالمی عدالت نے میانمار میں ان کے ساتھ ہونے والے مظالم کو نسل کشی قرار دے دیا ہے تو ہندوستان کو ان پناہ گزینوں کے ساتھ محض غیر قانونی تارکین وطن جیسا سلوک کرنے کے بجائے ان کے انسانی تحفظ کو مقدم رکھنا چاہیے۔ ان کی جبری ملک بدری، غیر ضروری حراست اور ہراسانی سے گریز کیا جانا چاہیے۔ انہیں محفوظ واپسی تک انسانی بنیادوں پر رہائش، تعلیم، علاج اور بنیادی سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں۔ بین الاقوامی قانون کے تحت جبری واپسی کے خطرات اور انسانی حقوق کی ذمہ داریوں کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ روہنگیا مسلمانوں کا مسئلہ صرف مسلمانوں کا مسئلہ نہیں، یہ انسانیت کا مسئلہ ہے۔ اگر آج مذہب، نسل یا قومیت کی بنیاد پر کسی گروہ کی نسل کشی کو نظرانداز کردیا گیا تو کل یہی رویہ دنیا کے کسی دوسرے خطے میں کسی دوسری قوم کے خلاف بھی اختیار کیا جاسکتا ہے۔ اس لیے اس فیصلے کی اہمیت کسی ایک مذہبی یا نسلی گروہ تک محدود نہیں ہے۔ عالمی عدالتِ انصاف نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، لیکن انصاف کی تکمیل ابھی باقی ہے۔ جب تک متاثرین اپنے گھروں کو واپس نہیں لوٹتے، جب تک ان کی شناخت اور بنیادی حقوق بحال نہیں ہوتے، جب تک مجرموں کو سزا نہیں ملتی اور جب تک ان کے زخموں کا ازالہ نہیں ہوتا، اس وقت تک یہ فیصلہ اپنی مکمل معنویت حاصل نہیں کرسکتا۔ اب دنیا کو یہ ثابت کرنا ہے کہ عالمی قانون محض طاقت ور ملکوں کے مفادات کا محافظ نہیں بلکہ کمزور اور بے سہارا انسانوں کے حقوق کی حفاظت کا ذریعہ بھی ہے۔ روہنگیا مسلمانوں کو صرف ہمدردی نہیں، انصاف چاہیے؛ صرف بیانات نہیں، عملی اقدامات چاہئیں۔ اور ہندوستان کو بھی فیصلہ کرنا ہے کہ وہ اس تاریخی لمحے میں خاموش تماشائی بن کر کھڑا رہے گا یا انسانیت، انصاف اور جمہوری اقدار کے ساتھ اپنی وابستگی کا عملی ثبوت پیش کرے گا۔
