پریاگ راج میں نوجوان کا گولی مار کر قتل
پریاگ راج، (یواین آئی) اترپردیش کے پریاگ راج ضلع کے میوآئمہ علاقے میں جمعہ کو دیر شام چائے کی ایک دکان پر ایک نوجوان کو گولی مار کر قتل کردیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق، دکان پر بیٹھ کر چائے پی رہے نوجوان کے پاس دو بدمعاش پیدل پہنچے اور اس کی کنپٹی پر دیسی پستول رکھ کر گولی مار دی۔ واردات کے بعد دونوں ملزمین ریلوے لائن پار کرکے فرار ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ جمعہ کی شام وجے نارائن عرف منٹو (38) راجنارائن پٹیل کی دکان پر بیٹھ کر چائے پی رہے تھے۔ اسی دوران دو بدمعاش پیدل وہاں پہنچے اور ان کے سر پر دیسی پستول رکھ کر گولی چلا دی۔ گولی لگنے سے منٹو کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ واردات کے بعد دونوں ملزمین ریلوے لائن پار کرکے فرار ہوگئے۔
پولیس نے جائے واردات کا معائنہ کیا اور آس پاس کے لوگوں سے پوچھ گچھ کی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تقریباً ایک سال قبل لوک پور بسائی گاؤں میں ایک نوجوان کی ریلوے لائن پر موت ہوئی تھی۔ اس معاملے میں منٹو پر الزام تھا کہ اس نے نوجوان کا قتل کرکے لاش ریلوے لائن پر پھینک دی تھی۔ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مقتول نوجوان کے اہل خانہ نے منٹو کو کئی مرتبہ دھمکیاں دی تھیں۔
پولیس اس پرانے واقعے اور اس سے وابستہ مبینہ دشمنی کے پہلو سے بھی تحقیقات کررہی ہے۔ تاہم قتل کے پیچھے یہی وجہ تھی یا نہیں، اس کی تصدیق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گی۔ پولیس حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کی کوشش کررہی ہے۔
ڈی سی پی گنگا نگر سونم کمار نے بتایا کہ علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی جارہی ہے۔ قتل کے تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے اور بہت جلد معاملے کا انکشاف کردیا جائے گا۔ لاش کا پنچ نامہ تیار کرکے پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ حملہ آوروں کی تلاش میں پولیس کی ٹیمیں ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مار رہی ہیں۔
