بہار نامہ

میتھلی زبان کو ابتدائی تعلیم سے جوڑنے کا نوٹیفکیشن  ایک ہفتے کے اندر: متھیلیش تیواری

دربھنگہ،  (یو این آئی) بہار کے وزیر تعلیم متھیلیش تیواری نے بدھ کے روز کہا کہ ریاستی حکومت ایک ہفتے کے اندر میتھلی زبان کو ابتدائی تعلیم سے جوڑنے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔ڈاکٹر ناگیندر جھا اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب کا افتتاح وزیر تعلیم متھیلیش تیواری، وزیر ماحولیات ڈاکٹر رام چندر پرساد، رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر گوپال جی ٹھاکر، راجیہ سبھا کی رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر دھرمی شیلا گپتا اور کامیشور سنگھ دربھنگہ سنسکرت یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر لکشمی نواس پانڈے سمیت دیگر مہمانوں نے مشترکہ طور پر چراغ روشن کرکے کیا۔
54ویں متھلا وبھوتی پرو جشن کے تیسرے دن منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر متھیلیش تیواری نے کہا کہ متھلا اور میتھلی تہذیب، ثقافت اور روایات کے تسلسل کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہار اور مرکزی حکومت متھلا اور میتھلی سے متعلق مطالبات کے تئیں مثبت رویہ رکھتی ہیں۔ حکومت میتھلی زبان کو ابتدائی تعلیم سے جوڑنے کا فیصلہ کرچکی ہے اور اس سلسلے میں ایک ہفتے کے اندر نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میتھلی دنیا کی شیریں ترین زبانوں میں سے ایک ہے اور متھلا کی تہذیب، ثقافت، زبان اور روایات پر سبھی کو فخر ہونا چاہیے۔
مسٹر تیواری نے کہا کہ اسکولوں میں میتھلی کی تدریس کے لیے اساتذہ کی تقرری کی جائے گی اور میتھلی زبان و نصاب سے متعلق کتابیں بھی جلد شائع کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ بہار حکومت دربھنگہ میں گروکل ودیا پیٹھ قائم کرے گی، جہاں ایک ہی کیمپس میں نرسری سے لے کر تحقیقی سطح تک سنسکرت کی تعلیم فراہم کی جائے گی۔ سرسوتی ودیا نکیتن کو بھی توسیع دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کامیشور سنگھ دربھنگہ سنسکرت یونیورسٹی کو مرکزی یونیورسٹی کا درجہ دلانے کے لیے ریاستی حکومت مرکز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ اس کے علاوہ ریاست کے تمام بلاکوں میں سرکاری ڈگری کالج قائم کرنے کی سمت میں بھی کام کیا گیا ہے۔