کمرشل سلنڈر ایک بار پھر مہنگا، دہلی میں 10 روپے کا اضافہ
نئی دہلی (یو این آئی) تہواروں سے پہلے کمرشل رسوئی گیس (ایل پی جی) سلنڈر کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے، حالانکہ گھریلو استعمال والے سلنڈروں کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔سرکاری تیل فروخت کرنے والی کمپنیوں نے اتوار سے دہلی میں 19 کلو گرام والے تجارتی ایل پی جی سلنڈر کی قیمت بڑھا کر 2,820 روپے کر دی ہے۔ اکتوبر میں اس کی قیمت 2,810 روپے تھی۔ اس طرح دہلی میں اس کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ دیگر شہروں میں بھی ٹیکس اور نقل و حمل کے اخراجات کی بنیاد پر معمولی فرق کے ساتھ تقریباً اتنا ہی اضافہ کیا گیا ہے۔
اس سال اگست کے بعد یہ مسلسل تیسرا موقع ہے جب تجارتی رسوئی گیس مہنگی ہوئی ہے۔ تین بار میں دہلی میں اس کی قیمت فی سلنڈر 82 روپے بڑھ چکی ہے۔ گزشتہ 28 فروری کو مغربی ایشیا کے بحران کے آغاز کے بعد سے ہی تجارتی رسوئی گیس سلنڈر کی قیمتیں مسلسل بلند سطح پر برقرار ہیں۔ مغربی ایشیا کے بحران سے پہلے کی قیمت کے مقابلے میں دہلی میں اس کی موجودہ قیمت 1,079.50 روپے زیادہ ہے۔دوسری جانب گھریلو استعمال والے 14.2 کلو گرام کے سلنڈر کی قیمت میں گزشتہ 7 جون کے بعد سے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ دہلی میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 942 روپے اور کولکاتا میں 968 روپے ہے۔ ممبئی میں اس کی قیمت 941.50 روپے اور چنئی میں 957.50 روپے ہے۔
