اردو ڈراما فیسٹیول کے تیسرے دن معروف ڈراما نگار زاہدہ زیدی کا ڈراما ’’دوسرا کمرہ‘‘ پیش
نئی دہلی۔اردو اکادمی، دہلی کے زیرِ اہتمام جاری 36ویں اردو ڈراما فیسٹول کے تیسرے دن 15نومبر کو معروف ڈراما نگار زاہدہ زیدی کا علامتی اور تجریدی ڈراما ’’دوسرا کمرہ‘‘ پیش کیا گیا۔ ٹائسیا فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام پیش کیے گئے اس ڈرامے کی ہدایت کاری جناب احد خان نے کی۔ ڈرامے نے اپنی منفرد کہانی، پُراسرار فضا، مؤثر اداکاری اور علامتی اندازِ پیشکش کے ذریعے ناظرین کو ابتدا سے اختتام تک اپنی گرفت میں رکھا۔
نظامت کے فرائض محترمہ ریشما فاروقی نے انجام دیے۔انھوں نے اپنی گفتگو میں اردو اکادمی، دہلی کی ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔انھوں نے سال بھر اکادمی کی جانب سے منعقد کیے جانے والے ادبی پروگراموں، مشاعروں، سمیناروں اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے اکادمی کی خدمات کو نہایت خوبصورت انداز میں ناظرین کے سامنے پیش کیا۔
ڈرامے کی ایک اہم فنی خصوصیت یہ رہی کہ اصل تحریر میں مصنفہ زاہدہ زیدی نے صرف تین مناظر تخلیق کیے ہیں لیکن ہدایت کار جناب احد خان نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اصل ڈرامے کے آغاز سے پہلے ایک اضافی منظر شامل کیا ہے۔ اس منظر میں سورج اور سونیا کو دوسرے کمرے کے حوالے سے گفتگو کرتے دکھایا گیا ہے جہاں اچانک ایک اجنبی شخص نمودار ہوتا ہے۔ اس شخص کی خوف ناک شخصیت اور پراسرار موجودگی سے اسٹیج پر دہشت اور خوف کی فضا قائم ہو جاتی ہے۔ اگرچہ یہ منظر اصل تحریر کا حصہ نہیں تھا، تاہم ہدایت کار کی اس تخلیقی کاوش نے ڈرامے کی علامتی اور تجریدی فضا کو مزید گہرا کرنے کے ساتھ ناظرین کے اندر تجسس بھی پیدا کیا۔ اس طرح اصل ڈرامے کے تین مناظر کے ساتھ یہ اضافی منظر ملا کر اسٹیج پر مجموعی طور پر چار مناظر پیش کیے گئے۔
ڈرامے کی کہانی سورج اور سونیا نامی میاں بیوی کے گرد گھومتی ہے جو دو کمروں کے ایک مکان میں رہتے ہیں۔ ان کی معمول کی زندگی کے درمیان دوسرا کمرہ ایک پْراسرار اور خوف ناک حیثیت اختیار کر لیتا ہے۔ اس کمرے سے وابستہ عجیب واقعات، نامعلوم خدشات اور لاشوں کی موجودگی کہانی کو مسلسل ایک معمہ بنائے رکھتی ہے۔ ناظرین آخر تک یہ سمجھنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں کہ جو کچھ پیش آ رہا ہے وہ حقیقت ہے، خواب ہے یا کرداروں کے ذہنی خوف اور وہم کا عکس۔ یہی ابہام اور تجسس اس ڈرامے کی سب سے نمایاں خصوصیت رہا۔
ڈرامے میں موسیقی کا استعمال بھی نہایت مؤثر انداز میں کیا گیا۔ جہاں خوف اور دہشت کی کیفیت پیدا ہوتی، وہاں پس منظر میں اسی نوعیت کی موسیقی فضا کو مزید پْراسرار بنا دیتی، جبکہ نسبتاً پْرسکون یا خوشگوار لمحات میں موسیقی کا انداز بھی اسی کیفیت سے ہم آہنگ رہتا۔ اس طرح موسیقی نے محض پس منظر کی آواز بننے کے بجائے ڈرامے کے جذباتی اور نفسیاتی تاثر کو گہرا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔زاہدہ زیدی کا یہ ڈراما محض ایک گھر اور اس کے دو کمروں کی کہانی نہیں بلکہ انسانی ذہن کے خوف، بے یقینی، وہم، نامعلوم خدشات اور زندگی کی پوشیدہ حقیقتوں کی علامتی ترجمانی بھی کرتا ہے۔ ڈرامے کا اختتام بھی ایک دلچسپ اور پْراسرار موڑ پر ہوتا ہے، جہاں امید، خوف اور مستقبل کے اندیشے ایک ساتھ سمٹ آتے ہیں۔ اس طرح ڈراما اپنے اختتام پر بھی ناظرین کے ذہنوں میں کئی سوالات چھوڑ جاتا ہے اور انھیں غور و فکر پر مجبور کرتا ہے۔
ڈرامے میں سورج کا کردار سْمت سنگھ اور سونیا کا کردار رچا رائے نے ادا کیا، جب کہ شبانہ کے معاون کردار میں سریتا چترویدی نظر آئیں۔ اس کے علاوہ اجنبی شخص کا کردار گْروندرسنگھ اور رام پرساد و ونود کمار کے کردار امان احمد نے ادا کیے۔ تمام فنکاروں نے اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں، تاہم سْمت سنگھ اور رچا رائے کی مرکزی کرداروں میں اداکاری اور سریتا چترویدی کی معاون کردار میں پیش کش قابلِ ذکر رہی۔ مجموعی طور پر ’’دوسرا کمرہ‘‘ ایک منفرد، فکر انگیز اور پْراسرار ڈرامائی پیش کش رہی۔ تمام فنکاروں کی اداکاری اور جناب احد خان کی ہدایت کاری قابلِ ستائش رہی۔ ڈرامے نے ابتدا سے آخر تک ناظرین کو نہ صرف اپنی گرفت میں رکھا بلکہ انھیں سوچنے، سمجھنے اور واقعات کے پس پردہ مفہوم تلاش کرنے پر بھی مجبور کیا۔ یہی اس علامتی اور تجریدی ڈرامے کی بڑی کامیابی رہی۔
ڈرامے کے اختتام پر اردو اکادمی کے سینئر کارکنان جناب محمد ہارون اور جناب عزیر حسن قدوسی نے ہدایت کار جناب احد خان کو پودا پیش کرکے ان کی فنی کاوشوں کو سراہا اور حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر ناظرین نے بھی تمام فنکاروں اور ہدایت کار کی بھرپور پذیرائی کی۔
