Featured

کرناٹک، کیرالَم، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور ہریانہ کے یوم تاسیس پر مودی کی مبارک باد

نئی دہلی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو یومِ تاسیس منا رہی 5 ریاستوں کرناٹک، کیرالَم، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور ہریانہ کی منفرد ثقافتی روایات اور سماجی و اقتصادی شعبوں میں ان کی ترقی کو یاد کرتے ہوئے ان ریاستوں کے لوگوں کی خوشی اور خوشحالی کی خواہش ظاہر کی۔مدھیہ پردیش، کرناٹک اور کیرالہ کی تشکیل آج ہی کی تاریخ یعنی 1956 میں ہوئی تھی۔ ہریانہ کا قیام 1966 میں اور چھتیس گڑھ کی تشکیل 2001 میں ہوئی تھی۔ کرناٹک میں آج کا دن ‘کنڑ راجیوتسو’ اور کیرالَم میں ‘کیرلپّراوی’ کے طور پر منایا جاتا ہے۔کنڑ راجیوتسو کے موقع پر کرناٹک کے لوگوں کو مبارک باد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کرناٹک کو شاندار روایات، نمایاں کامیابیوں اور بے پناہ امکانات کی سرزمین قرار دیا۔ مسٹر مودی نے کہا کہ کرناٹک کے شاندار ورثے اور قدیم روایات نے ہمارے ملک کے ثقافتی تانے بانے کو مزید مالا مال کیا ہے۔

انہوں نے کہا، ”کرناٹک کے لوگوں نے اپنی سخت محنت، کاروباری صلاحیت اور غیر معمولی مہارت کے ذریعے، خاص طور پر مستقبل سے وابستہ شعبوں میں، اپنی ایک الگ پہچان بنائی ہے۔ اطلاعاتی ٹیکنالوجی، حیاتیاتی ٹیکنالوجی اور ہوابازی سے لے کر مصنوعی ذہانت، جدید مینوفیکچرنگ اور نئے کاروباری اداروں تک، کرناٹک کے لوگوں نے بار بار اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ آج دنیا کو درپیش سنگین چیلنجوں کا حل تلاش کرنے میں سب سے آگے ہیں۔”

کیرالَم کی ثقافت اور قدرتی خوب صورتی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ریاست کے ہر فرد کے لیے نئے مواقع، زیادہ خوشحالی اور مسلسل ترقی کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ اس ریاست کی سب سے بڑی طاقت یہاں کے لوگ ہیں۔ ان کی لگن اور بہترین کارکردگی کے تئیں ان کے عزم نے نہ صرف ہندوستان بلکہ بیرون ملک بھی لوگوں کے دل جیتے ہیں۔ صحت، تعلیم، کاروبار، سائنس اور کئی دیگر شعبوں میں کیرالہ کے لوگوں کی کامیابیوں نے پورے ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔