دہلی شہر

دہلی کو قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں سر فہرست ریاست بنانے کی کوشش: ریکھا گپتا

نئی دہلی (یواین آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا ہے کہ حکومت دارالحکومت کی ہر چھت کو شمسی توانائی کا ذریعہ بنانے اور دہلی کو صاف ستھری اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں سر فہرست ریاست بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔محترمہ گپتا نے بدھ کو یہاں بھارت منڈپم میں منعقدہ بھارت قابلِ تجدید توانائی کانفرنس اور ایکسپو کے سولر پلینری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں اب تک تقریباً ایک لاکھ افراد نے شمسی توانائی اپنانے کے لیے رجسٹریشن کرایا ہے، جو اس سمت میں عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور بیداری کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک صاف ستھری اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ دہلی حکومت بھی مرکز کے ساتھ مل کر دارالحکومت کو صاف توانائی کے میدان میں ایک نئی شناخت دلانے کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی اسکیم توانائی کے معاملے میں خود کفالت کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ دہلی حکومت اس اسکیم کو آگے بڑھاتے ہوئے لوگوں کو اپنے گھروں کی چھتوں پر روف ٹاپ سولر سسٹم نصب کرانے کی ترغیب دے رہی ہے۔ اس کے تحت دہلی میں تین کلوواٹ تک کے روف ٹاپ سولر سسٹم مفت نصب کیے جا رہے ہیں، جبکہ اس سے زیادہ صلاحیت والے سسٹم پر ایک لاکھ 56 ہزار روپے تک کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ دارالحکومت کے ہر گھر میں شمسی توانائی کا استعمال ہو، خاندانوں کو بجلی کے بل میں راحت ملے اور دہلی شمسی توانائی کے شعبے میں ملک کے سامنے ایک مثال پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ شمسی توانائی کو صرف ایک تکنیکی پہل تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے ہر خاندان کے طرزِ زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت قابلِ تجدید توانائی کانفرنس جیسے پروگرام صاف توانائی کے مستقبل کے لیے اہم ہیں۔ ان میں ملک اور دنیا بھر کے نمائندوں، ماہرین اور صنعت سے وابستہ افراد کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا اس شعبے میں تعاون اور نئی امکانات کو فروغ دے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پوری دنیا صاف توانائی کی سمت مل کر آگے بڑھ رہی ہے اور دہلی حکومت بھی توانائی کے معاملے میں خود کفالت اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔