محکمہ موسمیات نے شمال مشرقی اور جنوبی ہندستان میں موسلادھار بارش کی وارننگ جاری کی
نئی دہلی، (یواین آئی) شمال مشرقی ہندستان کی کئی ریاستوں میں اتوار کو شدید بارش اور جنوبی ہندستان کی ریاستوں میں آئندہ کئی روز تک بارش اور گرج چمک کے ساتھ بوچھاریں پڑنے کے امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آج مشرقی اتر پردیش میں گھنے کہرے کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔ اس دوران امرتسر ایئرپورٹ سمیت کئی مقامات پر حدِ نگاہ (ویزیبلٹی) کم درج کی گئی۔ امرتسر میں حدِ نگاہ گھٹ کر 200 میٹر رہ گئی۔محکمہ موسمیات کی جانب سے آج صبح 8:26 بجے جاری کردہ آل انڈیا ویدر سمری اور پیشین گوئی بلیٹن کے مطابق اتوار کو آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں الگ الگ مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر گرج چمک اور بجلی گرنے کے بھی آثار ہیں۔ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں اتوار کو کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش ہو سکتی ہے۔ وہیں اروناچل پردیش، آسام اور میگھالیہ میں 24 نومبر تک چھٹ پٹ بارش ہونے کا اندازہ ہے۔ ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں 23 اور 24 نومبر کو بھی کچھ مقامات پر بارش ہونے کے امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں 23 سے 27 نومبر تک الگ الگ مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے۔ ان علاقوں میں 28 نومبر کو بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ کیرالہ اور ماہے میں 24 سے 26 نومبر تک شدید بارش کی پیشین گوئی ہے۔ تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں 24 اور 25 نومبر کو کئی مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔ جنوبی اندرونی کرناٹک میں 24 نومبر اور لکشدیپ میں 25 سے 27 نومبر تک کئی مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔اس دوران تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں 23 سے 27 نومبر تک گرج چمک اور بجلی کے ساتھ 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا اندازہ ہے۔ ہوا کی رفتار جھونکوں میں 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔اسی طرح آندھرا پردیش، کیرالہ اور کرناٹک کے کچھ حصوں میں آئندہ دنوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔ وہیں مشرقی اتر پردیش میں 22 اور 23 نومبر کو گھنا کہرا چھائے رہنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ساحلی آندھرا پردیش، ینم اور رائلسیما میں 23 سے 25 نومبر تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کے آثار ہیں۔ کیرالہ اور ماہے میں 24 اور 25 نومبر کو 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ ہوا کے جھونکوں کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ کرناٹک کے کچھ حصوں میں بھی آئندہ دنوں میں آسمانی بجلی گرنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے مشرقی اتر پردیش میں 22 اور 23 نومبر کو گھنے کہرے کی وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے سڑک، ریل اور فضائی ٹریفک متاثر ہو سکتا ہے۔ کہرے کے باعث گاڑیوں کی رفتار سست پڑنے اور سڑک حادثات کے خطرے میں اضافے کا خدشہ ہے۔ محکمہ نے ڈرائیوروں کو احتیاط برتنے، فوگ لائٹ کا استعمال کرنے اور سفر سے قبل فضائی کمپنیوں، ریلوے اور ریاستی ٹرانسپورٹ سروسز سے ٹائم ٹیبل کی معلومات حاصل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔اتوار کی صبح 5:30 بجے تک درج کیے گئے حالات کے مطابق پنجاب کے کچھ مقامات اور مشرقی اتر پردیش، اوڈیشہ، چھتیس گڑھ نیز شمال مشرقی ریاستوں میں الگ الگ مقامات پر درمیانہ کہرا درج کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق 21 نومبر کو ملک کے کئی حصوں میں کم از کم درجہ حرارت معمول سے کم رہا۔ مغربی مدھیہ پردیش، رائلسیما، شمالی اندرونی کرناٹک اور جنوبی داخلی کرناٹک کے کچھ مقامات پر کم از کم درجہ حرارت معمول سے پانچ ڈگری سیلسیس سے زیادہ نیچے درج کیا گیا۔ ہماچل پردیش، مشرقی و مغربی اتر پردیش، مغربی راجستھان سمیت کئی دیگر علاقوں میں بھی الگ الگ مقامات پر کم از کم درجہ حرارت معمول سے کافی کم رہا۔ بلیٹن کے مطابق ہماچل پردیش کے منڈی اور راجستھان کے سیکر میں کم از کم درجہ حرارت 7.7 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی کے کچھ الگ الگ علاقوں میں کم از کم درجہ حرارت معمول سے 1.6 سے تین ڈگری سیلسیس نیچے درج کیا گیا۔ اکیس نومبر کو سب سے زیادہ درجہ حرارت کیرالہ کے پونالور میں 36 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 22 سے 28 نومبر تک پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی، ہماچل پردیش، راجستھان اور مغربی اتر پردیش میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اس ہفتے مغربی، وسطی اور مشرقی ہندستان میں موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔ موسمیاتی تجزیے سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ اتوار کی صبح 5:30 بجے شمالی چھتیس گڑھ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں کم دباؤ کا علاقہ بنا ہوا تھا، جس سے منسلک سائیکلونک سرکولیشن سطح سمندر سے 3.1 کلومیٹر کی بلندی تک پھیلا ہوا تھا۔وسطی ٹروپوسفیئر میں مغربی ہواؤں کے درمیان ایک ‘مغربی ڈسٹربنس’ موجود تھا، جبکہ ناگالینڈ، وسطی مہاراشٹر، اروناچل پردیش اور مغربی-وسطی خلیج بنگال سے متصل شمالی ساحلی آندھرا پردیش کے اوپر بالائی فضائی سائیکلونک سرکولیشن دیکھے گئے۔ وہیں 21 نومبر صبح 8:30 بجے سے 22 نومبر صبح 5:30 بجے تک کی مدت میں بہار کے پورنیہ اور ناگالینڈ کے دیما پور میں 3-3 سینٹی میٹر بارش درج کی گئی۔ بہار کے بھاگلپور اور میگھالیہ کے شیلانگ میں 2-2 سینٹی میٹر بارش ہوئی، جبکہ گیا، چیراپونجی، ایزول-لینگپوئی اور کئی دیگر مقامات پر ایک سینٹی میٹر بارش درج کی گئی۔محکمہ موسمیات نے شدید بارش کے امکان والے علاقوں کے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے کھیتوں میں پانی کی نکاسی کا مناسب انتظام کریں، آبپاشی اور کھیتی باڑی سے جڑے کچھ ضروری کاموں کو ملتوی کر دیں، اور کٹی ہوئی فصلوں کو بارش اور تیز ہواؤں سے بچائیں۔
