اسرو نے بھاری راکٹوں کے لیے ہائی تھرسٹ ایل او ایکس۔ میتھین انجن کے گیس جنریٹر کا کامیاب تجربہ کیا
چنئی، 29 نومبر (یو این آئی) ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو) نے مہندرگیری میں واقع اسرو پروپلشن کمپلیکس میں ہائی تھرسٹ ایل او ایکس۔ میتھین انجن کے گیس جنریٹر سب سسٹم کا 200 سیکنڈ تک مسلسل کامیاب اگنیشن (اشتعال) ٹیسٹ کیا ہے۔یہ ہائی تھرسٹ ایل او ایکس۔ میتھین انجن اسرو کے لیکویڈ پروپلشن سسٹم سینٹر (ایل پی ایس سی) کی جانب سے تیار کیا جا رہا ہے، جس میں وکرم سارا بھائی اسپیس سینٹر (وی ایس ایس سی) سمیت دیگر مراکز بھی تعاون کر رہے ہیں۔ اس انجن کو اسرو کے اگلی نسل کے لانچ وہیکل (راکٹ) کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔
مائع ایندھن والے راکٹ انجن کی تیاری میں بہترین ڈیزائن کا حامل گیس جنریٹر ایک اہم سنگ میل تصور کیا جاتا ہے۔ یہ ایندھن کو جلا کر بلند دباؤ اور انتہائی درجہ حرارت والی گیس پیدا کرتا ہے۔ یہ گیس ٹربائن کو چلاتی ہے، جو ٹربو پمپ کو توانائی فراہم کرتی ہے۔ اس کے نتیجے میں مائع ایندھن کو انجن کے تھرسٹ چیمبر تک پہنچایا جاتا ہے۔ مذکورہ گیس جنریٹر کو ہندوستانی صنعت میں ایڈیٹو مینوفیکچرنگ (تھری ڈی پرنٹنگ) ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔
اس تجربے کے دوران گیس جنریٹر کے چیمبر میں 31.5 بار کا مستحکم دباؤ پیدا کیا گیا، جو انجن کی 60 فیصد تھرسٹ صلاحیت کے مساوی ہے۔ تجربے کے دوران انجن میں ہموار اگنیشن اور مستحکم احتراق کا مشاہدہ کیا گیا۔ اس کامیاب تجربے سے ثابت ہوا ہے کہ تیار کردہ ہارڈویئر 60 فیصد آپریٹنگ صلاحیت پر کام کرنے کے لیے پوری طرح موزوں ہے۔ اس ہارڈویئر کو آئندہ مختلف آپریٹنگ حالات میں بھی ڈیزائن کی موزونیت جانچنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
اسرو کے مطابق، ان کامیاب تجربات کے ساتھ ہائی تھرسٹ ایل او ایکس۔ میتھین انجن کے اہم ذیلی نظاموں نے اپنی ترقیاتی آزمائشوں کا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا ہے۔ ان میں اسپارک ٹارچ اگنیشن سسٹم، اسکیلڈ تھرسٹ چیمبر، فل اسکیل گیس جنریٹر اور ایل او ایکس پمپ شامل ہیں۔
مائع آکسیجن (ایل او ایکس) اور مائع میتھین پر مشتمل میتھالاکس انجن مستقبل کے خلائی راکٹوں کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان کی ایک بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ نسبتاً صاف طریقے سے ایندھن جلاتے ہیں اور ان سے کاجل کی مقدار بہت کم خارج ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ انجنوں کی دیکھ بھال نسبتاً آسان ہوتی ہے اور انہیں دوبارہ استعمال کے قابل راکٹوں میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ مستقبل میں زمین سے باہر، مثلاً مریخ پر بھی ان کے لیے درکار ایندھن تیار کرنے کے امکانات موجود ہیں۔
اسرو اپنے لیکویڈ پروپلشن سسٹم سینٹر (ایل پی ایس سی) کی قیادت میں اگلی نسل کے لانچ وہیکل کے لیے میتھالاکس انجن تیار کر رہا ہے۔ اس ٹیکنالوجی سے مستقبل میں زیادہ وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھنے والے بھاری راکٹوں کی تیاری میں مدد ملے گی، جو انسانوں کو چاند تک پہنچانے کے مشن میں اہم کردار ادا کرسکیں گے۔
اسرو نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مائع پروپلشن سسٹم کے شعبے میں اب ایل او ایکس۔ میتھین انجنوں کی جانب پیش رفت ہو رہی ہے۔ اس کی اہم وجوہات میں ان انجنوں کا صاف طریقے سے ایندھن جلانا، دیکھ بھال کی کم ضرورت اور دوبارہ استعمال کی صلاحیت شامل ہیں۔ اسی تناظر میں اسرو نے اپنے اگلی نسل کے لانچ وہیکل کے لیے ایل او ایکس۔ میتھین انجنوں کو بنیادی پروپلشن سسٹم کے طور پر منتخب کیا ہے۔اس کے ساتھ ہی 2040 میں ہندوستان کے مجوزہ انسانی خلائی مشن کے تحت چاند پر خلابازوں کو بھیجنے کے منصوبے کے لیے درکار بھاری صلاحیت کے حامل راکٹوں میں بھی انہی انجنوں کو استعمال کیا جائے گا۔
