ریاستی خبریں

غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے معاملے میں طالب علم کی والدہ کے خلاف کیس درج

پلکّڑ،  (یواین آئی) کیرلم کے پلکّڑ ضلع کے ایک سرکاری اسکول کی جماعت میں ایک ہم جماعت کو مبینہ طور پر گولی لگنے کے واقعے کے سلسلے میں پولیس نے اسلحہ رکھنے والے طالب علم کی والدہ کے خلاف بغیر لائسنس کے اسلحہ رکھنے کا معاملہ درج کیا ہے۔یہ معاملہ تھریتھالا کے قریب واقع گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول، پروتھور کے پرنسپل کی شکایت پر درج کیا گیا۔پولیس تفتیش میں پتہ چلا کہ یہ ایک پرانا، دیسی .22 ریوالور تھا جو طالب علم کے دادا کا تھا اور دادا کے انتقال کے بعد سے یہ اسلحہ کئی برسوں تک گھر کی الماری میں رکھا ہوا تھا۔ اس کا کوئی جائز لائسنس نہیں تھا۔
پولیس کے مطابق، طالب علم منگل کے روز اپنے ہم جماعتوں کو دکھانے کے لیے ریوالور اسکول لے گیا تھا۔ استاد کی غیر موجودگی میں اسے دکھاتے وقت جماعت میں غلطی سے گولی چل گئی۔ پہلی گولی دیوار پر لگی، جبکہ دوسری گولی اس کے ہم جماعت کے کندھے کے نیچے لگی۔
زخمی طالب علم کو فوری طور پر نجی اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کی سرجری کی گئی۔ طالب علم کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی بیلسٹک جانچ سے تصدیق ہوئی کہ پرانا اسلحہ اب بھی کام کر رہا تھا۔اسلحہ لانے والے طالب علم کو جووینائل جسٹس بورڈ کے روبرو پیش کیا جائے گا۔ پولیس اس بات کی بھی تفتیش کر رہی ہے کہ بغیر لائسنس والا اسلحہ گھر میں کیسے رکھا گیا تھا اور اسلحہ ایکٹ کے تحت خاندان کے افراد کی کیا ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔دریں اثنا، وزیر تعلیم این شمس الدین نے ڈائریکٹر آف ایجوکیشن سے واقعے پر فوری رپورٹ طلب کی ہے۔ اس واقعے نے رہائشی احاطوں میں ہتھیاروں کو غیر محفوظ طریقے سے رکھنے اور بچوں کی مہلک ہتھیاروں تک رسائی کے امکانات کے حوالے سے تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔