دہلی کی عمارتیں کب تک لوگوں کی قبریں بنتی رہیں گی؟
آسیہ خان
دہلی اب صرف آلودگی، ٹریفک جام، ٹوٹی سڑکوں اور بنیادی شہری سہولتوں کی بدحالی ہی سے دوچار نہیں، بلکہ ایک اور انتہائی سنگین مسئلے نے اس کی شہری زندگی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ملک کی راجدھانی کی عمارتیں اب لوگوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ کے بجائے موت کا پھندا بنتی جا رہی ہیں۔ کہیں برسوں پرانی عمارت اچانک زمین بوس ہو جاتی ہے، کہیں زیر تعمیر مکان کی چھت مزدوروں پر آ گرتی ہے اور کہیں غیر قانونی طور پر بڑھائی گئی منزلیں انسانی جانوں کو ملبے تلے دفن کر دیتی ہیں۔ ہر حادثے کے بعد چند روز تک ہنگامہ ہوتا ہے، افسران جائے وقوعہ پر پہنچتے ہیں، تحقیقات کے احکامات جاری ہوتے ہیں، گرفتاریاں عمل میں آتی ہیں اور پھر سب کچھ حسبِ سابق چلنے لگتا ہے۔ مگر ان خاندانوں کی زندگی کبھی معمول پر نہیں آتی جن کے اپنے ان حادثات میں ہمیشہ کے لیے بچھڑ جاتے ہیں۔گزشتہ 17 نومبر کو دہلی کے ویویک وہار علاقے کے جوالا نگر، گلی نمبر چھ میں ایک دو منزلہ پرانی عمارت اچانک منہدم ہو گئی۔ اس حادثے میں تین سالہ معصوم لڈو عرف دیوانش اور 35 سالہ پنٹو کی موت ہو گئی، جب کہ چار دیگر افراد زخمی ہوئے۔ امدادی ٹیموں نے ملبے میں دبے لوگوں کو نکالنے کے لیے کارروائی کی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمارت تقریباً چالیس سے پچاس برس پرانی تھی اور اس میں وقت کے ساتھ دراڑیں پڑ چکی تھیں۔ ایک معصوم بچے اور ایک شخص کی موت نے ایک مرتبہ پھر دہلی کے شہری انتظامات پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ کیا اب ملک کی راجدھانی میں کسی عمارت کے گرنے کے بعد ہی اس کی خستہ حالی کا پتا چلے گا؟ کیا ایسا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں جو وقت رہتے خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کرکے وہاں رہنے والوں کی جان بچا سکے؟
یہ کوئی پہلا حادثہ نہیں ہے۔ دہلی میں عمارتیں گرنے اور ان کے ملبے تلے لوگوں کی جانیں جانے کا سلسلہ برسوں سے جاری ہے۔ دہلی فائر سروس کے اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے اکتوبر 2026 تک مکانات اور عمارتوں کے منہدم ہونے سے متعلق 396 ہنگامی کال موصول ہوئیں۔ ان واقعات میں 36 افراد کی موت ہوئی اور 139 افراد کو بچایا گیا۔ سال 2025 میں بھی اس نوعیت کی 500 سے زیادہ کال موصول ہوئی تھیں اور 50 سے زائد افراد اپنی جان گنوا بیٹھے تھے۔ ان اعداد و شمار میں مکمل عمارتوں کے منہدم ہونے کے علاوہ چھتوں اور دیواروں کے گرنے کے واقعات بھی شامل ہیں۔ یہ صورت حال اس بات کا ثبوت ہے کہ دہلی میں عمارتوں کی حفاظت کا مسئلہ اب کسی ایک علاقے یا چند عمارتوں تک محدود نہیں رہا۔
30 مئی 2026 کو جنوبی دہلی کے سیدالاجاب علاقے میں ایک پانچ منزلہ عمارت منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں چھ افراد کی موت ہوئی اور متعدد زخمی ہوئے۔ ابتدائی تحقیقات میں غیر مجاز اضافی منزلوں کی تعمیر اور تعمیراتی ضابطوں کی خلاف ورزی جیسے سنگین پہلو سامنے آئے۔ بتایا گیا کہ عمارت میں مزید منزلیں تعمیر کرنے کا کام جاری تھا۔
6 ستمبر کو جنوبی دہلی کے ستیہ نکیتن میں پانچ منزلہ عمارت منہدم ہو گئی۔ اس عمارت میں طلبہ کے لیے پیئنگ گیسٹ ہاؤس قائم تھا۔ اس دردناک حادثے میں سات افراد کی جان چلی گئی، جن میں پانچ طلبہ اور دو مزدور شامل تھے۔ تحقیقات میں عمارت کے اندر غیر مجاز تبدیلیوں اور تعمیراتی ضابطوں کی خلاف ورزی کے پہلو سامنے آئے۔ حادثے کے بعد عمارت کے مالک اور دیگر متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی گئی اور ایم سی ڈی کے پانچ اہلکاروں کو معطل بھی کیا گیا۔ لیکن اصل سوال اپنی جگہ برقرار ہے کہ اگر عمارت میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی جا رہی تھیں تو متعلقہ محکموں کی نگرانی کہاں تھی؟
اکتوبر میں بھی دہلی اس طرح کے حادثات سے محفوظ نہیں رہی۔ 7 اکتوبر کو سیما پوری میں عمارت گرنے کا واقعہ سامنے آیا، جب کہ 25 اکتوبر کو ہرش وہار میں زیر تعمیر عمارت منہدم ہونے سے دو افراد کی موت ہو گئی۔ ان واقعات سے واضح ہوتا ہے کہ ناقص تعمیرات اور عمارتوں کی خستہ حالی کا خطرہ دہلی کے مختلف علاقوں میں پھیل چکا ہے۔
5 نومبر کو پرانی دہلی کے حوض قاضی علاقے کی گلی شھتارہ میں تین منزلہ زیر تعمیر عمارت منہدم ہو گئی۔ اس حادثے نے پورے علاقے کو دہلا کر رکھ دیا۔ کئی گھنٹوں تک ملبے میں دبے لوگوں کو نکالنے کی کارروائی جاری رہی اور چھ افراد کی موت ہوئی۔ پولیس نے عمارت کے مالک اور تین ٹھیکیداروں کو گرفتار کیا۔ ابتدائی تحقیقات میں منظور شدہ نقشے اور تعمیراتی ضابطوں کی خلاف ورزی کا معاملہ سامنے آیا۔ یہ حادثہ اس پورے نظام پر سوالیہ نشان تھا جس میں تعمیرات کی نگرانی اور حفاظتی قوانین پر عمل درآمد کی ذمہ داری مختلف سرکاری محکموں پر عائد ہوتی ہے۔
اس سانحے کے چند ہی روز بعد، 15 نومبر کو پہاڑ گنج کے سنگتر اشن علاقے میں زیر تعمیر ہوٹل کی دوسری منزل کی چھت ڈالنے کے دوران عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا۔ اس حادثے میں آٹھ مزدور زخمی ہوئے۔ ابتدائی معائنے میں عمارت کے سہارے دینے والے ستونوں کے گیلا ہونے اور ڈھانچے کے ایک طرف جھکنے کی بات سامنے آئی۔ پولیس نے مکان مالک اور ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ ابھی اس حادثے کی بازگشت بھی ختم نہیں ہوئی تھی کہ 17 نومبر کو ویویک وہار میں ایک اور عمارت زمین بوس ہو گئی اور دو جانیں ضائع ہو گئیں۔
اگر دہلی فائر سروس کے جنوری سے اکتوبر تک کے اعداد و شمار کو نومبر کے حوض قاضی اور ویویک وہار کے حادثات کے ساتھ دیکھا جائے تو نومبر کے وسط تک عمارتوں اور مکانات کے منہدم ہونے سے متعلق واقعات میں کم از کم 44 اموات کا مجموعی اندازہ سامنے آتا ہے۔ یہ حتمی سرکاری سالانہ تعداد نہیں، تاہم اتنی بڑی تعداد بھی اس بات کے لیے کافی ہے کہ حکومت اور متعلقہ محکمے اس مسئلے کو معمولی حادثات کا سلسلہ سمجھنے کے بجائے ایک سنگین شہری بحران تسلیم کریں۔
ان تمام واقعات کے پس منظر میں تعمیرات کے پورے نظام کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ دہلی کے متعدد علاقوں میں بلڈروں کی من مانی، تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی، ناقص مواد کا استعمال اور متعلقہ محکموں کے بعض اہلکاروں کے ساتھ مبینہ ملی بھگت کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔ زیادہ سے زیادہ منافع کمانے کی خواہش میں بعض بلڈر عمارتوں کی بنیاد اور ان کی بوجھ برداشت کرنے کی صلاحیت کو نظر انداز کرکے اضافی منزلیں تعمیر کر دیتے ہیں۔ جہاں دو منزلوں کی اجازت ہوتی ہے وہاں چار منزلیں کھڑی کر دی جاتی ہیں۔ سیمنٹ، سریے اور دیگر تعمیراتی مواد کے معیار سے سمجھوتہ کیا جاتا ہے اور عمارت کی مضبوطی کے بجائے اس کی ظاہری خوب صورتی اور زیادہ سے زیادہ منافع پر توجہ دی جاتی ہے۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ بظاہر تیار نظر آنے والی عمارت اندر سے کمزور ہوتی ہے اور کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔
اس صورت حال کا ایک اور تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ دہلی میں ایک غریب اور متوسط طبقے کے شخص کے لیے اپنا مکان بنانا یا پرانے مکان کی مرمت کرانا بھی آسان نہیں رہ گیا ہے۔ بالخصوص پرانی دہلی کی تنگ گلیوں میں رہنے والے لوگوں کو اپنے ہی مکان کی تعمیر اور مرمت کے لیے طرح طرح کی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کبھی نقشے اور اجازت نامے کا مسئلہ، کبھی تعمیراتی سامان کی فراہمی میں رکاوٹ اور کبھی متعلقہ محکموں کے دفتری چکر۔ مقامی لوگوں کی شکایات ہیں کہ بعض اوقات اس قدر دباؤ ڈالا جاتا ہے کہ ایک عام آدمی اپنی جمع پونجی خرچ کرنے کے باوجود اپنا مکان نہیں بنا پاتا۔ بالآخر وہ تھک ہار کر کسی بلڈر کے ساتھ سمجھوتہ کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔
بعض معاملات میں بلڈر مکان مالک کو یہ پیش کش کرتا ہے کہ وہ اس کا پرانا مکان گرا کر چار منزلہ عمارت تعمیر کر دے گا، جس میں دو منزلیں مکان مالک کی ہوں گی اور دو بلڈر اپنے حصے میں رکھے گا۔ بظاہر یہ سودا دونوں کے لیے فائدہ مند دکھائی دیتا ہے۔
لیکن اگر تعمیراتی معیار، عمارت کی بنیاد اور حفاظتی ضابطوں کا خیال نہ رکھا جائے تو یہی سمجھوتہ مستقبل میں کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ ہر بلڈر کو قصوروار قرار دینا درست نہیں، لیکن جہاں ناقص تعمیرات، غیر قانونی منزلوں اور افسران کے ساتھ مبینہ ساز باز کے شواہد ملیں، وہاں سخت اور غیر جانب دارانہ کارروائی ناگزیر ہے۔ کسی بھی بلڈر کا منافع انسانی زندگی سے زیادہ اہم نہیں ہو سکتا۔
سب سے زیادہ تشویش ناک صورت حال پرانی دہلی کی ہے۔ جامع مسجد، گلی کٹرہ گوکل شاہ، مٹیا محل، گلی گڑھیا،گلی مدرسے والی ، چوڑی والان، پہاڑی بھوجلا، پہاڑی املی، کوچہ میر عاشق، چھتہ لال میاں، چھتہ مومگران، حویلی اعظم خان، سید رفائی،ترکمان گیٹ، سیتا رام بازار، گلی شنکر والی، نبی کریم، پہاڑ گنج، اجمیری گیٹ، گلی شھتارہ، چاوڑی بازار، لال کنواں، بلی ماران اور چاندنی چوک تک شاید ہی کوئی ایسا علاقہ ہو جہاں پرانی اور خستہ حال عمارتیں موجود نہ ہوں۔ ان میں سے بہت سی عمارتوں کی دیواریں کمزور ہو چکی ہیں، چھتوں میں دراڑیں پڑی ہوئی ہیں، چھجے ٹوٹنے کے قریب ہیں اور کئی مکانات کی حالت ایسی ہے کہ کسی بھی وقت بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے۔
ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی پریشانی یہ ہے کہ وہ نہ تو آسانی سے اپنے مکان کی تعمیر نو کروا سکتے ہیں اور نہ ہی انہیں کوئی متبادل انتظام فراہم کیا جاتا ہے۔ بعض مکان مالکان کا کہنا ہے کہ ایم سی ڈی نہ انہیں تعمیر کی اجازت دیتی ہے اور نہ ہی ان کے مکانات کی مرمت اور تعمیر نو کے لیے کوئی آسان راستہ فراہم کرتی ہے۔ اگر کوئی شخص قانونی طریقے سے اپنا مکان تعمیر کرنا چاہے تو اسے برسوں دفتروں کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔ دوسری طرف ان خستہ حال عمارتوں کی تعمیر نو کے لیے بھی کوئی مؤثر انتظام موجود نہیں۔ آخر ایک عام شہری جائے تو کہاں جائے؟ کیا اسے اسی طرح کسی حادثے کا انتظار کرنا چاہیے؟
جامع مسجد علاقے کی
گلی کٹرہ گوکل شاہ کی مثال ہمارے سامنے ہے، جہاں ایک بوسیدہ مکان کا ایک حصہ پہلے ہی منہدم ہو چکا ہے اور اس واقعے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ مقامی لوگوں کے مطابق عمارت کا باقی ماندہ حصہ بھی انتہائی خطرناک حالت میں ہے اور کسی بھی وقت گر سکتا ہے۔ اس سلسلے میں گلی میں رہنے والوں نے کئی مرتبہ متعلقہ حکام کو متوجہ کیا، ویڈیوز بنا کر افسران اور پولیس تک پہنچائیں اور سوشل میڈیا پر بھی اپنی شکایات درج کرائیں، لیکن ان کے مطابق اب تک کوئی مؤثر کارروائی نہیں ہوئی۔ اگر کسی عمارت کا ایک حصہ گر چکا ہو اور باقی حصہ بھی منہدم ہونے کے خطرے سے دوچار ہو تو انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے کہ فوری طور پر حفاظتی اقدامات کرے۔ اس عمارت کے نیچے سے گزرنے والے راہ گیروں اور آس پاس کے مکانات میں رہنے والے خاندانوں کی جانوں کی حفاظت کون کرے گا؟
یہ صرف ایک گلی یا ایک مکان کا معاملہ نہیں۔ پرانی دہلی میں ایسے نہ جانے کتنے مکانات ہیں جن کی خستہ حالی کسی بھی وقت بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔ ان میں رہنے والے زیادہ تر لوگ غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے پاس نہ تو دوسرا مکان ہے، نہ کہیں منتقل ہونے کے وسائل اور نہ ہی اتنی مالی استطاعت کہ اپنی مدد آپ کے تحت کسی محفوظ جگہ منتقل ہو سکیں۔ ان کے لیے یہی بوسیدہ مکان واحد ٹھکانہ ہیں۔ اگر کوئی حادثہ پیش آتا ہے تو صرف عمارت نہیں گرتی بلکہ اس کے ساتھ کئی خاندانوں کی زندگی، امیدیں اور مستقبل بھی ملبے تلے دب جاتے ہیں۔
ایم سی ڈی کی ذمہ داری صرف عمارت گرنے کے بعد ملبہ ہٹانے، نوٹس جاری کرنے یا چند اہلکاروں کو معطل کرنے تک محدود نہیں ہو سکتی۔ اس کا بنیادی فرض ہے کہ وہ وقت رہتے خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کرے، ان کا تکنیکی معائنہ کرائے اور وہاں رہنے والے لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔ اسی طرح دہلی پولیس کی ذمہ داری بھی صرف حادثے کے بعد مقدمہ درج کرنے تک محدود نہیں ہونی چاہیے۔ اگر کسی علاقے میں غیر قانونی تعمیرات ہو رہی ہوں، مقامی لوگ مسلسل شکایات کر رہے ہوں اور کسی عمارت سے انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہو تو پولیس اور متعلقہ محکموں کو باہمی تعاون سے بروقت کارروائی کرنی چاہیے۔ بدعنوانی، رشوت خوری اور سرکاری اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت کے الزامات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں، تاکہ اصل ذمہ داروں کا تعین ہو سکے۔
اب ضرورت محض تحقیقات کے احکامات جاری کرنے کی نہیں بلکہ ایک ایسے جامع منصوبے کی ہے جس کے ذریعے اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جا سکے۔ سب سے پہلے دہلی کی تمام پرانی اور خستہ حال عمارتوں کا جامع سروے کرایا جائے۔ ہر وارڈ اور ہر گلی کی ایسی عمارتوں کی فہرست تیار کی جائے جن کے گرنے کا خطرہ ہے۔ ان کی حالت کے مطابق درجہ بندی کی جائے اور مالکان کو واضح طور پر بتایا جائے کہ کن عمارتوں کی مرمت ضروری ہے، کن کی تعمیر نو ناگزیر ہے اور کن میں رہنا فوری طور پر خطرناک ہے۔
جن مکانات کی مرمت ممکن ہے، ان کے مالکان کو تکنیکی رہنمائی اور تعمیر کی اجازت آسانی سے فراہم کی جائے۔ جن عمارتوں کو فوری طور پر خالی کرانا ضروری ہو، وہاں رہنے والے خاندانوں کے لیے عارضی رہائش کا مناسب انتظام کیا جائے۔ پرانی دہلی کے لیے خصوصی تعمیر نو اور عمارتوں کی حفاظت کی پالیسی بنائی جائے، جس میں مقامی آبادی، مکان مالکان، کرایہ داروں، انجینئروں اور شہری منصوبہ بندی کے ماہرین کی رائے شامل ہو۔
تعمیرات کی اجازت کے نظام کو بھی شفاف بنانا ہوگا۔ عام شہری کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ مکان کی مرمت یا تعمیر نو کے لیے کن دستاویزات اور اجازت ناموں کی ضرورت ہے۔ درخواستوں کے لیے مقررہ مدت طے کی جائے اور آن لائن نظام کے ذریعے ہر درخواست کی صورت حال معلوم کرنے کی سہولت فراہم کی جائے، تاکہ کسی شخص کو غیر ضروری طور پر دفتروں کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ تعمیر کے دوران مستند انجینئروں سے معائنہ کرایا جائے اور عمارت کی بنیاد، ستونوں، چھتوں، سریے اور سیمنٹ کے معیار کی جانچ کو یقینی بنایا جائے۔ جو بلڈر یا ٹھیکیدار منظور شدہ نقشے کے برخلاف تعمیر کرے یا ناقص میٹیریل استعمال کرے، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔
مزدوروں کی حفاظت کو بھی تعمیراتی عمل کا لازمی حصہ بنایا جائے۔ ہیلمٹ، حفاظتی بیلٹ، مضبوط مچان، مناسب شٹرنگ اور دیگر ضروری حفاظتی سامان کے بغیر مزدوروں سے کام نہ لیا جائے۔ حفاظتی انتظامات کی خلاف ورزی کرنے والے ٹھیکیداروں اور بلڈروں کے خلاف کارروائی ہو۔ آخر وہ مزدور بھی کسی کے بیٹے، باپ، بھائی اور خاندان کا سہارا ہوتے ہیں۔ ان کی زندگی کی قیمت بھی اتنی ہی ہے جتنی کسی صاحبِ حیثیت شخص کی۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہر حادثے کے بعد ذمہ داری کا تعین ہونا چاہیے۔ صرف مکان مالک یا ٹھیکیدار کو گرفتار کر لینے سے انتظامیہ اپنی ذمہ داری سے بری نہیں ہو سکتی۔ یہ بھی معلوم کیا جائے کہ آیا متعلقہ محکمے کو عمارت کی خستہ حالی کی اطلاع تھی، پہلے کوئی شکایت درج کرائی گئی تھی اور اگر تعمیر غیر قانونی تھی تو اسے بروقت کیوں نہیں روکا گیا؟ اگر کسی افسر نے شکایت کے باوجود کارروائی نہیں کی، کسی نے رشوت لے کر غیر قانونی تعمیر کو تحفظ فراہم کیا یا کسی بلڈر نے جان بوجھ کر حفاظتی ضابطوں کی خلاف ورزی کی تو ان سب کے خلاف یکساں سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ تحقیقات کی رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائے اور یہ بھی بتایا جائے کہ ذمہ دار افراد کے خلاف کیا اقدامات کیے گئے۔
دہلی ملک کی راجدھانی ہے۔ یہاں پارلیمنٹ ہے، سپریم کورٹ ہے، مرکزی حکومت کے بڑے بڑے دفاتر ہیں اور ملک کی پالیسیاں بنانے والے ادارے موجود ہیں۔ لیکن کتنی بڑی بدقسمتی ہے کہ اسی راجدھانی میں ہزاروں خاندان اس خوف کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں کہ معلوم نہیں ان کے مکان کی چھت کب ان کے سروں پر آ گرے گی۔ کیا یہ کسی جدید اور ترقی یافتہ شہر کی پہچان ہو سکتی ہے؟ کیا ملک کی راجدھانی کے شہریوں کو اپنے گھروں میں محفوظ رہنے کا بنیادی حق بھی حاصل نہیں ہونا چاہیے؟
ہر حادثے کے بعد ملبے سے لاشیں نکالی جاتی ہیں، زخمیوں کو اسپتال پہنچایا جاتا ہے، افسران بیانات دیتے ہیں اور چند روز بعد معاملہ نظروں سے اوجھل ہو جاتا ہے۔ لیکن جن والدین نے اپنے تین سالہ بچے کو کھویا، جن خاندانوں نے اپنے جوان بیٹوں کو کھویا اور جن مزدوروں نے دوسروں کے لیے عمارتیں تعمیر کرتے ہوئے اپنی جانیں گنوائیں، ان کے لیے یہ محض ایک خبر نہیں بلکہ زندگی بھر کا ایسا زخم ہے جو کبھی نہیں بھر سکتا۔
حکومت اور متعلقہ اداروں کو یہ احساس کرنا ہوگا کہ محفوظ مکان ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ کسی غریب کو اپنے مکان کی مرمت کے لیے دربدر ہونا پڑے، کسی مزدور کو روزگار کی خاطر اپنی جان خطرے میں ڈالنی پڑے اور کسی معصوم بچے کو انتظامی غفلت کی قیمت اپنی زندگی سے چکانی پڑے، یہ کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے ناقابل قبول ہے۔
دہلی کو جدید اور ترقی یافتہ بنانے کے دعوے اسی وقت حقیقت کا روپ دھار سکتے ہیں جب یہاں رہنے والے ہر شہری کو اپنے گھر میں محفوظ زندگی گزارنے کا یقین حاصل ہو۔ ورنہ چمکتی ہوئی سڑکوں، بلند و بالا عمارتوں اور ترقی کے بلند بانگ دعووں کے درمیان گرتی ہوئی پرانی عمارتیں ہر روز یہی سوال اٹھاتی رہیں گی کہ آخر اس شہر میں انسانی جان کی قیمت کب سمجھی جائے گی؟ اور آخر کب تک دہلی کی عمارتیں لوگوں کی قبریں بنتی رہیں گی؟
