2027 میں دوبارہ بی جے پی-این ڈی اے کی حکومت بننا طے : نتن نوین کا دعویٰ
گورکھپور (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر نتن نبین نے بدھ کے روز کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں اتر پردیش ترقی کے نئے معیار قائم کر رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سال 2027 کے اسمبلی انتخابات میں ریاست میں ایک بار پھر بی جے پی-این ڈی اے کی حکومت بنے گی۔گورکھپور میں منعقدہ لوک تنتر بچاؤ، اراجکتا ختم ہٹاؤ پدیاترا کے بعد عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر نبین نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے اتر پردیش کو ایک مثالی ریاست بنانے کی سمت میں کام کیا ہے، جبکہ راہل گاندھی اور اکھلیش یادو کی سیاست صرف اپنے خاندان تک محدود ہے۔ یہ فرق صرف بھیڑ کا نہیں بلکہ عوام کے اعتماد کا ہے۔بی جے پی صدر نے کہا کہ ملک بھر میں جمہوریت کے تحفظ کے عزم کے ساتھ پارٹی اور این ڈی اے کی 100 سے زائد پدیاترائیں ہو چکی ہیں۔ ان یاتراؤں کے دوران ملنے والی عوامی حمایت سے واضح ہے کہ عوام بی جے پی اور این ڈی اے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اپوزیشن انتخابات میں شکست کے بعد کبھی ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) تو کبھی الیکشن کمیشن کو ذمہ دار ٹھہراتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ سال 2025 سے پہلے جب ایس آئی آر نہیں ہوا تھا، تب انتخابات میں ملنے والی شکست کے لیے اپوزیشن کس کو ذمہ دار قرار دیتی تھی؟مسٹر نبین نے ووٹر لسٹ سے نام حذف کیے جانے کے حوالے سے اپوزیشن کے الزامات پر بھی سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو واضح کرنا چاہیے کہ وہ فوت شدہ، دوسری جگہ منتقل ہو جانے والے اور لاپتہ ووٹروں کے نام پر آخر کس کے ووٹ کا مطالبہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کانگریس پر آئین کا سیاسی استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جس پارٹی کے دورِ حکومت میں آئین میں تبدیلیاں کی گئیں اور ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی توہین ہوئی، وہی پارٹی آج آئین کی دہائی دے رہی ہے۔
