دہلی شہر

دہلی شاہی عیدگاہ کا سالانہ سہ روزہ دینی، تبلیغی اجتماع اختتام پذیر

نئی دہلی،،سماج نیوز: قومی راجدھانی دہلی کے شاہی عیدگاہ (قریش نگر) میں منعقد ہونے والا سالانہ سہ روزہ دینی و دعوتی تبلیغی اجتماع آج بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوگیا۔ تین روز تک جاری رہنے والے اس عظیم دینی و روحانی اجتماع میں دہلی سمیت ملک کی مختلف ریاستوں اور دور دراز علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اجتماع کے آخری روزخصوصی دعا کیساتھ پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔دراصل یہ خصوصی دعا تبلیغی جماعت کے سرپرست و امیر حضرت جی مولانا محمدسعداحمدصاحب نے کرائی۔ اس موقع پر ہزاروں افرادنے نہایت عقیدت و انکساری کے ساتھ اجتماعی دعا میں شرکت کی اورملک و ملت کی خوشحالی، امن و سلامتی اور پوری انسانیت کی بھلائی کیلئے بارگاہِ الٰہی میں ہاتھ اٹھائے۔اجتماع کے دوران پورے علاقے میں دینی و روحانی ماحول دیکھنے کو ملا۔ مختلف اوقات میں علماء کرام اور تبلیغی جماعت کے ذمہ داران نے اپنے بیانات میں مسلمانوں کو دین کی بنیادی تعلیمات پر عمل کرنے،نمازکی پابندی، قرآن و سنت سے وابستگی، اخلاق وکردارکی اصلاح اور اپنی زندگیوں کو اسلامی اصولوں کے مطابق گزارنے کی تلقین کی۔مولانامحمدسعد صاحب نے اس بات پر خصوصی زوردیا کہ ایک مسلمان کی اصل کامیابی دنیاوی ترقی کے ساتھ اپنی آخرت کی فکر کرنے اور اللہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق زندگی گزارنے میں ہے۔اجتماع میں شرکت کے لیے دہلی ہی نہیں اترپردیش،ہریانہ،راجستھان، بہار، جھارکھنڈ اور ملک کے دیگر مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں تبلیغی جماعت کے ساتھی اور عام مسلمان پہنچے۔ شرکاء نے تین روز تک دینی بیانات، اصلاحی مجالس اور مختلف دینی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ اجتماع میں نوجوانوں،بزرگوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد کی موجودگی نے اس دینی پروگرام کی اہمیت کو نمایاں کیا۔آخری روز حضرت جی مولانا محمد سعد احمد صاحب کی خصوصی دعا اجتماع کا اہم ترین مرحلہ رہی۔ دعاکے دوران شرکاء نے انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے حضور اپنی عاجزی اور بندگی کااظہار کیا۔ اس موقع پر ملک میں امن و امان، بھائی چارے،محبت و اخوت، مسلمانوں کے اتحاد، امت مسلمہ کی سربلندی، مظلوموں کی مدد، بیماروں کی شفایابی اوردنیا بھر میں انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ دعا کے دوران بڑی تعدادمیں موجود افراد کی آنکھیں نم دکھائی دیں اورپورا اجتماع گاہ روحانی کیفیت میں ڈوبی نظر آئی۔
حضرت مولانا محمد سعد صاحب نے اپنے بیانات میں دین کی دعوت، اعمال کی اصلاح، نماز کی اہمیت اورمسلمانوں کو اپنی زندگیوں میں دینی ماحول پیداکرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ تبلیغی جماعت کی بنیادی دعوت یہی ہے کہ ہر مسلمان اپنی ذات کی اصلاح کے ساتھ دوسروں تک بھی دین کا پیغام پہنچانے کی کوشش کرے اور اپنے اخلاق و کردار کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کا ذریعہ بنے۔
اجتماع کو کامیاب بنانے کیلئے منتظمین، رضاکاروں اورمتعلقہ ذمہ داران کی جانب سے مختلف انتظامات کیے گئے تھے۔بعد ازیں شرکاء کی آمد و رفت، قیام،پینے کے پانی، صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات کو بہتربنانے کیلئے انتظامی سطح پر کوششیں کی گئیں۔ بڑی تعدادمیں لوگوں کی شرکت کے باوجود اجتماع کے انعقاد اور اختتام کے مراحل کو منظم انداز میں مکمل کیا گیا۔