آبنائے ہرمز میں 27 ہندوستانیوں کو لے جا رہے تیل ٹینکر پر حملہ تا ہم تما م عملے محفوظ
آبنائے ہرمز (ایجنسیز )آبنائے ہرمزمیں جمعہ کو 27 ہندوستانیوں کو لے جا رہے ایک تیل ٹینکر پر حملہ ہوا تھا۔ پناما کے پرچم والے اس جہاز کا نام ’ایم ٹی لوئیز 1‘ ہے۔ خبر کے مطابق ایک چھوٹی کشتی کے ذریعہ جہاز کے نچلے حصے پر 2 لِمپیٹ بارودی سرنگیں (مائنز) لگائی گئیں۔ یہ ایسی سمندری بارودی سرنگیں ہوتی ہیں، جنہیں جہاز کے بیرونی حصے سے چپکایا جاتا ہے۔ ان میں دھماکے کے باعث جہاز کے انجن روم میں آگ لگ گئی تھی، جس کے بعد کچھ وقت کے لیے جہاز کا آپریشن معطل ہو گیا تھا۔
حالانکہ جہاز پر موجود عملے نے آگ پر قابو پا لیا۔ اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور سمندر میں تیل بھی نہیں پھیلا۔ اس کے بعد ٹینکر نے دوبارہ اپنا سفر شروع کر دیا۔ برطانیہ کی میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی یو کے ایم ٹی او کے مطابق یہ حملہ عمان کے شہر خصب سے 46 کلومیٹر شمال مشرق میں ہوا۔ فروری میں جنگ شروع ہونے کے بعد آبنائے ہرمز میں لِمپیٹ بارودی سرنگوں سے حملے کا یہ پہلا کامیاب واقعہ ہے۔
