دہلی میں ٹرانس جینڈر برادری کو سالانہ 10 لاکھ روپے تک کا ہیلتھ انشورنس کوور
نئی دہلی، (یواین آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی صدارت میں منگل کو منعقدہ کابینہ کی میٹنگ میں ٹرانس جینڈر برادری کے اہل مستفیدین اور ان کے اہل خانہ کو آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (پی ایم جے اے وائی) کے دائرے میں لانے کی تجویز کو منظوری دے دی گئی۔وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ اس فیصلے کے بعد دہلی کے اہل ٹرانس جینڈر خاندانوں کو ہر سال 10 لاکھ روپے تک کا ہیلتھ انشورنس کور مل سکے گا۔ اس میں مرکزی حکومت کی جانب سے پانچ لاکھ روپے اور دہلی حکومت کی طرف سے پانچ لاکھ روپے کا اضافی کور دیا جائے گا۔ حکومت کا عزم ہے کہ معاشرے کا کوئی بھی طبقہ معاشی یا سماجی حالات کی وجہ سے بہتر صحت کی سہولتوں سے محروم نہ رہے۔ ٹرانس جینڈر برادری کو آیوشمان بھارت یوجنا سے جوڑنے کا فیصلہ اسی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ اس کا مقصد سنگین بیماریوں کے علاج اور اسپتال میں داخلے پر ہونے والے بھاری اخراجات سے برادری کے لوگوں کو راحت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام شہریوں کو بغیر کسی امتیاز کے باوقار اور بہتر صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اسکیم کے تحت اہل مستفیدین ملک بھر میں آیوشمان بھارت سے منسلک اسپتالوں میں 27 طبی شعبہ ہائے تخصص کے تحت 1,961 علاج کے پیکیج اور طبی طریقہ کار سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ان میں اسپتال میں داخل ہو کر کرائے جانے والے علاج اور سنگین بیماریوں کے علاج شامل ہوں گے۔ مستفیدین کو فہرست میں شامل اسپتالوں میں کیش لیس علاج کی سہولت ملے گی۔ اس طرح ہر اہل خاندان کو سالانہ مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے تک کا ہیلتھ کور دستیاب ہوگا۔
دہلی حکومت نے اس اسکیم کے تحت راجدھانی میں تقریباً 5,656 ٹرانس جینڈر افراد کو ممکنہ مستفیدین کے طور پر نشان زد کیا ہے۔ سال 2011 کی مردم شماری میں درج 4,213 ٹرانس جینڈر افراد کی بنیاد پر سال 2026 کے لیے اس تعداد کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ مستفیدین کی شناخت محکمہ مال کی تصدیق شدہ فہرست کی بنیاد پر کی جائے گی۔ اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے متعلقہ شخص کے پاس ضلع کے ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ درست ٹرانس جینڈر شناختی سرٹیفکیٹ ہونا لازمی ہوگا۔
حکومت کے اس فیصلے سے ریاست کے بجٹ پر ہر سال تقریباً 1.19 کروڑ روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑنے کا اندازہ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سنگین بیماریوں کے علاج کے دوران مالی تنگی کی وجہ سے کسی کو بھی علاج سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ 10 لاکھ روپے کا ہیلتھ کور ٹرانس جینڈر برادری کو معاشی تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ صحت کی خدمات میں مساوات اور امتیازسلوک سے پاک علاج کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
