‘من کی بات’ میں وزیر اعظم مودی نے بہار میوزیم کی عالمی کامیابی کا ذکر کیا
بہار بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے سراوگی نے کہا کہ میوزیم کی بین الاقوامی کامیابی بہارکے لیے فخر اور اعزاز کا مقام
پٹنہ، 29 نومبر (یو این آئی) بہار بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے سراوگی نے اتوار کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ‘من کی بات’ پروگرام میں بہار میوزیم کی کامیابی کا ذکر کیے جانے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس میوزیم کی بین الاقوامی کامیابی ہر بہار کے باشندے کے لیے فخر اور اعزاز کا موضوع ہے۔مسٹر سراوگی نے کہا کہ دنیا کے 100 بہترین عجائب گھروں کی فہرست میں بہار میوزیم کو 9واں مقام اور ایشیا میں پہلا مقام ملنا ریاست کے شاندار تاریخی ورثے، فن، ثقافت اور تہذیبی شناخت کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔
بی جے پی کے ریاستی صدر نے آج پارٹی دفتر میں وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری اور پارٹی کارکنوں کے ساتھ وزیر اعظم کے ماہانہ ریڈیو پروگرام ‘من کی بات’ کی 140ویں قسط سنی۔ اس موقع پر تنظیم کے جنرل سکریٹری بھیکھو بھائی دلسانیا، مرکزی وزیر مملکت ستیش چندر دوبے، بہار حکومت کے وزراء ڈاکٹر دلیپ جیسوال اور رام کرپال یادو، اسمبلی میں حکمراں جماعت کے چیف وہپ سنجیو چورسیا سمیت کئی ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل، ریاستی عہدیداران اور بڑی تعداد میں کارکن موجود تھے۔
پروگرام کے بعد ریاستی صدر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا ‘من کی بات’ پروگرام محض بات چیت کا ذریعہ نہیں، بلکہ ملک کے اجتماعی شعور، عوامی شراکت داری، اختراع اور سماج کی مثبت کوششوں کو قومی سطح پر پیش کرنے کا ایک مضبوط ذریعہ بن چکا ہے۔ اس کے ذریعے وزیر اعظم ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے ترغیب بخش کاموں اور کامیابیوں کو سامنے لاکر لوگوں کو نئی توانائی اور حوصلہ دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے بہار میوزیم کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے پیرس کے مشہور لوور میوزیم اور نیویارک کے میٹ میوزیم کا بھی ذکر کیا۔ یہ کامیابی ظاہر کرتی ہے کہ بہار کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو بین الاقوامی سطح پر نئی پہچان مل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے وڈ نگر میوزیم کی بھی تعریف کی اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ملک کے مختلف مقامات کی سیر کے دوران وہاں کی میوزیموں کو بھی دیکھیں اور ان کی تاریخ کے بارے میں جانیں۔
