الحرا پبلک اسکول میں اساتذہ کی تربیت کے لیے خصوصی ورکشاپ کا انعقاد
پٹنہ(پریس ریلیز) الحرا پبلک اسکول، شریف کالونی، پٹنہ میں اساتذۂ کرام کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے، تدریسی معیار کو بہتر بنانے اور تعلیمی میدان میں نئے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے مقصد سے ایک خصوصی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں ڈاکٹر یعقوب اشرفی اور جناب عارف حسین نے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم و تدریس کے مختلف اہم پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔آکسفیم انگلش کلاسز ،پٹنہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر یعقوب اشرفی نے اپنے خطاب میں ایک کامیاب استاد کی خصوصیات، اس کی علمی و اخلاقی ذمہ داریوں اور طلبہ کی ذہنی و فکری نشوونما میں اس کے کردار کو نمایاں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تدریس محض کتابی معلومات منتقل کرنے کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک ایسا بامقصد عمل ہے جس کے ذریعے طلبہ کی شخصیت، کردار، سوچ اور طرزِ زندگی کی تشکیل ہوتی ہے۔ ایک اچھے استاد کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے مضمون پر مضبوط گرفت رکھنے کے ساتھ طلبہ کی نفسیات، ان کی دلچسپیوں اور انفرادی صلاحیتوں کو بھی سمجھے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اساتذہ اپنے اندر مطالعے، تحقیق اور مسلسل سیکھنے کا جذبہ برقرار رکھیں، کیونکہ ایک باشعور اور باصلاحیت استاد ہی طلبہ میں علم کی حقیقی طلب پیدا کرسکتا ہے۔مہمان خصوصی اور اے ایم پی ،دہلی کے مشہور ٹرینر عارف حسین نے اپنے خطاب میں تدریس کے جدید طریقوں، کلاس روم کے مؤثر انتظام، طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں میں دلچسپی پیدا کرنے اور استاد و شاگرد کے درمیان مثبت تعلقات کی اہمیت پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں تعلیمی میدان تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے، اس لیے اساتذہ کو بھی اپنے تدریسی انداز میں بہتری لانے اور نئے تعلیمی وسائل سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات کی طرف بھی توجہ دلائی کہ کلاس روم کا ماحول ایسا ہونا چاہیے جہاں طلبہ بلا جھجک سوال کرسکیں، اپنی بات رکھ سکیں اور سیکھنے کے عمل میں بھرپور حصہ لے سکیں۔ ان کے مطابق تعلیم کا حقیقی مقصد طلبہ کو محض امتحانات میں کامیابی دلانا نہیں، بلکہ انہیں عملی زندگی کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے قابل بنانا بھی ہے۔اس موقع پر الحرا پبلک اسکول،شریف کالونی کے ڈائریکٹر جناب محمد انور نے بھی اساتذہ سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی کامیابی اور اس کی شناخت کا سب سے اہم ذریعہ اس کے اساتذہ ہوتے ہیں۔ عمارت، وسائل اور دیگر سہولیات اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن ادارے کا تعلیمی معیار اساتذہ کی محنت، اخلاص، پابندیٔ وقت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے وابستہ ہوتا ہے۔ انہوں نے اساتذہ کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہوئے کہا کہ انہیں طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ان کی اخلاقی، سماجی اور عملی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکول انتظامیہ کا مقصد صرف تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنا نہیں، بلکہ ایک ایسا معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے جہاں طلبا علم، کردار اور صلاحیت کے اعتبار سے نمایاں مقام حاصل کرسکیں۔اس ورکشاپ میں الحرا شریف کالونی کے علاوہ ، الحرا شاہ گنج اورالحرا پھلواری شریف ،پٹنہ کے اساتذۂ کرام بھی موجود تھے۔یہ ورکشاپ اس اعتبار سے اہم رہا کہ اس نے اساتذہ کو اپنی تدریسی ذمہ داریوں پر ازسرنو غور کرنے، اپنے تجربات سے سیکھنے اور تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنے کی ترغیب دی۔ شرکاء نے اس طرح کی تربیتی سرگرمیوں کو اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی اور ادارے کی مجموعی تعلیمی بہتری کے لیے مفید قرار دیا۔ اس موقع پر شریک اساتذہ کو سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا گیا۔ اس ورکشاپ میں شاہین گروپ پٹنہ کے ذمہ دار قیصر علی خان، ہولی ویزن پبلک اسکول،راجہ بازار کے ڈائریکٹر محمد صابر اور ریاض عالم صاحبان موجود تھے۔ ریاض عالم نے بھی چند جملوں میں اپنے تجربات و مشاہدات اور اے ایم پی کی کارکردگی اور حصولیابی کا مختصر مگر جامع تعارف کرایا۔ ورکشاپ کا آغاز اسکول کے استاد مفتی سعید الدین کی تلاوت قرآن سے ہوا۔اسکول کے ایڈمنسڑیٹر جناب اکرام اﷲ نے تمام شرکا ء کا شکریہ ادا کیا اور مولانا فضل کریم قاسمی کی دعا کے ساتھ ورکشاپ اپنے اختتام کو پہنچا۔
