بہار نامہ

حاجی جمیل منظر صاحب ایک صاحب کردار انسان تھے :حضرت امیر شریعت

ناظم امارت شرعیہ نے حاجی صاحب کے وصال کو ایک بڑا ملی سانحہ قرار دیا

پھلواری شریف :پریس ریلیز :  شہرکلکتہ کی معروف ملی وسماجی شخصیت جناب حاجی جمیل منظر صاحب طویل علالت کے بعد سترسال کی عمر طبعی پاکر   2026کو اللہ رب العزت کے دربار میں حاضر ہوگئے ، انا للہ وانا الیہ راجعون ، حاجی صاحب مرحوم نہایت ہی فعال ومتحرک آدمی تھے ، ان کا کلکتہ میں چمڑے کا بڑا کاروبار تھا ، اللہ نے ان کی تجارت میں بڑی برکت عطا کی تھی ان کے دل کے اندر سخاوت وفیاضی کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی ،  بزرگوں سےبھی  گہرا عقیدت مندانہ تعلق تھا ، ایسی بلند  شخصیت کا ہمارے درمیان سے اٹھ جانا ایک بڑ املی سانحہ ہے ، ان کے انتقال پر گہرے رنج وغم اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے امیر شریعت بہار، اڈیشہ ،جھارکھنڈ ومغربی بنگال حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ لعالی نے کہا کہ حاجی صاحب مرحوم کا امارت شرعیہ اور خانقاہ رحما نی مونگیر سے نیازمندانہ تعلق رہاہے ، والد ماجد مفکراسلام حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی صاحب ؒ سے بھی ان کے بڑےگہرے تعلقات تھے ، بلا شبہ ان کے وصال سے ایک بڑ خلا پیدا ہوگیاہے ، اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اوردرجات کو بلند کرے ناظم امار ت شرعیہ بہار، اڈیشہ ،جھارکھنڈ ومغربی بنگال مولانا مفتی محمد سعید الرحمٰن قاسمی نے ان کے انتقال پر دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ حاجی صاحب    ایک  بڑے  مخلص     آدمی  تھے  ا ن کا ملک کی مختلف مؤقر تنظیموں باالخصوص آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ اور امارت شرعیہ سے بے پناہ تعلق رہاہے ، وہ عرصہ سے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن تھے ، انہوں نے اپنی سرپرستی ونگرانی میں بورڈ کے دو کامیاب اجلاس کلکتہ میں منعقدکروائے ، جہاں لوگوں نے ان کے حسن انتظام اور نظم وضبط کی بڑی ستائش کی ، حاجی صاحب کا امیر شریعت ساد س حضرت مولا نا سید نظام الدین صاحب ؒسے بڑا گہرا رشتہ تھا ، آبائی طور پر حاجی صاحب گیا کے باشندہ تھے مگرا ن کے خاندان نے تجارت وکاروبار کی غرض سے کلکتہ کو مرکز بنایا،جہاں انہوں نے اپنی پوری زندگی گزاری، ناظم صاحب نے مزید کہا کہ حاجی صاحب سے میرے دیرینہ راہ ورسم رہے ہیں ، بورڈ کے مختلف اجلاسوں میں ملاقات کا شرف رہا، وہ بڑی خندہ روئی سے بغل گیر ہوتے اور دعائیں دیتے ، جس سے محبت واپنائیت کا احساس ابھرتا، ایسی مخلص شخصیت کا اٹھ جانا ایک بڑا خلا ہے ، رب کریم ان کے حسنات کو شرف قبولیت سے نوازے اور اہل خانہ کو صبر وشکیب کی نعمت سے بہرہ ور کرے ، میں غم کی اس گھڑی میں پسماندگان کے ساتھ برابر کا شریک ہوں اور حاجی صاحب مرحوم کی بلندی درجات کی دعاکرتاہوں اللہ تعالیٰ ان کی نیکیوں کو شرف قبولیت سے نوازے ۔ امارت شرعیہ کے دیگر ذمہ داران حضرات صدر قاضی شریعت مولانا مفتی محمد انظار عالم قاسمی ، نائب ناظم مولانا مفتی محمدثناء الہدیٰ قاسمی ، مولانا مفتی محمد سہراب ندوی ، مولانا مفتی محمد احتکام الحق قاسمی قائم مقام مفتی امارت شرعیہ، نائب قاضی شریعت مولانا مفتی وصی احمد قاسمی ، مولانا سہیل اختر قاسمی ، قاضی شریعت دار القضاءکلکتہ مولانا ضمیر الدین قاسمی ، مولانا قمر انیس قاسمی ، مولانا احمد حسین قاسمی ، مولانا رضوان احمد ندوی صاحب نے حاجی صاحب کے وصال پر دکھ اورصدمے کا اظہار کیا اوران کی گوناگوں خوبیوں اورکمالات کا اظہار کیا ، قارئین کرام سے دعاء مغفرت کی درخواست ہے۔