‘من کی بات’ پروگرام میں بہار میوزیم کا ذکر کرنے پر سمراٹ چودھری نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا
کہا :میوزیم کا ذکر قومی سطح پر ریاست کے شاندار تاریخی، ثقافتی اور فنّی ورثے کو اعزاز دینے کے ساتھ اسے ملک اور دنیا تک پہنچانے کی سمت ایک اہم قدم
پٹنہ، 29 نومبر (یو این آئی) وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ‘من کی بات’ پروگرام کی 140ویں قسط میں بہار میوزیم کا ذکر کیے جانے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے بہار میوزیم کا ذکر قومی سطح پر ریاست کے شاندار تاریخی، ثقافتی اور فنّی ورثے کو اعزاز دینے کے ساتھ اسے ملک اور دنیا تک پہنچانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اتوار کو بی جے پی کے ریاستی دفتر میں وزیر اعظم مودی کے ‘من کی بات’ پروگرام کو سننے کے بعد کہا کہ بہار میوزیم ریاست کے باشندوں کے لیے فخر اور اعزاز کا موضوع ہے۔ یہ ریاست کے مالا مال تاریخی، ثقافتی اور فنّی ورثے کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی 100 بہترین میوزیموں کی فہرست میں بہار میوزیم کا 9واں مقام اور ایشیا میں پہلا مقام حاصل کرنا بہار کی ثقافتی کامیابی کا ثبوت ہے۔
مسٹر چودھری نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ‘من کی بات’ کے ذریعے بہار کی اس حصولیابی کو قومی سطح پر جگہ دے کر ریاست کے شاندار ورثے کو ملک اور دنیا تک پہنچانے کا اہم کام کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نے پروگرام میں نشے سے پاک ہندوستان کی تعمیر کے عزم کو دہراتے ہوئے خاص طور پر نوجوانوں کو نشے سے دور رہنے کا پیغام دیا۔ نشے کی لت سے لڑ کر اس سے نجات پانے والے نوجوانوں کی ترغیب بخش کہانیوں کے ذریعے انہوں نے سماج کو بیدار اور حساس بننے کی ترغیب دی۔ یہ پیغام نوجوانوں کے روشن مستقبل اور صحت مند سماج کی تعمیر کے لیے اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے فٹنس اور صحت مند طرز زندگی کو عوامی تحریک بنانے پر بھی خاص زور دیا۔ باقاعدہ جسمانی سرگرمیوں، کھیلوں اور صحت کے تئیں بیداری کو زندگی کا حصہ بنانے کی ان کی اپیل صحت مند اور مضبوط ہندوستان کی تعمیر کی سمت حوصلہ افزا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سائبر تحفظ اور ڈیجیٹل بیداری جیسے موضوعات پر وزیر اعظم کا پیغام آج کے تکنیکی دور میں ہر شہری کے لیے اہم ہے۔
مسٹر چودھری نے کہا کہ ‘من کی بات’ ملک کی مختلف کامیابیوں، ترغیب بخش شخصیات، سماجی کوششوں اور مقامی ورثے کو قومی سطح پر پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام عوامی شراکت داری، سماجی بیداری اور ملک کی تعمیر میں شہریوں کے فعال کردار کو فروغ دیتا ہے۔
