ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹ سے ہرا کر سیریز میں برتری حاصل کرلی
آکلینڈ (یواین آئی) ارشدیپ سنگھ کے چار، گرنور برار کے تین اور انشول کمبوج کے دو وکٹوں کی شاندار گیندبازی کے بعد وراٹ کوہلی (74) اور کپتان شبھمن گل (37) کی عمدہ بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے بدھ کو بارش سے متاثرہ پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو 56 گیندیں باقی رہتے پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہندوستان نے پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
شاندار بلے بازی کے لیے کوہلی کو ‘گیم چینجر آف دی میچ’ اور 22 رنز دے کر دو وکٹ لینے والے انشول کمبوج کو ‘پلیئر آف دی میچ’ قرار دیا گیا۔ کمبوج کی کفایتی گیندبازی نے نیوزی لینڈ کو 185 رنز تک محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
186 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کو پہلے ہی اوور میں جھٹکا لگا، جب کائل جیمیسن نے روہت شرما کو بغیر کوئی رن بنائے کپتان مچل سینٹنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی نے کپتان شبھمن گل کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ کوہلی نے فیلڈنگ کے دوران بھی دو شاندار کیچ پکڑے تھے۔ بارش کے باعث 11ویں اوور میں پہلی مرتبہ کھیل روکنا پڑا۔ اس وقت ہندوستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 50 سے زائد رنز بنا لیے تھے۔ کھیل دوبارہ شروع ہونے پر ہندوستان کو 40 اوور میں 167 رنز کا نظرثانی شدہ ہدف ملا۔
اس کے بعد ایک بار پھر بارش شروع ہونے سے کھیل روکنا پڑا۔ دوبارہ کھیل شروع ہونے پر ہندوستان کے لیے 32 اوور میں 143 رنز کا نیا ہدف مقرر کیا گیا۔ دونوں بلے بازوں نے اس کے بعد عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے تیزی سے رنز بنائے۔ وراٹ کوہلی نے 16ویں اوور کی پہلی گیند پر چوکا لگا کر اپنی 80ویں نصف سنچری مکمل کی۔ 19ویں اوور کی دوسری گیند پر نیتھن اسمتھ نے شبمن گل کو آؤٹ کر دیا۔ گل نے 56 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے۔
اگلے ہی اوور میں جیکب ڈفی نے وراٹ کوہلی کو پویلین بھیج دیا۔ کوہلی نے 51 گیندوں میں 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 74 رنز بنائے۔ اسی اوور میں ڈفی نے اکشر پٹیل کو بھی صفر پر آؤٹ کر دیا۔ ہندوستان کو جب جیت کے لیے صرف سات رنز درکار تھے، تب ڈفی نے شریئس ایئر (15) کو آؤٹ کرکے پانچواں جھٹکا دیا۔ شریئس نے 13 گیندوں میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ 23ویں اوور کی چوتھی گیند پر نمن دھیر نے چوکا لگا کر ہندوستان کو پانچ وکٹ سے کامیابی دلائی۔ نمن دھیر پانچ اور کے ایل راہل تین رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے تین وکٹ حاصل کیے، جبکہ نیتھن اسمتھ اور کائل جیمیسن کو ایک ایک وکٹ ملا۔اس سے قبل ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم کو 185 رنز پر سمیٹ دیا۔ ارشدیپ سنگھ نے پانچویں اوور میں ول ینگ (9) اور نویں اوور میں ہنری نکولس (9) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو ابتدائی کامیابیاں دلائیں۔ 15ویں اوور میں گرنور برار نے ٹم سیفرٹ کو پویلین بھیجا۔ سیفرٹ نے 43 گیندوں میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے۔ برار نے 17ویں اوور میں ٹام لیتھم (3) کو اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر آؤٹ کیا، جبکہ ڈیرل مچل (28) 27ویں اوور کی پہلی گیند پر رن آؤٹ ہوئے۔
انشول کمبوج نے 27ویں اوور میں کپتان مچل سینٹنر (4) کو بولڈ کیا اور 29ویں اوور میں نیتھن اسمتھ (1) کو بھی آؤٹ کر دیا۔ 32ویں اوور میں ارشدیپ نے کائل جیمیسن (1) کو پویلین بھیجا۔ انہوں نے 36ویں اوور کی پہلی گیند پر گلین فلپس کو بھی اپنا شکار بنایا۔ فلپس نے 51 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 30 رنز بنائے۔ جیک ڈفی اور بلیئر ٹکنر نے آخری وکٹ کے لیے 39 رنز جوڑے۔ 41ویں اوور کی دوسری گیند پر برار نے ٹکنر کو آؤٹ کرکے نیوزی لینڈ کی اننگز 185 رنز پر ختم کر دی۔ ٹکنر نے 23 گیندوں میں ایک چوکے اور چار چھکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے۔
