یوگی آدتیہ ناتھ کی والدہ ساوتری دیوی کی ہریدوار کے چندی دیوی گھاٹ پر آخری رسومات ادا
ہریدوار، (یواین آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی والدہ ساوتری دیوی کی ہفتہ کے روز ہریدوار کے چندی دیوی گھاٹ پر ویدک منتروں کی ادائیگی کے درمیان آخری رسومات ادا کی گئیں۔ ان کے چھوٹے بیٹے شیلیندر سنگھ بشٹ نے والدہ کو آگ دی۔آنجہانی ساوتری دیوی کی آخری یاترا میں ان کے بڑے بیٹے یوگی آدتیہ ناتھ، ان کے کئی کابینی ساتھی، اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی اور ان کے کابینی رفقا، تیرہ اکھاڑوں کے مہنت، سنت اور اتر پردیش و اتراکھنڈ کے کئی ارکان اسمبلی شریک ہوئے۔یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اپنی والدہ کے جسد خاکی کو کندھا دیا۔ وہ جمعہ کی شام ہی اپنے آبائی گاؤں پہنچ گئے تھے۔ اس دوران وہ غم زدہ نظر آئے۔ ہفتہ کی صبح اہل خانہ اور ملک بھر سے پہنچنے والے لوگوں کے ساتھ ان کی والدہ کی آخری یاترا ہریدوار کے لیے روانہ ہوئی، جہاں دوپہر سے قبل ان کے جسد خاکی کو آگ دے کر آخری رسومات ادا کی گئیں۔پنچور گاؤں سے آخری یاترا شروع ہونے کے بعد راستے میں آنے والے گاؤں اور قصبوں کے لوگوں نے آخری یاترا کی گاڑی پر پھول برسا کر اپنی محبت کا اظہار کیا اور آنجہانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وگی جمعہ کی رات اپنی والدہ کے آخری دیدار کے لیے پنچور پہنچے تھے۔ انہوں نے والدہ ساوتری دیوی کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے۔ یوگی رات بھر اپنی والدہ کے جسد خاکی کے پاس بیٹھے رہے اور انہوں نے نہ کھانا کھایا اور نہ پانی پیا۔آج صبح انہوں نے اپنی والدہ کی ارتھی کو کندھا دیا۔ اس دوران وہ بار بار اپنی نم آنکھوں کو پونچھتے نظر آئے، جس سے وہاں موجود ہر شخص کی آنکھیں بھی نم ہوگئیں۔واضح رہے کہ یوگی کی والدہ ساوتری دیوی کا جمعہ کی صبح 10 بج کر 45 منٹ پر انتقال ہوگیا تھا۔ ان کی عمر 91 سال تھی۔ شام کے وقت یوگی اتراکھنڈ پہنچے اور کچھ دیر تک والدہ کے جسد خاکی کے پاس کھڑے ہوکر انہیں ٹکٹکی باندھ کر دیکھتے رہے۔
